کاوربار شروع کرنے کے لئے ملازمت نہ چھوڑیں (42)۔
ملازمت اور کاروبار کے درمیان لوگ بہت زیادہ الجھے ہوئے رہتے ہیں۔ اکثر نوجوان یہ سمجھتے ہیں کہ ہمیں ملازمت چھوڑ کرکاروبار کرلینا چاہئے۔ اس خیال میں وہ اتنے مغلوب ہوجاتے ہیں کہ فوراً جاب چھوڑ کر کاروبار شروع کردیتے ہیں۔ پھر اگر کاروبار نہ چلے تو ملازمت کی بھی ہمت نہیں رہتی اور زندگی بھر یہ شخص شکست خوردہ بن کر رہ جاتا ہے۔
اس لئے میری ایک گزارش پڑھ لیں اور ہمیشہ یاد رکھیں کہ ملازمت سے ہزار درجہ کاروبار بہتر ہے مگر اسکا یہ مطلب ہر گز نہیں کہ آپ اپنی نوکری فوراً چھوڑ دیں۔ بلکہ صحیح طریقہ یہ ہوگا کہ آپ اپنی تنخواہ میں سے کچھ پیسے بچانا شروع کردیں۔ انکو محفوظ رکھیں اور اچھی خاصی رقم جمع کرلیں۔ تقریباً ایک سال تک رقم جمع کرتے رہیں۔ پھر آپکو جس کاروبار کی طرف رغبت ہو اور جسکا تجربہ ہو اُسکی طرف قدم بڑھائیں اس طور پر کہ ملازمت کا وقت کم کریں۔
مثلاً اگر آپ دس گھنٹے نوکری کرتے ہیں تو وہ آٹھ گھنٹے کردیں بھلے پیسے تھوڑے سے کم ہوجائیں لیکن گزارا کریں اور نیا کاروبار ایسے شروع کریں کہ صرف دو یا تین گھنٹے بالکل ابتدائی پیمانے پر بغیر کسی لالچ اور بغیر کسی منافع کی امید کے شروع کردیں۔
تقریباً ایک سال تک یہ کاروبار ایسے چلائیں کہ آپ کی ملازمت پر کوئی فرق نہ پڑے اور کاروبار میں بھی نقصان نہ ہو۔ فائدہ کی مت سوچیں بلکہ یہ ذہن میں رکھیں کہ کاروبار چلتا رہے اور نقصان نہ ہو۔ اس کے بعد دوسرے سال اپنی ملازمت کا وقت تھوڑا سا مزید کم کردیں۔ پھر تیسرے سال مزید کم کردیں اور چار یا پانچ سال کے بعدآپ فیصلہ کریں کہ کاروبار پر آپ زندگی گزار سکتے ہیں یا نہیں ۔ اس طرح کرنے سے آپ کی ملازمت بھی قائم رہے گی اور اسی دوران کاروبار بھی بن جائیگا۔
یہ بات اپنے ذہن میں بٹھا لیں کہ نئے کاروبار کے لئے ایک پیشگی مستقل آمدن ہونا ضروری ہوتا ہے۔ یعنی کوئی ملازمت، کوئی کرائے وغیرہ کا مکان یا کوئی بھی ایسی آمدن جو آپ کو مستقل مل رہی ہو ۔ اگر ایسی آمدن آپکے پاس موجود ہے تبھی کاروبار کا آغازکریں۔
اگرآپکے پاس کوئی آمدن موجود نہیں اور آپ اک نئے کاروبار کا آغازکرتے ہیں اور اسی کاروبار سے گھر بھی چلاتے ہیں اور انہی پیسوں سے کاروبار بھی چلانے کا ارادہ رکھتے ہیں تو عنقریب دونوں ہی نقصان میں جائیںگے۔ گھر چلے گا نہ کاروبار۔
اس لئے کوئی بھی فوری فیصلہ نہ کریں۔ جلدبازی اور جوش کا مظاہرہ نہ کریں۔اگر ملازمت کررہے ہیں اور کاروبار کی طرف رغبت ہےتوپورے تحمل ، سوچ بچار اورمشاورت کرکے فیصلہ کریں۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی و ناصر ہو ۔ آمین۔
نوٹ : یہ ’’آج کی بات‘‘ ایک بہت ہی مفید سلسلہ ہے جس میں حذیفہ محمد اسحاق کی طرف سے مشاھدات،خیالات اور تجربات پر مبنی ایک تحریر ہوتی ہے ۔ یہ تحریر ہماری ویب سائٹ
https://readngrow.online/
پر مستقل شائع ہوتی ہے ۔ ہر تحریر کے عنوان کے آگے ایک نمبر نمایاں ہوتا ہے ۔ جس اسکی قسط کو ظاہر کرتا ہے کہ یہ کون سی قسط ہے ۔ پچھلی قسطیں بھی ہماری ویب سائٹ پر دستیاب ہیں ۔ اگر کوئی پیغام یا نصیحت یا تحریر آپکو پسند آتی ہے تو شئیر ضرور کریں ۔ شکریہ ۔
مزید اپڈیٹس کے لئے ہمارے واٹس ایپ چینل کو ضرور فالو کریں
https://whatsapp.com/channel/0029Vb0Aaif4o7qSPFms4g1M

