ہر کام کی ابتدا بسم اللہ سے کرنا
آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ایک حدیث میں ارشاد فرمایا کہ ہر وہ اہم کام جو اللہ کے نام سے شروع نہ کیا جائے ادھورا ہے۔ چنانچہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ہر اہم کام کو بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ سے شروع کرنے کی تاکید فرمائی ہے۔ یہاں تک کہ کھانا کھاتے وقت‘ پانی پیتے وقت‘ سواری پر سوار ہوتے وقت کوئی خط یا تحریر لکھتے وقت‘ غرض ہر قابل ذکر مشغلے کے شروع میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِپڑھا کرتے تھے۔
بظاہر یہ ایک مختصر سا عمل ہے جسے بعض اوقات ایک رسمی کارروائی سمجھ کر نظر انداز کردیا جاتا ہے لیکن درحقیقت یہ کوئی رسم نہیں بلکہ اس سے ایک بہت بنیادی فکر کی آبیاری مقصود ہے‘ یہ ایک ایسی اہم حقیقت کا اعتراف ہے جس کو پیش نظر رکھنے سے زندگی کے تمام مسائل کے بارے میں انسان کا پورا نقطہ نظر اور معاملات طے کرنے کیلئے اس کی پوری اپروچ ہی بدل جاتی ہے۔ یہ اس بات کا اعلان ہے کہ اس کائنات کا کوئی ذرہ اللہ تعالیٰ کے حکم اور اس کی مشیت کے بغیر حرکت نہیں کرسکتا انسان کو اپنی عملی زندگی میں اسباب کو اختیار کرنے کا حکم ضرور دیا گیا ہے لیکن نہ تو یہ اسباب خود بخود وجود میں آگئے ہیں اور نہ ان اسباب میں بذات خود کوئی کارنامہ انجام دینے کی طاقت موجود ہے۔ حقیقت میں ان اسباب کو پیدا کرنے والا اور ان میں تاثیر پیدا کرکے ان کے نتیجے میں واقعات کو وجود میں لانے والا کوئی اور ہے۔
سنت والی زندگی اپنانے کے لئے ہماری ویب سائٹ
https://readngrow.online
پر مطلوبہ کیٹگری میں دیکھئے ۔ اور مختلف اسلامی مواد سے باخبر رہنے کے لئے ویب سائٹ کا آفیشل واٹس ایپ چینل بھی فالو کریں ۔ جس کا لنک یہ ہے :۔
https://whatsapp.com/channel/0029Vb0Aaif4o7qSPFms4g1M
