رمضان رخصت ہورہا ہے
جب رمضان المبارک کا آخری جمعہ آتا ہے تو یہ علامت ہے کہ رمضان رُخصت ہونے والا ہے۔ اس وقت آدمی کو اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ اس نے اپنے فضل و کرم سے رمضان المبارک کی دولت عطا فرمائی اور اس بات پر بھی اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ اس نے اس ماہ میں اپنی بارگاہ میں حاضری کی توفیق بخشی۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل و کرم سے روزہ رکھنے کی توفیق عطا فرما دی، نمازیں ادا کرنے کی توفیق عطا فرمادی، تراویح پڑھنے کی توفیق عطا فرمادی، اس پر اللہ تبارک و تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے۔ یہ اس کا کرم ہے کہ اس نے ہمیں ان عبادتوں کی کسی نہ کسی درجے میں توفیق عطا فرمادی۔ ان شاء اللہ وہ ان عبادتوں کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائیں گے ، اللہ تعالیٰ کی رحمت سے ہر مؤمن کو یہی اُمید رکھنی چاہیے۔
رمضان المبارک میں قدم قدم پر اللہ تعالیٰ کی رحمت مغفرت کے بہانے تلاش کررہی ہے، روزہ رکھ لو تو گناہ معاف، تراویح پڑھ لو تو گناہ معاف، روزہ کی حالت میں توبہ کرلو تو گناہ معاف، غرض قدم قدم پر اللہ تعالیٰ نے معافی کے دروازے کھولے ہوئے ہیں۔
ہر مسلمان ایک مرتبہ اللہ تعالیٰ سے گڑگڑا کر مانگ لے اور توبہ کرلے اور عہد کرلے کہ اب گناہ نہیں ہوگا، اب نمازیں نہیں چھوٹیں گی۔۔۔ اب روزے نہیں چھوٹیں گے، اب زکوٰۃ ٹھیک ٹھیک ادا کی جائے گی اور اب لوگوں کے ساتھ امانت اور دیانت کا معاملہ کیا جائے گا، اب جھوٹ نہیں بولیں گے، اب غیبت نہیں کریں گے اور اب حرام طریقے سے مال حاصل نہیں کریں گے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے کچھ بعید نہیں کہ یہ جو رمضان کے آخری ایام ہیں، اللہ تعالیٰ کی رحمت جوش میں آجائے اور ہماری مغفرت ہو جائے، اللہ تعالیٰ ہم سب کی کامل مغفرت فرمائے۔ آمین۔
شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب کے ملفوظات اور تعلیمات پڑھنے کے لئے یہ لنک وزٹ کریں:۔
https://readngrow.online/category/mufti-taqi-usmani-words/

