پاکستان کتنی عظیم نعمت ۔قدر کریں!۔
شیخ الاسلام حضرت مفتی محمد تقی عثمانی مدظلہم کے ایک اہم خطاب سے انتخاب
پاکستان کا ابتدائی تصور کہ مسلمانوں کی الگ ریاست ہو۔عام طور سے کہا جاتا ہے کہ علامہ اقبال نے پیش کیا تھالیکن حقیقت یہ ہے کہ حکیم الامت مولانا اشرف علی تھانوی صاحب رحمہ اللہ نےمسلمانوں کیلئے ایک الگ ریاست کا تصورسب سے پہلے پیش کیا تھا۔
جس وقت پاکستان بن رہا تھا تو اُس وقت بچے بچے کی زبان پر یہ نعرے تھے: ’’پاکستان کا مطلب کیا لا الٰہ الا اللہ‘‘ اُس وقت کو دیکھنے والے اب معدودے چند ہی رہ گئے ہوں گے لیکن ہمیں اپنے بچپن کی وہ یادیں آج تک نہیں بھولتیں جب ہم اپنی تتلائی ہوئی زبان میں بھی یہ نعرے لگایا کرتے تھے کہ:۔
بٹ کے رہے گا ہندوستان، بن کے رہے گا پاکستان
سینے پہ گولی کھائیں گے، پاکستان بنائیں گے
یہ نعرے بچے بچے کی زبان پر تھے، اللہ تبارک و تعالیٰ نے اِن نعروں کو بھی قبولیت کا شرف عطا فرمایا اور چودہ اگست کو رمضان کی ستائیسویں شب میں یہ مملکت وجود میں آئی اور وہ جمعۃ الوداع بھی تھا۔ سارے ملک قومیتوں اور زبانوں کی بنیاد پر بنتے ہیں لیکن اِس موجودہ ماحول میں پاکستان وہ پہلا ملک ہے جس کی نظیر اور کہیں نہیں ملے گی کہ جو صرف اسلام کی بنیاد پر وجود میں آیا ہے۔
اللہ تبارک و تعالیٰ نے اس ملک کی بدولت ہمیں بہت کچھ دیا ہے۔ اللہ تبارک و تعالیٰ کے فضل و کرم سے اس ملک کے وسائل ایسے ہیں کہ شاذ و نادر ہی کسی ملک کو ایسے وسائل مہیا ہوتے ہیں۔ یہاں صحرا بھی ہیں، پہاڑ بھی ہیں، دریا بھی ہیں، سبزہ زار بھی ہیں، یہاں کھیت بھی ہیں، اللہ تبارک و تعالیٰ نے بہت کچھ عطا فرمایا ہے۔ بہت سے ملکوں کے اندر یہ وسائل مہیا نہیں ہوتے جو اللہ تبارک و تعالیٰ نے ہمیں عطا فرمائے ہیں۔
شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب کے ملفوظات اور تعلیمات پڑھنے کے لئے یہ لنک وزٹ کریں:۔
https://kitabfarosh.com/category/kitabfarsoh-blogs/mufti-taqi-usmani-words/