ذوالحجہ کے 4 اعمال
از افادات :شیخ الاسلام مولانا مفتی محمد تقی عثمانی مدظلہ
۔(۱)حجاج کی مشابہت:نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ قربانی کرنیوالا آدمی اپنے ناخن اور بال اس وقت تک نہ کاٹے جب تک قربانی نہ کرلے۔ اللہ تعالیٰ کے کرم کو متوجہ فرمانے اور ان کی رحمت کا مورد بنانے کیلئے یہ فرما دیا کہ ان حجاج کرام کے ساتھ تھوڑی سی مشابہت اختیار کرلو۔
۔(۲)نو ذوالحجہ کا روزہ:خاص نویں تاریخ کو نفلی روزہ مقرر فرمایا اور اس روزے کے بارے میں حدیث شریف میں ارشاد فرمایا گیا کہ عرفہ کے دن جو شخص روزہ رکھے تو مجھے اللہ تبارک وتعالیٰ کی ذات سے یہ اُمید ہے کہ اس کے ایک سال پہلے اور ایک سال بعد کے (صغیرہ )گناہوں کا کفارہ ہوجائیگا۔
۔(۳) تکبیر تشریق :ان ایام میں تیسرا عمل تکبیر تشریق ہے۔ جو عرفہ کے دن کی نماز فجر سے شروع ہوکر 13تاریخ کی نماز عصر تک جاری رہتی ہے ۔اور یہ تکبیر ہر فرض نماز کے بعد ایک مرتبہ پڑھنا واجب قرار دیا گیا ہے۔ وہ تکبیر یہ ہے:’’اَللّٰہُ اَکْبَرُ‘ اَللّٰہُ اَکْبَرُ‘ لَآ اِلٰـہَ اِلَّا اللّٰہُ وَاللّٰہُ اَکْبَرُ‘ اَللّٰہُ اَکْبَرُ‘ وَلِلّٰہِ الْحَمْدُ‘‘ ۔
مردوں کیلئے اسے متوسط بلند آواز سے پڑھنا واجب ہے اور آہستہ آواز سے پڑھنا خلاف سنت ہے۔تکبیر تشریق خواتین پر (آہستہ آواز سے پڑھنا) واجب ہے۔
۔(۴)قربانی :ان ایام کا چوتھا اور سب سے افضل عمل جو اللہ تعالیٰ نے مقرر فرمایا ہے۔ وہ قربانی کا عمل ہےجوکہ صرف ذوالحجہ کی 11-10اور 12 تاریخوں میں انجام دیا جاسکتا ہے۔ انکے علاوہ دوسرے اوقات میں آدمی چاہے کتنے جانور ذبح کرلے ۔لیکن قربانی نہیں ہوسکتی۔اللہ تعالیٰ ہمیں اسلامی سال کے آخری ماہ کے انوارات سے نوازیں۔آمین۔(اصلاحی خطبات)
شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب کے ملفوظات اور تعلیمات پڑھنے کے لئے یہ لنک وزٹ کریں:۔
https://readngrow.online/category/mufti-taqi-usmani-words/

