محبت الٰہی کے حصول کا طریقہ
ملفوظاتِ حکیم الامت مجدد الملت حضرت مولانا محمد اشرف علی تھانوی رحمۃ اللہ علیہ
ارشاد فرمایا کہ اپنے قلوب کو ٹٹولو کہ خدا تعالیٰ سے محبتِ کاملہ ہے یا نہیں؟ اگر نہیں ہے تو اس کی تحصیل کی تدبیر کرو اور تدبیر بھی میں بتلاتا ہوں لیکن یہ نہ سمجھنا کہ محبت امر غیر اختیاری ہے۔ اس کا پیدا کرنا ہمارے اختیار میں نہیں۔ پھر اس کی تدبیر کیا؟ یہ گمان غلط ہے۔ محبت گو غیر اختیاری ہومگر اس کے اسباب اختیاری ہیں جن پر ترتب محبت کا عادۃً ضروری ہے اور ایسے امور میں خدا تعالیٰ نے ہر امر کی تدبیر بتلائی ہے۔ سو وہ تدبیر یہ ہے کہ تم چند باتوں کو التزام کرلو:
۔۱۔ ایک یہ کہ تھوڑی دیر خلوت میں بیٹھ کر اللہ اللہ کرو اگر چہ پندرہ بیس منٹ ہی ہو لیکن اس نیت سے ہو کہ اس کے ذریعہ سے خدا تعالیٰ کی محبت پیدا ہو۔
۔۲. دوسرے یہ کیا کرو کہ کسی وقت تنہائی میں بیٹھ کر خدا تعالیٰ کی نعمتوں کو سوچا کرو اور پھر اپنے برتاؤ میں غور کیا کرو کہ ان انعامات پر خدا تعالیٰ کے ساتھ ہم کیا معاملہ کر رہے ہیں اور ہمارے اس معاملہ کے باوجود بھی خدا تعالیٰ ہم سے کسی طرح پیش آرہے ہیں۔
۔۳.تیسرے یہ کرو کہ جو لوگ محبانِ خدا ہیں ان سے علاقہ ( تعلق) پیدا کرلو مگر ان کے پاس آنا جانا دشوار ہو تو خط و کتابت ہی جاری رکھو لیکن اس خیال کا جاری رکھنا ضروری ہے کہ اہل اللہ کے پاس اپنے دنیا کے جھگڑے نہ لے جاؤ ، نہ دنیا پوری ہونے کی نیت سے ان سے ملو بلکہ خدا کا راستہ ان سے دریافت کرو۔ اپنے باطنی امراض کا علاج کراؤ اور ان سے دعا کراؤ۔
۔۴۔ چوتھے یہ کرو کہ خدا تعالیٰ کے احکام کی پوری پوری اطاعت کرو کیونکہ قاعدہ ہے کہ جس کا کہنا مانا جاتا ہے اس سے ضرور محبت ہو جاتی ہے۔
۔۵۔ پانچویں یہ کہ خدا تعالیٰ سے دعا کرو کہ وہ اپنی محبت عطا فرمائیں۔ یہ پانچ جز کا نسخہ ہے۔ اس کو استعمال کر کے دیکھئے۔ ان شاءاللہ بہت تھوڑے دنوں میں خدا تعالیٰ سے محبت کامل ہوجائے گی اور آپ *والذین اٰمنوا اشد حباللہ* کے پورے مصداق ہوجائیں گے۔
نوٹ:- یہ ملفوظات ڈاکٹر فیصل صاحب (خلیفہ شیخ الحدیث حضرت مولانا عبدالمتین بن حسین شاہ صاحب دامت برکاتہم العالیہ) نے انتخاب فرمائے ہیں۔ اور انکو حضرت مولانا محمد زبیر صاحب (فاضل جامعہ دارالعلوم الاسلام لاہور 2023) نے تحریر فرمایا ہے ۔
یہ ملفوظات آپ ہماری ویب سائٹ
https://readngrow.online
پر بالکل مفت میں پڑھ سکتے ہیں ۔
براہ مہربانی یہ پوسٹ اپنے واٹس ایپ اور دیگر سوشل میڈیا پر شئیر کریں ۔

