کس شخص کی دُعا قبول نہیں ہوتی؟ (17)۔
قرآن و حدیث کی تعلیمات میں دُعاؤں کی اہمیت واضح ہے ۔ ہر مسلمان کو اللہ تعالیٰ سے مانگنے کا حکم دیا گیا ہے ۔ مگر اکثر لوگ بہت جلدی دُعا مانگنے سے مایوس ہوجاتے ہیں۔ ایک یا دو مرتبہ دعا مانگی اور پھر قبول نہیں ہوئی تو دعا کرنا ہی چھوڑ دی۔
گویا یہ سمجھتے ہیں کہ جیسے ہمارے ذمہ ہے دعا کرنا ویسے ہی اللہ کے ذمہ ہے قبول کرنا۔ العیاذباللہ۔
یاد رکھیں!مسلمان کے ذمہ ہے کہ اللہ سے مانگے اور مانگتا رہےاور مانگتا ہی رہے۔ پھر اگر وہ دعاصحیح وقت اور صحیح موقع کے مطابق جب ہوگی تو دعا کی قبولیت بھی ملے گی اور ثواب بھی ملے گا ۔
ورنہ ایسا شخص جو ایک یا دو مرتبہ دعا مانگنے کے بعد اس انتظار میں رہتا ہے کہ میری دعاقبول کیوں نہیں ہورہی تو پھر ایسے شخص کی دعا حقیقتاً قبول نہیں ہوتی اور رد کردی جاتی ہے۔ بلکہ حدیث شریف میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے فرمان کا مفہوم ہے:۔
۔”تم میں سے ہر شخص کی دعا قبول ہوسکتی ہے(یعنی اسکی قبولیت کے امکانات موجود ہیں)مگر جب تک کہ وہ شخص جلدی سے کام نہ لے۔ اگر وہ(ایک دومرتبہ دعا کرنے کے بعد) یہ کہنے لگ جائے کہ میں نے تو دعائیں مانگی ہیں مگر وہ قبول ہی نہیں ہوتیں تو پھر اسکی دُعا واقعی قبول نہیں ہوتی”۔
یہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت کی گئی سنن ابی دائود میں صحیح حدیث ہے۔ جس سے یہ بات معلوم ہوتی ہے کہ دعا میں جلدبازی بے ادبی ہے اور اسکا نتیجہ محرومی ہے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو باادب بنائیں اور صحیح آداب کے ساتھ کثرت سے دعائیں کرنے والا بنا دے۔ آمین ۔
عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ، أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ:” يُسْتَجَابُ لِأَحَدِكُمْ مَا لَمْ يَعْجَلْ، فَيَقُولُ: قَدْ دَعَوْتُ، فَلَمْ يُسْتَجَبْ لِي “۔
سنن أبي داود(2/ 78 ت محيي الدين عبد الحميد)۔
نوٹ : یہ ’’آج کی بات‘‘ ایک بہت ہی مفید سلسلہ ہے جس میں حذیفہ محمد اسحاق کی طرف سے مشاھدات،خیالات اور تجربات پر مبنی ایک تحریر ہوتی ہے ۔ یہ تحریر ہماری ویب سائٹ
https://readngrow.online/
پر مستقل شائع ہوتی ہے ۔ ہر تحریر کے عنوان کے آگے ایک نمبر نمایاں ہوتا ہے ۔ جس اسکی قسط کو ظاہر کرتا ہے کہ یہ کون سی قسط ہے ۔ پچھلی قسطیں بھی ہماری ویب سائٹ پر دستیاب ہیں ۔ اگر کوئی پیغام یا نصیحت یا تحریر آپکو پسند آتی ہے تو شئیر ضرور کریں ۔ شکریہ ۔
مزید اپڈیٹس کے لئے ہمارے واٹس ایپ چینل کو ضرور فالو کریں
https://whatsapp.com/channel/0029Vb0Aaif4o7qSPFms4g1M

