گھر والوں سے حسن سلوک
شیخ الاسلام مولانا مفتی محمد تقی عثمانی مدظلہ فرماتے ہیں
حضرت ڈاکٹر محمد عبدالحئی عارفی صاحب قدس سرہ نے ’’ادائے حقوق‘‘ کا جیسا اہتمام کرکے دکھایا ۔۔۔۔ وہ اپنی مثال آپ ہی ہے۔۔۔۔ اس بات کو شاید کوئی مبالغہ سمجھے ۔۔۔۔ لیکن یہ حقیقت ہے کہ حضرت والا نے تمام عمر کبھی اپنی اہلیہ محترمہ سے نہ صرف یہ کہ کبھی لہجہ بدل کر بات نہیں کی ۔۔۔۔ بلکہ کبھی یہ بھی نہیں فرمایا کہ ’’فلاں کام کردو‘‘ وہ خود اپنی خوشی سے حضرت کی خدمت فرماتی تھیں ۔۔۔۔ لیکن حضرت نے کبھی ان سے پانی پلانے کے لیے بھی نہیں کہا‘ یہ بات خود حضرت نے بھی ہماری تربیت کی خاطر ارشاد فرمائی تھی اور حضرت کی اہلیہ محترمہ نے احقر کی بیوی سے بھی اس کا کئی بار ذکر فرمایا۔
اندازہ فرمایئے کہ تقریباً ساٹھ سالہ رفاقت ہے ۔۔۔۔ اور رفاقت بھی وہ ازدواجی رفاقت جس میں سرد و گرم حالات دنیا میں سب سے زیادہ پیش آتے ہیں ۔۔۔۔ ناگوار امور بھی خواہی نخواہی سامنے آتے رہتے ہیں ۔۔۔۔ لیکن اس طویل مدت میں غصہ کے اظہار کے تو کیا معنی کبھی بدلے ہوئے لہجے سے بھی خطاب نہیں فرمایا۔۔۔۔ پھر عموماً شوہر اپنا حق سمجھتے ہیں کہ بیوی سے اپنا کام لیں ۔۔۔۔ لیکن حضرت رحمۃ اللہ علیہ نے تمام عمر کبھی کوئی چیز اٹھانے یا رکھنے تک میں ازخود انہیں کوئی کام کرنے کے لیے نہیں فرمایا ۔۔۔۔ اللہ اکبر! لوگ ہوا میں اڑنے اور پانی پر چلنے کو کرامت سمجھتے ہیں ۔۔۔۔ لیکن اس جیتی جاگتی زندگی میں اس سے بڑی کرامت کیا ہوگی؟ یہ کام صرف وہ شخص انجام دے سکتا ہے جس نے اپنی ذات کو بالکل فنا کرکے اسے شریعت و سنت پر قربان کردیا ہو ۔۔۔۔ حدیث میں حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے:۔
ترجمہ
’’تم میں بہترین لوگ وہ ہیں جو اپنی عورتوں کے لیے بہتر ہوں اور میں اپنی عورتوں کے لیے تم میں سب سے بہتر ہوں۔‘‘
اس سنت عظیمہ پر عمل کا یہ انداز جو حضرت والا نے اختیار فرمایا ۔۔۔۔ وہ آپ سے پہلے نہ کبھی دیکھا ۔۔۔۔ نہ سنا ۔۔۔۔ اور اگر خود حضرت والا رحمۃ اللہ علیہ اور آپ کی اہلیہ محترمہ سے براہ راست یہ بات نہ سنی ہوتی تو اس دور میں اس کا تصور بھی مشکل تھا۔(ارشادات اکابر)
اگرآپ کو یہ واقعہ پسند آیا ہے تو اسکو شئیر ضرور کریں اور اس طرح کے دیگر اسلامی واقعات اور اولیاء اللہ کے حالات و تذکرے آپ ہمارے ویب سائٹ
https://readngrow.online
پر بالکل مفت میں پڑھ سکتے ہیں ۔
تمام اسلامی مواد اور دیگر کیٹگریز کو دیکھنے کے لئے یہ لنک وزٹ کریں
https://readngrow.online/readngrow-categories/
نیز ہم اس ویب سائٹ کی مفید چیزوں کو اس واٹس ایپ چینل پر بھی شئیر کرتے رہتے ہیں ۔
https://whatsapp.com/channel/0029VaviXiKHFxP7rGt5kU1H
یہ چینل فالو کرلیں ۔

