ہماری عزت صرف اسلام میں ہے۔ایک سبق آموز واقعہ
ہماری عزت درحقیقت اسلام کو چھوڑنے میں نہیں بلکہ اسلام کو اختیار کرنے میں ہے۔ حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے فرمایا تھا:۔
۔’’اِنَّ اللّٰہَ قَد اَعَزَّنَا بِالْاِسْلَامِ‘‘ اللہ تعالیٰ نے ہمیں جو کچھ عزت دی ہے وہ اسلام کی بدولت دی ہے۔
ایک بزرگ نے سچا واقعہ سنایا جو بڑی عبرت کا واقعہ ہے۔ وہ یہ کہ ان کے ایک دوست لندن میں تھے اور کسی ملازمت کی تلاش میں تھے، ملازمت کے لیے ایک جگہ انٹرویو دینے گئے، اس وقت ان کے چہرے پر ڈاڑھی تھی جو شخص انٹرویو لے رہا تھا، اس نے کہا کہ ڈاڑھی کے ساتھ یہاں کام کرنا مشکل ہے، اس لیے یہ ڈاڑھی ختم کرنی ہوگی۔ اب یہ بڑے پریشان ہوئے کہ میں اپنی ڈاڑھی ختم کروں یا نہ کروں؟اس وقت تو وہ واپس چلے آئے اور دو تین روز تک دوسری جگہوں پر ملازمت تلاش کرتے رہے ۔دوسری ملازمت نہیں مل رہی تھی اور پریشان بھی تھے۔ آخر ڈاڑھی کٹوا دی اور اسی جگہ ملازمت کے لیے پہنچ گئے۔
جب وہاں پہنچے تو انہوں نے پوچھا کہ کیسے آنا ہوا؟ انہوں نے جواب دیا کہ آپ نے کہا تھا کہ یہ ڈاڑھی کٹوا دو تو تمہیں ملازمت مل جائے گی۔ اس نے پوچھا کہ آپ مسلمان ہیں؟ انہوں نے کہا کہ ہاں! اس نے پھر پوچھا کہ آپ اس ڈاڑھی کو ضروری سمجھتے تھے یا غیرضروری سمجھتے تھے؟جواب دیا کہ میں اس کو ضروری سمجھتا تھا، اسی وجہ سے رکھی تھی۔
اس نے کہا کہ جب آپ جانتے تھے کہ یہ اللہ کا حکم ہے اور اللہ کے حکم کے تحت ڈاڑھی رکھی تھی اور اب آپ نے صرف میرے کہنے کی وجہ سے اللہ کے حکم کو چھوڑ دیا، اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ اللہ کے وفادار نہیں ہیں اور جو شخص اپنے اللہ کا وفادار نہ ہو، وہ اپنے افسر کا بھی وفادار نہیں ہوسکتا۔ لہٰذا اب ہم آپ کو ملازمت پر رکھنے سے معذور ہیں: ’’خَسِرَ الدُّنْیَا وَالْآخِرَۃِ‘‘ ڈاڑھی بھی گئی اور ملازمت بھی نہ ملی۔ (اصلاحی خطبات، جلد۱)
شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب کے ملفوظات اور تعلیمات پڑھنے کے لئے یہ لنک وزٹ کریں:۔
https://kitabfarosh.com/category/kitabfarsoh-blogs/mufti-taqi-usmani-words/

