حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی شفقت و دلجوئی کا عجیب واقعہ
غزوۂ حنین کے موقع پر ایک عجیب افراتفری مچی ہوئی تھی‘ لوگوں کا اژدھام اور بھیڑ بہت زیادہ تھی۔ایک صحابی پیر میں موٹا جوتا پہنے ہوئے تھے‘ اتفاق ایسا ہوا کہ ان کا پیر جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے قدم مبارک پر پڑا اور اس سے آپ کا پیر مبارک روندا گیا۔ جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے دست مبارک میں ایک کوڑا تھا۔ آپ نے اس کوڑے کے کنارے سے ان کو مارا‘ اور فرمایا: ’’اَوْجَعْتَنِیْ‘‘ ’’تم نے مجھے تکلیف دی ہے۔‘‘ وہ صحابی فرماتے ہیں: میں نے رات کس طرح گزاری: ’’فَبِتُّ بِلَیْلَۃٍ کَمَا یَعْلَمُ اللّٰہُ‘‘ صبح ہوئی دیکھا‘ ایک شخص میرا نام لے کر آواز لگا رہا ہے کہ فلاں شخص کہاں ہے؟ میں نے عرض کیا: وہ شخص میں ہی ہوں۔ انہوں نے مجھ سے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم آپ کو بلاتے ہیں۔ میں چل دیا اور دل میں گھبراہٹ تھی کہ دیکھئے کیا انجام ہوتا ہے: ’’فَانْطَلَقْتُ وَاَنَا مُتَخَوِّفٌ‘‘ چنانچہ میں پہنچا۔ آپ نے فرمایا کہ تم نے اپنے جوتے سے میرے پیر کو روند دیا تھا اور میں نے تم کو کوڑا مارا تھا ‘ یہ اسّی (۸۰) اونٹنیاں ہیں تم اس کے عوض ان کو لے لو اور جو تکلیف تم کو پہنچی ہے اس کو درگزر کردو۔
مذکورہ واقعہ پر غور کریں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنے صحابہ پر کس قدر شفقت تھی کہ محض اس معمولی کوڑے کے مار دینے سے اس قدر آپ کو احساس ہوا اور اس کے عوض اسّی (۸۰) اونٹنیاں آپ نے ان کو دیں‘ اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم کی کس قدر دلجوئی فرمایا کرتے تھے اور ان کو خوش کرنے کی کس قدر کوشش کرتے تھے۔ ہمیں بھی یہ معاملہ اپنے اہل تعلق کے ساتھ کرنا چاہیے کہ کسی کو اگر کوئی ناگواری اور تکلیف ہم سے پہنچ جائے تو پھر اس کا دل خوش کرنے کی کوشش کی جائے۔ (ماہنامہ المحمود‘ ۱۴۱۹ہجری مطابق ۱۹۹۷ء صفحہ۱۰)
اگرآپ کو یہ واقعہ پسند آیا ہے تو اسکو شئیر ضرور کریں اور اس طرح کے دیگر اسلامی واقعات اور اولیاء اللہ کے حالات و تذکرے آپ ہمارے ویب سائٹ
https://readngrow.online
پر بالکل مفت میں پڑھ سکتے ہیں ۔
تمام اسلامی مواد اور دیگر کیٹگریز کو دیکھنے کے لئے یہ لنک وزٹ کریں
https://readngrow.online/readngrow-categories/
نیز ہم اس ویب سائٹ کی مفید چیزوں کو اس واٹس ایپ چینل پر بھی شئیر کرتے رہتے ہیں ۔
https://whatsapp.com/channel/0029VaviXiKHFxP7rGt5kU1H
یہ چینل فالو کرلیں ۔

