رزق میں اضافہ کرنا ہے تو یہ تین کام ضرور کریں (40)۔
آج کل ہر ملازم بندہ پریشان ہے کہ اُسکے اخراجات پورے نہیں ہوتے ۔ حالانکہ اگر دیکھا جائے تو انتہائی سوچ سمجھ کر ملازمت اختیار کی جاتی ہے ۔ مثلاً اگر کسی شخص کے گھریلو اخراجات پچاس ہزار روپیہ ماہانہ ہیں تو وہ سوچ بچار کر کے ساٹھ ہزار روپیہ ماہانہ کی ملازمت اختیار کرتا ہے۔ لیکن حیرت انگیز بات یہ ہے کہ پھر بھی وہ پیسے پورے نہیں ہوتے۔ اور دو تین ماہ کے بعد یہ شخص انتہائی پریشانی کے عالَم میں پہنچ جاتا ہے۔آخر وجہ کیا ہے؟
تو دوستو! اگر آپکے ماہانہ اخراجات پچاس ہزار روپیہ ہیں مگر پھر بھی ساٹھ ہزار روپیہ میں گزارا نہیں ہورہا تو اسکا مطلب ہے کہ رزق میں بے برکتی ہورہی ہے ۔
اور اس بے برکتی کی تین بڑی وجوہات ہیں:۔
۔۱)توبہ نہ کرنے کی نحوست
۔۲)ذریعہ معاش کو خوش نہ کرنا
۔۳)صدقہ نہ کرنا
یہ تین ایسے بڑے کام ہیں جن کے نہ ہونےسے انسان بہت امیر کبیر اور دولت مند توبن جاتا ہے مگر اُسکو برکت کبھی بھی حاصل نہیں ہوتی یعنیپوری عمر دولت کمانے کے بعد بھی وہ حرص کا شکار رہتا ہے۔
پہلی چیز ہے توبہ کرتے رہنا۔ کیونکہ ہم سے روزمرہ میں کئی گناہ ایسے ہوتے ہیں بالخصوص جو لوگ کام میں مصروف ہیں یعنی کاروبار یا ملازمت میں تو آپس کے میل جول اور معاملات میں کئی ایسے گناہ ہوتے ہیں جو ہمیں تھوڑی دیر بعد بھول جاتے ہیں مگر اُنکی نحوست ہم پر سوار رہتی ہے۔ اس لئے یہ معمول بنا لیں کہ روزانہ کم از کم ستر مرتبہ یا سو مرتبہ استغفار ضرور کریں۔ اس کے بغیر آپکا دن مکمل نہیں ہونا چاہئے۔
دوسری چیز ہے کہ جو بھی آپکاذریعہ معاش ہے یعنی جس شخص کو اللہ تعالیٰ نے آپکی روزی کا ذریعہ بنایا ہے اُسکے ساتھ خلوص اور محبت سے پیش آئیں۔ اُسکو راضی کرنے کی کوشش کریں۔ ہم سب کو اس دنیا میں اللہ تعالیٰ نے مختلف لوگوں کا محتاج بنایا ہے جیسے ملازم اپنے باس کا محتاج ہوتا ہے۔ تو اُسکو چاہئے کہ وہ اُسکو ناراض نہ کرے اور خلوص ومحبت کے ساتھ معاملات چلائے۔ اسی طرح ایک کاروباری آدمی کے رزق کا ذریعہ اُسکا گاہک ہوتا ہے تو چاہئے کہ گاہک کو خوش کریں۔ اگر اُسکو لوٹ کھسوٹ کریں یا دھوکہ دہی کریں گے تو پیسہ آجائے گا مگر برکت نہ ہوگی۔
تیسری چیز ہے کہ صدقہ مسلسل کرتے رہیں۔ کیونکہ جب آمدنی بڑھتی ہے تو لامحالہ خرچے بھی بڑھ جاتے ہیں اور خرچوں میں کوئی فضولیات اور اسراف والے اخراجات بھی شامل ہوجاتے ہیں جن کا کفارہ صدقہ سے ادا کرتے رہیں۔ اپنے مال کو پاکیزہ کرنے کے لئے مسلسل صدقہ ادا کرتے رہیں۔
جو شخص بھی ان تین چیزوں کا معمول بنا لے گا وہ اپنی دولت میں برکت خود ہی دیکھ لے گا اور اپنے رزق میں اضافہ چند ہی دن میں محسوس کرنے لگا۔ سب سے بڑی چیز سکون ہے رزق میں اضافہ کرنا ہے تو یہ تین کام ضرور کریںجو ان تین اعمال سے ضرور ملے گا ۔
نوٹ : یہ ’’آج کی بات‘‘ ایک بہت ہی مفید سلسلہ ہے جس میں حذیفہ محمد اسحاق کی طرف سے مشاھدات،خیالات اور تجربات پر مبنی ایک تحریر ہوتی ہے ۔ یہ تحریر ہماری ویب سائٹ
https://readngrow.online/
پر مستقل شائع ہوتی ہے ۔ ہر تحریر کے عنوان کے آگے ایک نمبر نمایاں ہوتا ہے ۔ جس اسکی قسط کو ظاہر کرتا ہے کہ یہ کون سی قسط ہے ۔ پچھلی قسطیں بھی ہماری ویب سائٹ پر دستیاب ہیں ۔ اگر کوئی پیغام یا نصیحت یا تحریر آپکو پسند آتی ہے تو شئیر ضرور کریں ۔ شکریہ ۔
مزید اپڈیٹس کے لئے ہمارے واٹس ایپ چینل کو ضرور فالو کریں
https://whatsapp.com/channel/0029Vb0Aaif4o7qSPFms4g1M

