کھانے سے متعلق سنتیں
کھانے کے آداب اور سنتیں
حضرت جابر رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جب کوئی شخص اللہ کا نام لے کر (یعنی بسم اللہ یا السلام علیکم کہہ کر) گھر میں داخل ہوتا ہے اور کھانے سے پہلے بسم اللہ پڑھتا ہے تو شیطان اپنے بھائیوں سے کہتا ہے ’’لامبیت لکم ولا عشاء‘‘ تمہارے لیے اس گھر کے دروازے بند ہوچکے ہیں اور کھانے میں بھی تم شریک نہیں ہوسکتے (یعنی نہ یہاں رہ سکتے ہو نہ کھاسکتے ہو) اور اگر کوئی شخص گھر میں داخل ہوتے وقت اللہ کا نام لینا (بسم اللہ وغیرہ کہنا) بھول جائے تو شیطان اپنے بھائیوں سے کہتا ہے کہ تم نے رہنے کے لیے گھر پالیا اور جب بندہ کھانے سے پہلے بسم اللہ کہنا بھول گیا تو شیطان کہتا ہے ’’ادرکتم المبیت والعشاء‘‘ یعنی گھر میں رہنے کے ساتھ ساتھ کھانے میں بھی شریک ہوسکتے ہو۔ (مسلم، کتاب الاشربۃ)
کھانا کھانے سے متعلق آداب اور سنتیں
۔(۱) کھانے سے پہلے ہاتھ دھونا اور کلی کرنا۔ (ترمذی)
۔(۲) دائیں ہاتھ سے کھانا کھانا، اسی طرح کسی دوسرے کو کھانا دینا یا کھانا لینا ہو تب بھی دایاں ہاتھ استعمال کرنا۔ (مسلم، کتاب الاشربۃ)
۔(۳)اکٹھے بیٹھ کر کھانا کھانا، کھانے میں جتنے ہاتھ جمع ہوں گے اتنی ہی برکت (اور محبت) ہوگی۔(ابوداؤد)
۔(۴) کھانے کی ہر مقدار اور ہر طرح کے کھانے پر قناعت کرلینا یعنی جتنا اور جیسا کھانا مل جائے اس پر راضی رہنا اور اللہ کا فضل سمجھ کر کھانا۔ (اسوۂ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم)
۔(۵) کھانا کھانے کے لیے اکڑوں بیٹھنا کہ دونوں گھٹنے کھڑے ہوں اورسرین زمین پر ہو یا ایک گھٹنا کھڑا ہو اور دوسرے گھٹنے کو بچھا کر اس پر بیٹھے یا دونوں گھٹنے زمین پر بچھا کر قعدہ کی حالت میں بیٹھے اور آگے کی طرف ذرا جھک کر کھانا کھائے۔ (مسلم، کتاب الاشربۃ)
۔(۶) جوتے اُتار کر کھانا کھانا ۔ (دارمی)
۔(۷) کھانے کی مجلس میں جو شخص بزرگ ہو اور بڑا ہو ان سے شروعات کرانا۔
(۸) دسترخوان کو زمین پر بچھا کر کھانا کھانا۔ (بخاری)
۔(۹) بسم اللہ الرحمن الرحیم یا ’’بسم اللّٰہ علٰی برکۃ اللّٰہ‘‘ پڑھ کر کھانا شروع کرنا۔ (ابوداؤد)
۔(۱۰) اگر بسم اللہ پڑھنا بھول جائے اور درمیان میں یاد آجائے تو یوں پڑھے: ’’بسم اللّٰہ اوّلہ واٰخرہ‘‘ (ابوداؤد)
۔(۱۱) کھانا اپنی جانب والے کنارے سے شروع کرنا۔ برتن کے بیچ میں یا دوسرے آدمی کے آگے ہاتھ نہ ڈالنا۔ (ترمذی)
(۱۲) کھانے میں پھونک نہ مارنا۔ (ترمذی)
(۱۳) دسترخوان پر مختلف کھانے ہوں تو ہاتھ گھمانا جائز ہے۔ (ترمذی)
(۱۴) گوشت کا بڑا پیس ہو تو اس کو چھری سے کاٹ کر کھانا درست ہے۔ (ترمذی)
(۱۵) تیز گرم کھانا نہ کھائیں۔(مسند احمد)
۔(۱۶) کھانا کھاتے ہوئے کھانے کی چیز یا لقمہ زمین پر گر جائے تو چاہیے کہ اس کو اُٹھالے اور اس کو صاف کرکے کھالے۔ اس کو شیطان کے لیے نہ چھوڑے۔ (مسلم)
۔(۱۷) جب کھانا کھاچکے تو اُنگلیوں کو چاٹ لے اس لیے کہ وہ نہیں جانتا کہ کھانے کے کس حصے میں برکت ہے۔ (بخاری)
