۔8 باتیں 33 برس کا خلاصہ
حاتم رحمہ اللہ جو مشہور بزرگ اور حضرت شفیق بلخی حاتم رحمہ اللہ کے خاص شاگرد ہیں … ان سے ایک مرتبہ حضرت شیخ بلخی رحمہ اللہ نے دریافت کیا …کہ حاتم تم کتنے دن سے میرے ساتھ ہو؟ …
انہوں نے عرض کیا تینتیس ۳۳ برس سے ! … فرمانے لگے کہ … اتنے دنوں میں تم نے مجھ سے کیا سیکھا؟
حضرت حاتم نے عرض کیا کہ صرف آٹھ مسئلے سیکھے ہیں
حضرت شفیق بلخی رحمہ اللہ نے پوچھا کہ وہ آٹھ مسئلے کیا ہیں؟ حاتم رحمہ اللہ نے عر ض کیا ۔
۔1۔ میں نے دیکھا ساری مخلوق روٹی کی طلب میں لگ رہی ہے۔ اسکی وجہ سے اپنے آپکو دوسروں کے سامنے ذلیل کرتی ہے اور ناجائز چیزیں اختیار کرتی ہے۔ پھر میں نے دیکھا تو اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے۔
۔’’اور کوئی جاندار زمین پر چلنے والا ایسا نہیں ہے جس کی روزی اللہ تعالیٰ کے ذمہ نہ ہو۔
پس میں نے اپنے اوقات ان چیزوں میں مشغول کرلئے جو مجھ پر اللہ تعالیٰ کی طرف سے لازم ہیں … اور جو چیز اللہ تعالیٰ کے ذمہ تھی (یعنی رزق) اس سے اپنے اوقات کو فارغ کرلیا۔
۔2۔ میں نے دیکھا کہ ساری مخلوق کو کسی نہ کسی سے محبت ہے (بیوی سے… اولاد سے … مال سے … احباب سے وغیرہ وغیرہ) لیکن میں نے دیکھا کہ جب وہ قبر میں جاتا ہے … تو اس کا محبوب اس سے جدا ہوجاتا ہے … اس لئے میں نے نیکیوں سے محبت کرلی تاکہ جب میں قبر میں جائوں تو میرا محبوب بھی ساتھ ہی جائے اور مرنے کے بعد بھی مجھ سے جدا نہ ہو۔
۔3۔ اللہ جل شانہ کا ارشاد ہے۔
۔’’ اور جو شخص دنیا میں اپنے رب کے سامنے (آخرت) میں کھڑا ہونے سے ڈرا ہوگا اور نفس کو حرام خواہش سے روکا ہوگا تو جنت اس کا ٹھکانہ ہوگا۔
پس میں نے اپنے نفس کو خواہشات سے روکا یہاں تک کہ وہ اللہ تعالیٰ کی اطاعت پر جم گیا۔
۔4۔ میں نے دنیا کو دیکھا کہ ہر شخص کے نزدیک جو چیز بہت قیمتی ہوتی ہے۔ اس کی حفاظت کرتا ہے … پھر میں نے اللہ تعالیٰ کا ارشاد دیکھا۔
جوکچھ تمہارے پاس دنیا میں ہے … وہ ختم ہوجائے گا … (خواہ وہ جاتا رہے یا تم مر جائو ہر حال میں وہ ختم ہوگا) اور جو اللہ تعالیٰ کے پاس ہے … وہ ہمیشہ باقی رہنے والی چیز ہے۔
پس جو چیز بھی کبھی میرے پاس ایسی ہوئی ہے جس کی مجھے وقعت زیادہ ہوئی مال وغیرہ پس میں نے سمجھ لیا کہ… یہ تو مالک الملک کی طرف سے ہے … اس لئے میں نے وہ اللہ تعالیٰ کے پاس بھیج دی تاکہ ہمیشہ کیلئے محفوظ ہوجائے۔
۔5۔ میں نے دنیا میں دیکھا کہ تقریباً ہر شخص کی کسی نہ کسی سے لڑائی اور دشمنی ہے … میں نے غور کیا تو دیکھا کہ اللہ جل شانہ نے فرمایا
شیطان بے شک تمہارا دشمن ہے … پس اس کے ساتھ دشمنی ہی رکھواس کو دوست نہ بنائو۔
