مفتی اعظم مولانا محمد شفیع رحمہ اللہ کی شان استغناء
شیخ الاسلام مفتی محمد تقی عثمانی صاحب مدظلہٗ فرماتے ہیںصدر ایوب خان صاحب کا زمانہ تھا اور الیکشن ہورہے تھے، اس الیکشن میں ایک بہت بڑے سرمایہ دار دولت مند بھی کھڑے ہوگئے، ان کے حلقے میں ’’لسبیلہ‘‘ بھی آگیا جہاں اس وقت ہمارا مکان تھا، حضرت والد صاحب رحمۃ اﷲ علیہ کا علاقے میں ایک اثر تھا، اس لئے ان کے دماغ میں یہ خیال آیا کہ حضرت مفتی صاحب کے پاس جاکر حمایت حاصل کی جائے۔
چنانچہ ایک دن وہ سرمایہ دار صاحب اپنے پورے لشکر کے ساتھ گھر کے دروازے پر پہنچ گئے اور گھنٹی بجائی، میں دروازے پر گیا اور ملاقات کی تو انہوں نے اپنا تعارف کراتے ہوئے بتایا کہ میں فلاں ہوں اور اس انداز سے اپنا نام بتایا کہ ان کا خیال تھا کہ میرا نام سن کر یہ اچھل پڑے گا کہ اتنا بڑا آدمی ملاقات کے لئے آیا ہے۔ میں نے نام سن کر کہا کہ فرمائیے کیا بات ہے؟ پھر اس نے دوبارہ کہا کہ میں فلاں ہوں اور مفتی صاحب سے ملنا ہے، میں نے کہا کہ یہ وقت تو مفتی صاحب سے ملنے کا نہیں ہے۔ یہ جواب سن کر اس کا چہرہ دیکھنے کے قابل تھا کہ میں کسی کے گھر پر جاؤں اور وہ یہ کہہ دے کہ یہ ملنے کا وقت نہیں ہے۔ اس نے پھر کہا کہ میں اتنی دور سے ملاقات کے لئے آیا ہوں، میں نے کہا کہ آنے سے پہلے آپ کو چاہئے تھا کہ وقت معلوم کرلیتے کہ ملاقات کے اوقات کیا ہیں۔ بہرحال! وہ بڑا سیخ پا ہوا اور کہا کہ آپ کون ہیں؟ میں نے کہا کہ میں ان کا بیٹا ہوں، اس نے کہا کہ میں مفتی صاحب سے شکایت کروں گا، آپ نے میرے ساتھ بداخلاقی کی ہے، میں نے کہا کہ جب آپ ملاقات کے لئے تشریف لائیں تو شکایت کردیجئے گا۔ چنانچہ پھر اس نے وقت لیا اور دوبارہ ملاقات کے لئے آیا۔
اس وقت اس نے آکر شکایت بھی کی کہ میں پچھلی مرتبہ آیا تھا لیکن ملاقات نہیں ہوئی، اور پھر یہ پیش کش کی کہ آپ کا دارالعلوم کہاں ہے؟ میں دارالعلوم یہ بنوا دوں گا اور وہ بنوا دوں گا۔ حضرت والد صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا کہ ہمیں کوئی ضرورت نہیں ہے، ’’الحمدللہ‘‘ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ مسلمان ایک ایک دو دو روپیہ جو چندہ دیتے ہیں، اس سے کام چل جاتا ہے اور اس میں بڑی برکت ہے، اس کے علاوہ ہمیں کوئی حاجت نہیں۔ (اصلاحی مجالس) (شمارہ ۷۸)
اگرآپ کو یہ واقعہ پسند آیا ہے تو اسکو شئیر ضرور کریں اور اس طرح کے دیگر اسلامی واقعات اور اولیاء اللہ کے حالات و تذکرے آپ ہمارے ویب سائٹ
https://readngrow.online
پر بالکل مفت میں پڑھ سکتے ہیں ۔
تمام اسلامی مواد اور دیگر کیٹگریز کو دیکھنے کے لئے یہ لنک وزٹ کریں
https://readngrow.online/readngrow-categories/
نیز ہم اس ویب سائٹ کی مفید چیزوں کو اس واٹس ایپ چینل پر بھی شئیر کرتے رہتے ہیں ۔
https://whatsapp.com/channel/0029VaviXiKHFxP7rGt5kU1H
یہ چینل فالو کرلیں ۔

