پردہ، لباس اور زینت سے متعلق احادیث ِ نبویہ
بسلسلہ ملفوظات حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانوی نور اللہ مرقدہ
۔(۱)حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ وہ رسول اللہ ﷺ کے پاس حاضر تھے کہ حضور ﷺ نے سب سے دریافت فرمایا کہ بتلاؤ عورت کے لئے کون سی بات سب سے بہتر ہے ؟ اس پر صحابہ رضی اللہ عنہم خاموش ہوگئے اور کسی نے جواب نہ دیا۔ حضرت علی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے واپس آ کر حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا سے دریافت کیا کہ عورتوں کے لئے سب سے بہتر کیا بات ہے ؟ حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا نے فرمایا کہ نہ وہ مردوں کو دیکھیں، نہ مرد ان کو دیکھیں۔ میں نے یہ جواب رسول اللہ ﷺ سے عرض کیا تو آپ ﷺ نے فرمایا کہ فاطمہ میری لخت ِ جگر ۔ہیں(اس لئے وہ خوب سمجھیں)۔(رواہ البزار و الدار قطنی فی الافراد)
۔(۲)حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ رسول اللہ ﷺ سے روایت کرتے ہیں کہ حضور ﷺ نے ارشاد فرمایا ہے کہ عورتوں کے لئے گھر سے باہر نکلنے میں کچھ حصہ نہیں مگر یہ کہ مجبور و مضطر ہوں (یعنی بغیر ضرورت و مجبوری کے عورتوں کو گھر سے باہر نہیں نکلنا چاہئے) ۔ اسی حدیث میں یہ بھی ہے کہ عورتوں کے لئے راستہ میں چلنے کا کوئی حق نہیں سوائے کنارہ پر چلنے کے (یعنی اگر ضرورت میں باہر نکلنا اور راستہ میں چلنا ہو تو کنارہ کنارہ چلیں)۔ (طبرانی فی الکبیر)

۔(۳) حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ عورت شیطان کی صورت میں سامنے آتی ہے اور شیطان کی صورت میں واپس جاتی ہے (مطلب یہ ہے کہ عورت کے ذریعہ شیطان لوگوں کو گمراہ کرتا اور بدنگاہی کے گناہ میں مبتلا کرتا ہے)۔(رواہ مسلم)
۔(۴) حضرت ابو موسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ جو عورت خوشبو لگا کر مردوں کے پاس سے گذرے تاکہ وہ اس کی خوشبو سونگھیں ، وہ عورت زنا کار ہے اور ہر آنکھ جو اس کو دیکھے زنا کار ہے۔ (رواہ النسائی و ابن خزیمہ)
۔(۵) حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ عورت سراپا پوشیدہ رہنے کے قابل ہے ، جب وہ باہر نکلتی ہے تو شیطان اس کی تاک میں لگ جاتا ہے۔ (رواہ الترمذی)
یہ حدیث نہایت بلاغت اور وضاحت سے عورت کو پوشیدہ رہنے کی تاکید اور باہر نکلنے کو شیطانی فتنہ کا سبب ہونا بیان کررہی ہے۔

۔(۶) حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ وہ اور حضرت میمونہ رضی اللہ عنہا حضور ﷺ کی خدمت میں حاضر تھیں کہ اتنے میں حضرت عبداللہ بن ام مکتوم رضی اللہ عنہ (نابینا صحابی) آئے اور اندر آنے لگے۔ حضور ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ جاؤ تم دونوں پردہ میں ہوجاؤ ۔ میں نے عرض کیا یا رسول اللہ ﷺ وہ تو نابینا ہیں ، ہم کو دیکھتے بھی نہیں ۔ آپ ﷺ نے جواب میں ارشاد فرمایا کہ کیا تم بھی نابینا ہو ؟ کیا تم ان کو نہیں دیکھتیں؟(ابو داؤد ، مشکوٰۃ)
دیکھئے باوجودیکہ اس مقام پر خرابی کا کوئی قریبی احتمال بھی نہ تھا کیونکہ ایک طرف ازواجِ مطہرات جو مسلمانوں کی مائیں ہیں، دوسری طرف نیک صحابی پھر وہ بھی نابینا ، لیکن اس پر مزید احتیاط کے لئے یا امت کی تعلیم کے لئے آپ نے اپنی بیبیوں کو پردہ کرایا ، تو جہاں پر ایسے موانع (رکاوٹیں) نہ ہوں وہاں پر کیوں نہ پردہ قابلِ اہتمام ہوگا۔ (القول الصواب فی مسئلۃ الحجاب)
۔(۷) حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے ایک طویل حدیث میں روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ ہاتھ کا زنا نامحرم کو پکڑنا ہے، اور آنکھ کا زنا
نامحرم کو دیکھنا ہے ، اور زبان کا زنا نامحرم سے بات کرنا ہے۔ (بخاری و مسلم)

