قیصر روم کا اکلوتا بیٹا
حضرت خواجہ حسن بصری ؒ کا پیشہ جواہرات کی تجار ت تھا۔ ایک مرتبہ کا ذکر ہے کہ آپ تجارت کی غرض سے روم تشریف لے گئے۔ آپ کی ملاقات وہاں ایک وزیر کے ساتھ ہو گئی۔ دوران گفتگو وزیر نے آپ سے کہا کہ ہم آج ایک جگہ پر جا رہے ہیں۔ اگر آپ بھی ہمارے ساتھ چلیں تو اچھا ہے۔
حضرت حسن بصریؒ نے اس بات پر رضا مندی کا اظہار فرمایا اور وزیر کے ساتھ جنگل کی طرف تشریف لے گئے۔ جنگل میں پہنچ کر آپ نے دیکھا کہ ایک انتہائی خوبصورت اور بیش قیمت خیمہ لگا ہوا ہے اور ایک بہت بڑا لشکر خیمے کا طواف کر رہا ہے۔ جب لشکر نے خیمے کا طواف کر لیا تو پھر حکیموں اور فلاسفروں کے ایک بہت بڑے گروپ نے خیمے کا طواف کرنا شروع کر دیا۔ اس کے بعد بے شمار حسین و خوبصورت عورتیں بیش قیمت لباس پہنے اور قیمتی زر و جواہرات کے تھال اٹھائے خیمے کے طواف میں مصروف ہو گئیں۔ جب ان کا طواف ختم ہوا تو پھر بادشاہ اور وزیر اس خیمہ کے اندر چلے گئے اور تھوڑی دیر تک اندر ٹھہرنے کے بعد باہر نکل آئے۔
حضرت حسن بصریؒ یہ سارا منظر بڑی حیرت اور انہماک کے ساتھ دیکھ رہے تھے۔ آپ کافی دیر تک سوچتے رہے کہ یہ معاملہ کیا ہے مگر آپ کی سمجھ میں جب کچھ نہ آیا تو وزیر سے اس کے بارے میں پوچھا ۔ وزیر کہنے لگا کہ کئی سال گزرے، قیصر روم کا ایک انتہائی خوبصورت نوجوان اکلوتا بیٹا انتقال کر گیا۔ اس خیمہ کے اندر اس کی قبر موجود ہے۔ اس کی وفات والے دن ہر سال کے بعد ہم لوگ اس شان و شوکت کے ساتھ آتے ہیں اور یہ سب کچھ کرتے ہیں۔ اس سے ہمارا مقصد یہ ہوتا ہے کہ ہم مرنے والے کو یہ باور کرا دیں کہ اگر تجھے زندہ کرنے کی کوئی بھی کوشش کارگر ثابت ہو سکتی تو ہم ضرور ایسا کر گزرتے۔ ہم تمہیں زندہ کرنے کے لئے اپنی تمام فوج، حکیم، فلاسفر، مال و دولت حتیٰ کہ سب کچھ تجھ پر نچھاور کر دیتے۔ اگر ہم جانتے کہ اس طرح کوشش کرنے سے تو زندہ ہو جائے گا۔ مگر افسوس کہ تیرا معاملہ تو ایسی عظمت والی ذات اقدس کے ساتھ ہے جس کے مقابلہ میں تیرا باپ تو کیا، ساری کائنات کی طاقت و قوت بھی بالکل کچھ نہیں کر سکتی۔
بس اسی سے حضرت حسن بصری کے دل میں اللہ تعالیٰ کی ایسی عظمت بیٹھی کہ آپ نے بصرہ واپس آ کر تمام مال صدقہ کر دیا اور عبادت و ریاضت میں مشغول ہو کر اللہ کے ہو رہے۔(مثالی بچپن)
اگرآپ کو یہ واقعہ پسند آیا ہے تو اسکو شئیر ضرور کریں اور اس طرح کے دیگر اسلامی واقعات اور اولیاء اللہ کے حالات و تذکرے آپ ہمارے ویب سائٹ
https://readngrow.online
پر بالکل مفت میں پڑھ سکتے ہیں ۔
تمام اسلامی مواد اور دیگر کیٹگریز کو دیکھنے کے لئے یہ لنک وزٹ کریں
https://readngrow.online/readngrow-categories/
نیز ہم اس ویب سائٹ کی مفید چیزوں کو اس واٹس ایپ چینل پر بھی شئیر کرتے رہتے ہیں ۔
https://whatsapp.com/channel/0029VaviXiKHFxP7rGt5kU1H
یہ چینل فالو کرلیں ۔

