کام کرنے کا آسان طریقہ
ملفوظاتِ حکیم الامت مجدد الملت حضرت مولانا محمد اشرف علی تھانوی رحمۃ اللہ علیہ
ارشاد فرمایا کہ کام کرنا چاہئے اور اس پر آمادہ رہنا چاہئے کہ کچھ نفع ہو یا نہ ہو اور عمل بھی خواہ کبھی ہو اور کبھی نہ ہو اس کی طرف نظر ہی نہ کرے۔ کام شروع کر دے اور ایک بات کام کی اس وقت ذہن میں آئی ہے۔ وہ یہ کہ ماضی کی کوتاہی کو بھلا دینا چاہئے ۔ یہ بھی ایک بہت بڑی غلطی ہے کہ ماضی پر مستقبل کو قیاس کرتے ہیں کہ آئندہ بھی ایسی کوتاہی ہوگی ۔ اس سے ہمت ٹوٹ جاتی ہے۔ نیز اگر کام کرنے کے زمانے میں کوئی لغزش ہوجائے یا کسی نامناسب بات یا فعل کا صدور ہو جائے، اس کا بھی مراقبہ کرنے نہ بیٹھ جائے۔ بس دل سے *اللهم اغفرلی* کہہ کر آگے چلے ورنہ پھر یہ مراقبہ بھی اپنا ہی مطالعہ ہوگا۔ اُس طرف کا مشاہدہ تو پھر بھی نہ ہوا۔ ایک ضروری بات اور بھی ہے کہ کام کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ خواہ قلیل ہی کی توفیق ہو اور ہمیشہ کے لئے بھی توفیق کی امید نہ ہو تو اس کو بھی غنیمت سمجھے مثلاً یہ خیال کرے کہ آج کی دو رکعت بھی کیوں چھوڑیں۔ شاید یہی نجات کا سبب ہوجائیں سو اس طریق سے کام کرکے دیکھو۔ پھر دیکھو کیا سے کیا ہوتا ہے۔
نوٹ:- یہ ملفوظات ڈاکٹر فیصل صاحب (خلیفہ عبدالمتین شاہ صاحب دامت برکاتہم العالیہ) نے انتخاب فرمائے ہیں۔ اور انکو حضرت مولانا محمد زبیر صاحب (فاضل جامعہ دارالعلوم الاسلام لاہور 2023) نے تحریر فرمایا ہے ۔
یہ ملفوظات آپ ہماری ویب سائٹ
https://readngrow.online
پر بالکل مفت میں پڑھ سکتے ہیں ۔
براہ مہربانی یہ پوسٹ اپنے واٹس ایپ اور دیگر سوشل میڈیا پر شئیر کریں ۔

