بزرگوں کی خدمت میں جانے کا فائدہ (ملفوظات شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی مدظلہ العالی)۔
حضرت ڈاکٹرعبدالحئی صاحب عارفی قدس اللہ سرہ نے ارشاد فرمایا کہ مجلس میں جو باتیں ہوتی ہیں ، بعض لوگ یہ چاہتے ہیں کہ ان باتوں کو یاد کر لیں مگر یہ باتیں یاد نہیں ہوتیں۔ اس پر اپنا واقعہ سنایا کہ میں بھی حضرت تھانوی قدس اللہ سرہ کی مجلس میں جب حاضر ہوتا تو یہ دل چاہتا کہ حضرت والا کی باتیں لکھ لیا کروں، بعض لوگ لکھ لیا کرتے تھے،مجھ سے تیز لکھا نہیں جاتا تھا، اس لئےمیں لکھنے سے رہ جاتا تھا۔میں نے ایک دن حضرت تھانوی رحمۃ اللہ علیہ سے عرض کیا کہ حضرت ! میرا دل چاہتا ہے کہ ملفوظات لکھ لیا کروں مگر لکھا جاتا نہیں، اور یاد رہتے نہیں ہیں، بھول جاتا ہوں۔ حضرت تھانوی رحمۃ اللہ علیہ نے جواب میں فرمایا کہ لکھنے کی کیا ضرورت ہے، خود صاحب ملفوظ کیوں نہیں بن جاتے؟ حضرت والا فرماتے ہیں کہ میں تو تھرا گیا کہ میں کہاں صاحب ملفوظ بن سکتا ہوں۔ پھر حضرت تھانوی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا کہ بات دراصل یہ ہے کہ جو بات حق ہو، اور فہم سلیم پر مبنی ہو، صحیح فکر پر مبنی ہو۔ جب ایسی بات تمہارے کان میں پڑگئی اور تمہارے دل نے اسے قبول کر لیا، وہ بات تمہاری ہو گئی، اب چاہے وہ بات بعینہٖ انہی لفظوں میں یاد رہے یا نہ رہے، جب وقت آئے گا، ان شاء اللہ اس وقت یاد آجائے گی، اور اس پر عمل کی توفیق ہو جائے گی۔ بزرگوں کی خدمت میں جانے اور ان کی باتیں سننے کا یہی فائدہ ہوتا ہے کہ وہ کان میں باتیں ڈالتے رہتے ہیں، ڈالتے رہتے ہیں، یہاں تک کہ وہ باتیں انسان کی طبیعت میں داخل ہو جاتی ہیں، اور پھر وقت پر یاد آجاتی ہیں۔
۔(سُستی کا علاج، اصلاحی خطبات، جلد پنجم، صفحہ۱۱۲)۔
یہ ملفوظات حضرت ڈاکٹر فیصل صاحب نے انتخاب فرمائے ہیں ۔
شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب کے ملفوظات اور تعلیمات پڑھنے کے لئے یہ لنک وزٹ کریں:۔
https://readngrow.online/category/mufti-taqi-usmani-words/

