ہر شعبہ کے لیے بہترین نمونہ
اگر تم باپ ہو تو یہ دیکھو کہ فاطمہ کے والد حضور صلی اللہ علیہ وسلم کیا کرتے تھے؟ اگر تم شوہر ہو تو یہ دیکھو کہ عائشہ خدیجہ رضی اللہ عنہن کے شوہر حضور صلی اللہ علیہ وسلم کیا کرتے تھے؟ اگر تم حاکم ہو تو یہ دیکھو کہ مدنیہ منورہ کے حاکم حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے کس طرح حکومت کی؟
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے تجارت بھی کی‘ زراعت بھی کی‘ مزدوری بھی کی‘ سیاست بھی کی‘ معیشت بھی کی۔ زندگی کا کوئی شعبہ نہیں چھوڑا جس میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات نمونہ کے طور پر موجود نہ ہو۔ پس تم ان کو دیکھو اور پیروی کرو۔ اسی مقصد کے لیے ہم نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو بھیجا ہے۔ اس لیے نہیں بھیجا کہ آپ کا یوم پیدائش منایا جائے۔
آج ہم بھی ایک کام کا عہد کریں کہ ہم اس بات کا جائزہ لیں کہ ہم حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی کونسی سنت پر عمل کر رہے ہیں اور کونسی سنت پر عمل نہیں کر رہے ہیں۔ اور کونسی سنت ایسی ہے جس پر ہم فوراً عمل شروع کر سکتے ہیں اور کونسی سنت ایسی ہے جس میں تھوڑی سی توجہ کی ضرورت ہے۔ لہٰذا جو سنت ایسی ہے جس پر ہم فوراً عمل شروع کر سکتے ہیں‘ وہ آج سے شروع کر دیں اور اس کا اہتمام کریں۔
اگر چھوٹے چھوٹے کام سنت کا لحاظ کرتے ہوئے کر لئے جائیں بس اللہ تعالیٰ کی محبوبیت حاصل ہونے لگے گی۔ اور جب سراپا اتباع بن جائو گے تو کامل محبوب ہو جائو گے۔ دنیا کا کوئی کام ایسا نہیں ہے کہ جس میں اتباع سنت کی نیت نہ کر سکتے ہوں۔ آپ کی سنتوں پر کتاب چھپی ہوئی ہے۔ اسوہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم وہ سامنے رکھ لیں۔ ایک ایک سنت دیکھتے جائیں اور اپنی زندگی میں داخل کرتے جائیں ان شاء اللہ ان سنتوں سے مبارک نور حاصل ہوتا ہے۔
پھر تمہارا ہر دن سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا دن ہوگا۔ اور ہر لمحہ سیرۃ النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا لمحہ ہوگا۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اتباع سنت کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین!۔
شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب کے ملفوظات اور تعلیمات پڑھنے کے لئے یہ لنک وزٹ کریں:۔
https://readngrow.online/category/mufti-taqi-usmani-words/