ایک ہی ماہ کے لئے متقی بن جاؤ
ارشاد فرمایا کہ ایک بات کہتا ہوں۔ اگرچہ میرے منہ سے اچھی نہیں معلوم ہوتی ، اس لئے کہ ہم کو تو یہی کہنا چاہئے کہ دائمی تقویٰ اختیار کرو لیکن کیا کیا جائے، لوگوں کو دیکھا جاتا ہے کہ بہت سی بلاؤں میں مبتلا ہیں(ان کی حالت کو دیکھ کر کہنا پڑ رہا ہے کہ )اگر آپ سے دائمی تقویٰ نہ ہوسکے تو صرف رمضان ہی میں تقویٰ اختیار کر لو ۔ رمضان کے بعد تم کو اختیار ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ باقی گیارہ مہینے تقویٰ نہ اختیار کرو بلکہ مطلب یہ ہے کہ نفس سے ایک ماہ کے لئے صلح کر لو اور ایک ماہ کے لئے تقویٰ اختیار کرنے پر اس کو راضی کرلو اور یہ کہو کہ اے نفس ! ایک ماہ کے لئے متقی بن جاؤ ۔ ایک مہینہ کے بعد پھر آزادی ہے اور جب یہ مہینہ گذر جائے تو ایک ماہ کے لئے اور صلح کرلو۔ نفس کی خاصیت بچہ کی سی ہے کہ بچہ بہلانے سے بہل جاتا ہے ۔ پس تم بھی نفس سے کہہ دو کہ عید کے دن تک تو متقی ہوجا ، بعد میں تجھ کو اختیار ہے۔
اگر کوئی یہ کہے کہ عید تک متقی ہونے سے کیا نفع ؟ تقویٰ تو جب ہی کار آمد ہے جب کہ مرتے دم تک ہو تو صاحبو! اس میں بھی ایک فائدہ ہے۔ وہ یہ کہ یہ ایک تدبیر ہے دائمی تقویٰ حاصل کرنے کی اور وجہ اس کی یہ ہے کہ نفس جو تقویٰ کی طرف مائل اور معصیت سے نفرت نہیںکرتا اس کی وجہ یہ ہے کہ تقویٰ کی لذت اور معصیت کی کدورت سے واقف نہیں۔ اس کو یہ خبر ہی نہیں کہ تقویٰ کے اندر کیا لذت اور نور ہے اور معصیت کے اندر کیا کدورت اور ظلمت ہے اور اس کی وجہ یہ کہ نفس چونکہ ہمیشہ معصیت ہی میں رہا ہے اس لئے تقویٰ کے نور کی اس کو خبر نہیں اور جب نورِ تقویٰ کی خبر نہیں تو معصیت کی ظلمت کا احساس بھی نہیں ۔ پس ضرورت اس کی ہے کہ اس کو اس نور اور ظلمت یا یوں کہو کہ اس کو لذت و کدورت سے واقف کرایا جائے ۔ جب اس کو تقویٰ کی لذت حاصل ہوگی تو معصیت میں کدورت محسوس ہوگی ۔ پس لامحالہ تقویٰ کی حرص اور معصیت سے نفرت پیدا ہوگی ۔ جب پورے رمضان المبارک میں متقی رہو گے تو کچھ تو احساس ہوگا ۔ نفس سے صلح کی جب میعاد ختم ہوجائے گی تو شوال میں نفس تقویٰ کی لذت و حلاوت اور اس نور کو یاد کرے گا اور اس وقت اس کو ولولہ اور شوق ہوگا ، طلب ہوگی ، تقویٰ کا نور اپنی طرف کھینچے گا اور گناہوں کی کدورت سے اس کو روکے گا ۔ پس اس طرح وہ رفتہ رفتہ متقی بن جائے گا ۔ اب سمجھ میں آگیا ہوگا کہ رمضان میں متقی بن جانے سے کس طرح دائمی( یعنی ہمیشہ کے لئے ) متقی بن جاؤ گے۔ (احکام رمضان المبارک ،صفحہ ۳۷)۔
حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانوی رحمہ اللہ تعالیٰ کے ہزاروں قیمتی ملفوظات نایاب موتی ہماری ویب سائٹ
https://readngrow.online/
پر موجود ہیں ۔ خود بھی پڑھئے اور دوسروں کو بھی ترغیب دیجئے ۔ یہ اآپکے لئے صدقہ جاریہ ہوگا ۔

