ہماری سب سے بڑی ضرورت ۔باہمی اتفاق
جمعیت علما ء اسلام کے صد سالہ اجتماع میں شیخ الاسلام مفتی محمد تقی عثمانی مدظلہ نے جو خطاب فرمایا اس کا خلاصہ پیش خدمت ہے:۔
اسلام اور مسلمان پوری دُنیا کے اندر طرح طرح کے مسائل سے دوچار ہیں اور خاص طور پر اس وقت ایک بہت بڑا مسئلہ یہ ہے کہ اسلام کی جو تصویر اس وقت پوری دُنیا میں پھیلائی جارہی ہے اور اسلام کو دہشت گردی سے وابستہ کیا جارہا ہے، اس کو خون ریزی کے ساتھ وابستہ کیا جارہا ہے اور اس میں خود ہمارے بعض نادان مسلمان بھائی جو اسلام ہی کا نام لے کر اس پروپیگنڈے کو اپنے عمل سے تقویت دے رہے ہیں اس کی وجہ سے اسلام کی ایک انتہائی غلط، بھیانک تصویر لوگوں کے سامنے آرہی ہے اور وہ اسلام کی دعوت میں رُکاوٹ بنی ہوئی ہے۔ دوسری طرف مختلف ملکوں میں دُشمنانِ اسلام، اسلام اور ملت اسلامیہ کو ختم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ تیسری طرف سیکولر اور لادینی طاقتیں اس فکر میں ہیں کہ کسی بھی اسلامی ملک میں شریعت کا صحیح نفاذ نہ ہوسکے۔ یہ طاقتیں نہ پاکستان میں شریعت کا نفاذ چاہتی ہیں اور نہ دُنیا کے کسی اور خطے میں شریعت کا نفاذ چاہتی ہیں۔
ان مسائل کے دور میں ہماری سب سے بڑی ضرورت یہ ہے کہ ہم آپس میں متحد ہوں، اپنے مسلکی اختلافات کو،فکری اختلافات کواورسیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ایک مقصد کے لیے جمع ہوں اور اسلام کی صحیح تصویر دُنیا کے سامنے پیش کی جائے۔
ہمارے اکابر نے الحمدللہ! اپنے عمل سے یہ بات واضح فرمائی ہے کہ دین کی خاطر متحد ہوکر، اللہ تبارک و تعالیٰ کی رضا کی خاطر کام کیا جاسکتا ہے۔چاہے ہم دین کا کوئی بھی کام کررہے ہوں۔ وہ اسی وقت بارآور ہوسکتا ہے جب وہ کام اخلاص کے ساتھ اللہ جل جلالہ کی رضا کی خاطر کیا جارہا ہو۔(البلاغ مئی 2017)
شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب کے ملفوظات اور تعلیمات پڑھنے کے لئے یہ لنک وزٹ کریں:۔
https://kitabfarosh.com/category/kitabfarsoh-blogs/mufti-taqi-usmani-words/

