تین کام کرو
دیکھو! انسان کا کام تین چیزیں ہیں۔۔۔ ایک تو یہ کہ وہ اپنی طرف سے عزم کرلے اور پکا ارادہ کرلے کہ یاا للہ میں آپ کی اطاعت کروں گا۔۔۔دین کے شعبے میں اللہ تعالیٰ کی حکم کی پیروی کروں گا اور اس کے حکم کے مطابق زندگی گزاروں گا، گناہ کے پاس نہیں جائوں گا۔۔۔ واجبات اور فرائض صحیح طریقے سے ادا کروں گا۔۔۔ گناہ سے بچنے کی اور فرائض و واجبات ادا کرنے کی کوشش کروں گا۔۔۔دوسرے یہ کہ جتنا تمہارے بس میں ہے وہ کوشش کرلویہی دو کام کرنے کے بعد پھر ہم کو پکارو کہ
یا اللہ! میرے بس میں یہ تھا کہ میں عزم کرلیتا ، تو میں نے عزم کرلیا۔۔۔ میرے بس میں تھا کہ میں اتنی کوشش کرلیتا۔۔۔ تو میں نے اتنی کوشش کرلی۔۔۔اب آپ کو میں پکارتا ہوں کہ آپ اپنے فضل و کرم سے صراط مستقیم پرچلنے کی توفیق دے دیجئے ۔۔۔یہ تین کام آدمی کرلے تو بس کامیاب ہے۔۔۔ پہلا عزم و ارادہ اور دوسری اپنی طرف سے کوشش اور تیسرا عزم کرکے اللہ تعالیٰ سے دعا مانگنا۔