۔(۱۸) کھانا کھانے کے درمیان کوئی آ جائے تو اس کو کھانے کی دعوت دینا۔ (ابن ماجہ)
۔(۱۹) جس خادم نے کھانا پکایا ہو اسے کھانے میں شامل کرنا یا اس کو کھانے میں سے کچھ الگ دے دینا۔ (ترمذی)
۔(۲۰) اس گھر میں خیر و برکت ہوگی جس گھر میں کھانے کے بعد ہاتھ دھونے اور کلی کرنے کی عادت ہو۔ (ابن ماجہ)
۔(۲۱) جو شخص پیالے میں کھائے اور پھر اس کو چاٹے تو پیالہ (وغیرہ) اس کے لیے دُعائے مغفرت کرتا ہے۔ (ابن ماجہ)
۔(۲۲) اگر آپ کا ساتھی کھانا کھا رہا ہے تو حتی الوسع اس کا ساتھ دیں تاکہ وہ پیٹ بھر کر کھالے، مجبوری ہو تو عذر کرلے۔ (ابن ماجہ)…(۲۳) دسترخوان پہلے اُٹھالیا جائے اس کے بعد کھانے والے اُٹھیں۔ (ابن ماجہ)…(۲۴) کسی دوسرے کے دسترخوان پر کھانا کھائے تو اس کے لیے یہ دُعا بغیر ہاتھ اُٹھائے پڑھ لے: ’’اَللّٰھُمَّ اَطْعِمْ مَّنْ اَطْعَمَنِیْ وَاسْقِ مَنْ سَقَانِیْ‘‘ (مسلم)… (۲۵) کھانا کھانے کے بعد یہ دُعا پڑھنا: ’’اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِیْ اَطْعَمَنَا وَسَقَانَا وَجَعَلَنَا مِنَ الْمُسْلِمِیْنَ‘‘ (ترمذی)
۔(۲۶) گھر میں سرکہ اور شہد رکھنا سنت ہے۔ (ترمذی) … (۲۷) کھانا کھانے کے بعد جب اُنگلیاں چاٹیں تو پہلے بڑی اُنگلی، اس کے بعد کلمے والی اُنگلی اس کے بعد انگوٹھا (اگر بقیہ اُنگلیاں استعمال ہوئی ہوں تو بعد میں)۔ (اسوۂ رسول) … (۲۸) دسترخوان اُٹھ جائے تو یہ دُعا پڑھنا: ’’اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ حَمْدًا کَثِیْرًا طَیِّبًا مُّبَارَکًا فِیْہِ غَیْرَ مُکْفِیٍّ وَلَا مُوَدَّعٍ وَلَا مُسْتَغْنًی عَنْہُ رَبَّنَا‘‘ (بخاری)… (۲۹) کھانے میں سرکہ کا استعمال رکھنا۔ (ترمذی) … (۳۰) کھانا کھانے کے بعد ۔پانی نہ پینا (پہلے یا درمیان میں پی لیں)۔ (بخاری) …(۳۱) کھانا کھانے کے بعد فوراً نہیں سونا چاہیے یہ دل میں ثقالت پیدا کرتا ہے۔
۔(۳۲) دوپہر کے کھانے کے بعد تھوڑی دیر کے لیے لیٹ جانا مسنون ہے۔ (۳۳) ٹیک لگائے بغیر کھانا۔ (اسوۂ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم) … (۳۴) جب موسم کا پہلا پھل کھائیں تو یہ دُعا پڑھیں: ’’اَللّٰھُمَّ کَمَا اَرَیْتَنَا اَوَّلَہٗ أَرِنَا اٰخِرَہٗ‘‘ اس کے بعد سنت یہ ہے کہ پہلے کسی معصوم بچے کو کھلائیں بعد میں خود کھائیں۔ (اسوۂ رسول) … (۳۵) بسم اللہ کو آواز سے پڑھنا اولیٰ ہے تاکہ دوسرے ساتھی کو اگر خیال نہ رہے تو یاد آجائے۔ (اسوۂ رسول اکرم) … اللہ رب العزت ہم سب کو ان ہدایات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
سنت والی زندگی اپنانے کے لئے ہماری ویب سائٹ
https://readngrow.online
پر مطلوبہ کیٹگری میں دیکھئے ۔ اور مختلف اسلامی مواد سے باخبر رہنے کے لئے ویب سائٹ کا آفیشل واٹس ایپ چینل بھی فالو کریں ۔ جس کا لنک یہ ہے :۔
https://whatsapp.com/channel/0029Vb0Aaif4o7qSPFms4g1M
