رمضان میں مسلمانوں کی حالت

رمضان میں مسلمانوں کی حالت

ارشاد فرمایا کہ بہت سے اﷲ کے بندے تو ایسے ہیں کہ ان کے گھر رمضان آتا ہی نہیں ۔ نہ دن کو نہ رات کو یعنی نہ نماز پڑھتے ہیں اور نہ روزہ رکھتے ہیں اور بعض لوگوں کے یہاں دن کو تو آتا ہے لیکن رات کو نہیں آتا یعنی (روزہ تو رکھتے ہیں لیکن)نماز اور تراویح نہیں پڑھتے اور دن کو بھی جو آتا ہے تو صرف اتنا کہ کھانا پینا چھوڑ دیتے ہیں لیکن جس شے کو چھوڑنا زیادہ ضروری تھا یعنی معاصی(گناہ) کو نہیں چھوڑتے۔ روزہ میں معمولی کھانا تو نہیں کھایا پیا مگر مردہ مسلمان کا گوشت کھایا یعنی غیبت کی اور بہتان سننے کے لئے کان کھول دیئے۔ کھانے سے ہاتھ روکا لیکن ظلم کرنے اور تاش اور شطرنج کھیلنے اور جھوٹی دستاویزوں پر دستخط کرنے کے لئے خوب چلایا ۔ زبان کو لقموں سے نہیں چلایا لیکن مسلمانوں کو برا کہنے اور سب و شتم(گالی گلوچ کرنے)اور جھوٹی گواہی دینے سے اس کو نہیں روکا۔
اے صاحبو! یہ کیسا تقویٰ ہے اوریہ کیسی دینداری ہے ؟ غضب کی بات ہے کہ کھانا پینا جو کہ جائز ہے دن کو بھی اور رات کو بھی ، شارع نے جب اس کو ماہِ مبارک میں چھڑا دیا تو معاصی جو کسی وقت اور کسی حالت میں کسی کے لئے جائز نہیں وہ کیسے چھوڑنے کے قابل نہ ہوں گے ۔ افسوس تو اس بات کا ہے کہ روزہ کی حالت میں کھانا پینا تو ہم نے چھوڑ دیا لیکن گناہ نہ چھوڑے ۔ یہ دیکھ لیجئے کہ کتنے لوگ ایسے ہیں جنہوں نے رمضان سے پہلے کی حالت بدل دی ہو ۔ جو حالت رمضان سے پہلے تھی وہی اب بھی ہے ۔ جن لوگوں کو عورتوں، لڑکوں کو گھورنے (بدنگاہی) کی عادت تھی وہ اب بھی گھورتے ہیں ۔ جو غیبت کیا کرتے تھے ، وہ اب بھی کرتے ہیں ۔ جن کو کسی سے کینہ تھا ، وہ اب بھی ہے۔ اور جو لوگ پہلے سے پرایا حق کھا رہے تھے ، وہ اب بھی کھا رہے ہیں ۔ غرض کون سا فعل ایسا ہے کہ کسی نے اس کو رمضان کی وجہ سے چھوڑ دیا ہو۔ (احکام رمضان المبارک ،صفحہ ۱۲۶)۔

حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانوی رحمہ اللہ تعالیٰ کے ہزاروں قیمتی ملفوظات نایاب موتی ہماری ویب سائٹ
https://readngrow.online/
پر موجود ہیں ۔ خود بھی پڑھئے اور دوسروں کو بھی ترغیب دیجئے ۔ یہ اآپکے لئے صدقہ جاریہ ہوگا ۔

Most Viewed Posts

Latest Posts

سات سال سے کم عمر بچوں کو مسجد و عید گاہ میں نہ لے جانا چاہئے

Malfoozat e Hakeem Ul Ummat, Ramadhan ul Mubarak, Islami taleemat aur rohani rehnumai ka behtareen zakhira hai. Ye Ramadan Islamic Books, Hakeem ul Ummat ke Malfoozat, aur Ramadan ki Fazilat par mabni ek qeemti dastavez hai. Har Musalman ke liye must-read! ReadNGrow.Online per tafseelat dekhein aur Islami Ilm barhane ka moka haasil karein.

read more