گناہ کو معمولی سمجھنا سخت غلطی ہے
بنی اسرائیل کا واقعہ ہے کہ ایک بزرگ تھے، اپنی بستی سے باہر نکلے تو پہاڑوں کو دیکھا جن پر سبزہ نہیں تھا۔ وہ پہاڑ ایسے تھے کہ کوئی سبزے کا نام و نشان نہیں تھا۔ تو دل میں خیال آیا کہ یا اللہ اگر یہاں سبزہ ہوتا، آبشاریں ہوتیں، بہاریں ہوتیں، کتنا اچھا لگتا (جو بڑے ہوتے ہیں اور قریبی ہوتے ہیں چھوٹی چھوٹی باتوں پر بھی ان کی پکڑ ہو جاتی ہے) اب ان کی طرف اللہ تعالیٰ کی طرف سے پیغام آیا، الہام دل میں ڈالا گیا کہ میرے بندے تو نے بندگی چھوڑ دی، اب تومیرا مشیر بن گیا ہے، مجھے مشورے دیتا ہے، میری تخلیق میں تجھے عیب نظر آیا؟ ان کو تب احساس ہوا کہ اوہو! مجھے تو ایسا نہیں کرنا چاہئے تھا۔ چنانچہ بڑے نادم اور شرمندہ ہوئے۔ انہوں نے اپنے نفس کو سزا دینے کی نیت کر لی کہ جب تک اللہ تعالیٰ کی طرف سے مجھے معافی کی واضح کیفیت معلوم نہیں ہو جائے گی، میں کھانا نہیں کھائوں گا۔ ایسی پابندی اپنے نفس کو سزا دینے کے لئے بندہ لگا سکتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کی شان کہ وہ کسی بستی میں گئے، بستی والوں کی تقریب تھی، کھانے پکے ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا: کھانا کھا لیجئے۔ بزرگوں نے کہا: نہیں کھانا۔ پوچھا: کیوں نہیں کھانا۔ انہوں نے بتایا کہ مجھ سے یہ کوتاہی ہو گئی۔ کہنے لگے: یہ کونسی بات ہے؟ اس غلطی کی سزا ہم بھگت لیں گے آپ کھانا کھا لیجئے۔ جیسے ہی بستی والوں نے یہ کہا، اللہ تعالیٰ نے ان کے دل میں الہام ڈالا کہ میرے پیارے! اس بستی سے فوراً نکل جایئے، میں اس بستی کو عذاب دینا چاہتا ہوں۔ کیونکہ انہوں نے میرے عذاب کو ہلکا سمجھا کہ اس کی سزا ہم مل کر بانٹ لیں گے۔ اس بات پر بستی والوں کو سزا ملی، انہیں زمین میں دھنسا دیا گیا۔ اللہ تعالیٰ کو جلال آیا، میرے عذاب کو کیوں چھوٹا سمجھا؟ تو یہ جو ہوتا ہے نا گناہ کو چھوٹا سمجھنا کہ جی بات ہی کوئی نہیں، یہ بڑی خطرناک بات ہے۔ جیسے کچھ لوگ جھوٹ بولتے ہیں اور کہتے ہیں کہ اس کے بغیر کام ہی نہیں چلتا۔ یہ تو گناہ کو معمولی سمجھنا ہے۔ اسی طرح اور کئی گناہ ہیں۔ کسی کی نظر قابو میں نہیں، کسی کی زبان قابو میں نہیں۔ سیگریٹ پینے والے کو جب بتایا جائے کہ بھئی یہ چیز اچھی نہیں، تو آگے سے کہتا ہے۔ اوجی! میں سیگریٹ ہی پیتا ہوں، ہیروئن تو نہیں پیتا۔ اب وہ اس کو چھوٹی سی چیز سمجھ رہا ہے۔ یہ جو گناہ کو چھوٹا سمجھنا ہے اسی وجہ سے گناہ بڑا بن جایا کرتا ہے۔(ج 26ص104)
اگرآپ کو یہ واقعہ پسند آیا ہے تو اسکو شئیر ضرور کریں اور اس طرح کے دیگر اسلامی واقعات اور اولیاء اللہ کے حالات و تذکرے آپ ہمارے ویب سائٹ
https://readngrow.online
پر بالکل مفت میں پڑھ سکتے ہیں ۔
تمام اسلامی مواد اور دیگر کیٹگریز کو دیکھنے کے لئے یہ لنک وزٹ کریں
https://readngrow.online/readngrow-categories/
نیز ہم اس ویب سائٹ کی مفید چیزوں کو اس واٹس ایپ چینل پر بھی شئیر کرتے رہتے ہیں ۔
https://whatsapp.com/channel/0029VaviXiKHFxP7rGt5kU1H
یہ چینل فالو کرلیں ۔

