نیک اعمال کو جان بوجھ کر مشکل نہ بنائیں (41)۔
حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی مجددی تھانوی رحمہ اللہ تعالیٰ سے ایک صاحب نے پوچھا کہ تکلیف اور مصیبت کے بغیر ہمیں صبر کی فضیلت کیسے حاصل ہوگی؟ کیا ہم لوگوں کو قصداً کوئی مصیبت اور تکلیف اختیار کرنی چاہئے تاکہ ہمیں صبر کرنے کا ثواب حاصل ہوسکے؟
تو حضرت رحمہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ۔
۔”شریعت میں جتنے بھی اعمال مطلوب ہیں ۔ وہ سب دو قسم پر ہیں۔ پہلی قسم یہ ہے کہ اعمال کسی شرط کے ساتھ مشروط نہ ہوں مثلاً نماز اور روزہ وغیرہ۔ دوسری قسم کے وہ اعمال ہیں جو کسی شرط کے ساتھ مشروط ہوتے ہیں مثلاً زکوٰۃ تب تک فرض نہیں ہوتی جب تک مال مشروط موجود نہ ہو۔
پس صبر بھی اُنہی اعمال میں سے ہے ۔ یہمشروطہے مصیبت اور بلا کے ساتھ۔ جب مصیبت نہ ہو تو صبر کے لئے صرف ارادہ اور عزم کافی ہوگا کہ اگر اللہ تعالیٰ نے مجھ پر کوئی مصیبت بھیجی تو میں اللہ کی رضاء کے لئے اس پر صبر کروںگا۔ بس یہ ارادہ اور عزم ہی کافی ہے۔”(القول الجلیل)۔
پس اس ملفوظ میں ایک یہ بات بھی ظاہرہے کہ اعمال میں کوئی تکلف یا جان بوجھ کر مصیبت پیدا کرنے سے ثواب نہیں ہوتا مثلاً ایک شخص گھر کے قریب مسجد میں نماز نہ پڑھتا ہو بلکہ دور جا کر نماز پڑھتا ہو تاکہ زیادہ قدم چلنے کا ثواب ملے تو یہعمل ٹھیک نہیں کیونکہ زیادہ قدم چلنے کا ثواب مشروط ہے اس عمل کے ساتھ کہ مسجد حقیقتاًبعید ہو ۔ بہ تکلف دور کی مسجد میں جانا ثواب نہیں ہے۔ بلکہ ایسے شخص کوچاہئے کہ قریبی مسجد میں نماز پڑھے اور یہ ارادہ رکھے کہ اگر مسجد ایک ہزار قدم کے فاصلے پر بھی ہوتی تو میں اسی طرح ذوق و شوق سے چل کرجاتا۔ تو ایسے ارادہ پر ہی ثواب مل جائےگا۔
اسی طرح ایک خطا اور بھی لوگ کرتے ہیں کہ روزہ کے دوران مشقت اور محنت کو ضروری سمجھتے ہیں۔ حتیٰ کہ اکثر فارغ البال اور اہل ثروت بھی روزہ کے دوران مشقت اٹھاتے ہیں تاکہ روزہ مشکل ہوجائے اور ثواب بڑھ جائے۔ حالانکہ یہ بھی کوئی سمجھداری والا عمل نہیں ہے۔ کیونکہ کسی بھی عمل پر ثواب کا بڑھ جانا تبھی ممکن ہے جب وہ عمل حقیقتاً مشکل ہو یا اُس میں کوئی آزمائش پیش آجائے۔
کسی بھی عمل کو مصنوعی طور پر مشکل بنا کر ثواب کی امید رکھنا عبث ہے ۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو صحیح سمجھ عطا فرمائیں۔ آمین ۔ واللہ اعلم بالصواب۔
نوٹ : یہ ’’آج کی بات‘‘ ایک بہت ہی مفید سلسلہ ہے جس میں حذیفہ محمد اسحاق کی طرف سے مشاھدات،خیالات اور تجربات پر مبنی ایک تحریر ہوتی ہے ۔ یہ تحریر ہماری ویب سائٹ
https://readngrow.online/
پر مستقل شائع ہوتی ہے ۔ ہر تحریر کے عنوان کے آگے ایک نمبر نمایاں ہوتا ہے ۔ جس اسکی قسط کو ظاہر کرتا ہے کہ یہ کون سی قسط ہے ۔ پچھلی قسطیں بھی ہماری ویب سائٹ پر دستیاب ہیں ۔ اگر کوئی پیغام یا نصیحت یا تحریر آپکو پسند آتی ہے تو شئیر ضرور کریں ۔ شکریہ ۔
مزید اپڈیٹس کے لئے ہمارے واٹس ایپ چینل کو ضرور فالو کریں
https://whatsapp.com/channel/0029Vb0Aaif4o7qSPFms4g1M

