نماز سیکھ کر ادا کریں
نماز کی ادائیگی سے پہلے درج ذیل باتوں کا یاد رکھنا ضروری ہے تاکہ ہماری نمازیں درست ادا ہوسکیں۔
۔۔۔ اچھی طرح اطمینان کرلیں کہ آپ کا رُخ قبلے کی طرف ہے۔
۔۔۔ سیدھے کھڑے ہوں ۔ نظر سجدے کی جگہ پر ہو۔ گردن کو جھکا کر ٹھوڑی یا سینے سے لگا لینا مکروہ ہے۔ سینے کو جھکانا درست نہیں ، تن کر کھڑا ہونا بھی بے ادبی ہے ۔ بس معتدل حالت میںسیدھے کھڑے ہوںاورگردن جھکائے بنا نظر سجدے کی جگہ پر رکھیں۔
۔۔۔ پائوں اور اُنگلیوں کا رُخ بھی قبلے کی جانب ہونا چاہئے۔ پائوں ترچھے رکھنا خلاف ِ سنت ہے ۔ دونوں پائوں قبلہ رخ ہونے چاہئیں۔
۔۔۔ دونوں پیروں کے درمیان کم از کم چار انگل کا فاصلہ ہونا چاہئے۔
۔۔۔باجماعت نماز میں صف سیدھی رکھنے کا خوب اہتمام کریں۔ اس کا آسان طریقہ یہ ہے کہ ہر شخص اپنی دونوں ایڑیوں کو صف کے آخری کنارے پر رکھ لے۔
۔۔۔ با جماعت نماز میں آپ کے بازو دائیں بائیں کھڑے ہونے والوں کے بازوئوں کے ساتھ ملے ہونے چاہئیں، درمیان میں ذرا سی بھی جگہ نہ ہو۔
۔۔۔ شلوار یا پاجامے کو ٹخنے سے نیچے لٹکانا ویسے بھی ہر حالت میں ناجائز ہے۔ نماز میں اس کا گناہ اور بڑھ جاتا ہے لہٰذا اس کا اطمینان کرلیں کہ پاجامہ ٹخنے سے اُوپر ہے۔
۔۔۔ہاتھ کی آستینیں پوری طرح ڈھکی ہوئی ہوں۔ صرف ہاتھ باہر رہیں ، آستینیں چڑھا کر نماز پڑھنا درست نہیں۔ ۔۔۔ ایسے کپڑے پہن کر نماز میں کھڑے ہونا مکروہ ہے جنہیں پہن کر انسان لوگوں کے سامنے جانے میں شرم محسوس کرتا ہو۔
۔(ماخوذ از ’’نمازیں سنت کے مطابق پڑھئے‘‘ مؤلفہ حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب مدظلہ)۔
شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب کے ملفوظات اور تعلیمات پڑھنے کے لئے یہ لنک وزٹ کریں:۔
https://kitabfarosh.com/category/kitabfarsoh-blogs/mufti-taqi-usmani-words/