پس میں نے اپنی دشمنی کیلئے اسی کو چن لیا اور اس سے دور رہنے کی انتہائی کوشش کرتا ہوں … میں نے اس کے علاوہ سے اپنی دشمنی ہٹالی۔
۔6۔ میں نے دیکھا کہ ساری مخلوق کا اعتماد اور بھروسہ کسی خاص ایسی چیز پہ ہے … جو خود مخلوق ہے کسی کی نظر اپنی جائیداد پر ہے … کوئی اپنی تجارت پر اورکوئی اپنی دستکاری پر نگاہ جمائے ہوئے ہے۔
میں نے دیکھا کہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے۔
جوشخص اللہ تعالیٰ پر توکل اور اعتماد کرتا ہے … صرف اللہ تعالیٰ اس کیلئے کافی ہے… اس لئے میں نے بس اللہ تبارک وتعالیٰ پرتوکل اور بھروسہ کرلیا۔
۔7۔ میں نے ساری دنیا کو دیکھا کہ کوئی شخص مال کی طرف (اپنی عزت اور بڑائی میں) لوٹتا ہے … کوئی حسب اور کوئی شرافت کی طرف … اورفخر کی چیزوں کے ذریعے سے اپنے اندر بڑائی پیدا کرتا ہے … اور اپنی بڑائی ظاہر کرتا ہے … میں نے اللہ تعالیٰ کا ارشاد دیکھا ۔
اللہ تعالیٰ کے نزدیک تم سب میں بڑا شریف وہ شخص ہے … جو سب سے زیادہ پرہیز گارہو …۔
اس بنا پر میں نے تقویٰ اختیار کرلیا تاکہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک شریف بن جائوں۔
۔8۔ میں نے لوگوں کو دیکھا کہ ایک دوسرے پر طعن کرتے ہیں … عیب جوئی کرتے ہیں … برا بھلا کہتے ہیں … یہ سب حسد کی وجہ سے ہوتا ہے … میں نے اللہ تعالیٰ کا ارشاد دیکھا۔
دنیاوی زندگی میں روزی ہم نے ہی تقسیم کررکھی ہے۔ اور (اسی تقسیم میں) ہم نے ایک کو دوسرے پر فوقیت دے رکھی ہے … تاکہ (اس کی وجہ سے) ایک دوسرے سے کام لیتا رہے۔
پس میں نے حسد کرنا چھوڑ دیا اور ساری مخلوق سے بے تعلق ہوگیا اور میں نے جان لیا کہ روزی کا بانٹنا صرف اللہ تعالیٰ ہی کے قبضے میں ہے … وہ جس کے حصے میں جتنا چاہے دے۔
حضرت شفیق بلخی رحمہ اللہ نے فرمایا کہ حاتم ! تمہیں حق تعالیٰ شانہ توفیق عطا فرمائے … میں نے تورات … انجیل … زبور اور قرآن پاک کے علوم کو دیکھا… میں نے سارے خیر کے کام …ان ہی آٹھ مسائل کے اندر پائے …پس جو بھی ان آٹھوں پر عمل کرلے اس نے اللہ تعالیٰ شانہ کی چاروں کتابوں کے مضامین پر عمل کرلیا۔ (فضائل علم وعلماء)
اگرآپ کو یہ واقعہ پسند آیا ہے تو اسکو شئیر ضرور کریں اور اس طرح کے دیگر اسلامی واقعات اور اولیاء اللہ کے حالات و تذکرے آپ ہمارے ویب سائٹ
https://readngrow.online
پر بالکل مفت میں پڑھ سکتے ہیں ۔
تمام اسلامی مواد اور دیگر کیٹگریز کو دیکھنے کے لئے یہ لنک وزٹ کریں
https://readngrow.online/readngrow-categories/
نیز ہم اس ویب سائٹ کی مفید چیزوں کو اس واٹس ایپ چینل پر بھی شئیر کرتے رہتے ہیں ۔
https://whatsapp.com/channel/0029VaviXiKHFxP7rGt5kU1H
یہ چینل فالو کرلیں ۔