۔(۸) حضرت معقل بن یسار رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ تم میں سے کسی کے سر میں لوہے کی سوئی چبھو دی جائے ، یہ اس سے بہتر ہے کہ وہ ایسی عورت کو چھوئے جو اس کے لئے حلال نہیں۔ ( طبرانی، حاکم، بیہقی)
۔(۹) حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ جب کوئی شخص کسی عورت سے تنہائی میںہوتا ہے تو ان کے ساتھ تیسرا ساتھی شیطان ضرور ہوتا ہے ۔ (رواہ الترمذی)
نامحرم مرد عورت کا تنہا جگہ بیٹھنا حرام ہے ، اگر پردہ نہ ہو تو عادت اور مشاہدہ شاہد ہے کہ ہرگز اس میں احتیاط نہ کی جائے گی۔
۔(۱۰) حضرت جابربن عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ میں نے رسول اللہ ﷺ سے (عورت پر) اچانک نظر پڑ جانے کے متعلق حکم دریافت کیا تو مجھ کو حضور ﷺ نے حکم دیا کہ فوراََ نظر ہٹالو۔ (رواہ مسلم)

۔(۱۱) حضرت عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ عورتوں کے پاس آنے جانے سے بچو ۔ کسی نے کہا یا رسول اللہ شوہر کے بھائی (یعنی دیوروغیرہ) کا کیا حکم ہے؟ حضور ﷺ نے فرمایا کہ شوہر کا بھائی تو موت ہے (یعنی ہلاکت اور گناہ کا سبب ہے اس لئے اس سے بھی پردہ واجب ہے)۔(بخاری و مسلم)
اس حدیث میں بے ضرورت و بے تکلف عورتوں کے پاس آمد و رفت رکھنے کو حرام فرمایا ہے۔(القول الصواب)
۔(۱۲)ابن ابی ملیکۃ سے روایت ہے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے عرض کیا گیا کہ ایک عورت مردانہ جوتہ پہنتی ہے ۔ فرمایا کہ رسول اللہ ﷺ نے مردانی شکل بنانے والی عورتوں پر (یعنی مردوںکے مشابہ لباس اور جوتہ پہننے والی عورتوں پر )لعنت فرمائی ہے۔ (رواہ ابو داؤد)
۔(۱۳)حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور ﷺ نے فرمایا کہ کسی عورت کو جو اللہ تعالیٰ پر اور قیامت کے دن پر ایمان رکھتی ہو یہ جائز نہیں کہ اپنے شوہر کے گھر میں اس کی اجازت کے بغیر کسی کو آنے دے ۔(طبرانی، حاکم، بیہقی)
نیز عورت کو شوہر کی مرضی کے خلاف باہر نکلنا بھی جائز نہیں اور اس بارے میں کسی کی اطاعت بھی جائز نہیں۔

۔(۱۴)حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے مجھ سے منع فرمایا ہے کہ عورتوں سے بغیر شوہروں کی اجازت کے بات چیت کی جائے۔ (طبرانی)
۔(۱۵) اور حسن بصری رحمۃ اللہ علیہ سے مرسلاََ روایت ہے ۔ وہ کہتے ہیں کہ مجھ کو یہ بات پہنچی ہے رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ عورتیں اپنے محرموں کے سوا اور مردوں سے بات نہ کریں۔ (رواہ ابن سعد)
۔(۱۶)حضرت عمار بن یاسر رضی اللہ عنہ سے مرفوعاََ روایت ہے کہ حضور ﷺ نے فرمایا کہ تین شخص کبھی جنت میں داخل نہ ہوں گے (۱) دیوث(۲)مردانی شکل بنانے والی عورتیں (۳) اور ہمیشہ شراب پینے والا ۔ صحابہ رضی اللہ عنہم نے عرض کیا کہ دیوث کسے کہتے ہیں ؟فرمایا کہ جس کو اس کی پرواہ نہ ہو کہ اس کی گھر والی عورتوں کے پاس کون آتا ہے کون جاتا ہے ۔ (طبرانی فی الکبیر)

۔(۱۷) حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے ۔ وہ فرماتی ہیں کہ ایک دفعہ حضور ﷺ مسجد میں تشریف رکھتے تھے کہ ایک عورت قبیلہ مزینہ کی زیب و زینت کے لباس میں (یعنی بناؤ سنگار کے ساتھ) مٹکتی ہوئی مسجد میں آئی ، تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ اے لوگو! اپنی عورتوں کو زیب و زینت کا لباس پہن کر مسجد وغیرہ میں مٹکنے سے روکو کیونکہ بنی اسرائیل پر اس وقت تک لعنت نہیں کی گئی
جب تک ان کی عورتوں نے زیب و زینت کا لباس پہن کر مٹکنا اختیار نہیں کیا ۔ (رواہ ابن ماجہ)
۔(۱۸)حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور ﷺ نے مرد کو دو عورتوں کے درمیان چلنے سے منع فرمایا ہے ۔ (رواہ ابو داؤد)
۔(۱۹) حضور ﷺ نے فرمایا کہ میں اپنی امت کے لئے عورتوں سے زیادہ خطرناک کوئی فتنہ نہیں سمجھتا۔ (بخاری و مسلم)
(احکام ِ پردہ عقل و نقل کی روشنی میں،صفحہ ۲۴۔۱۹)

حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانوی رحمہ اللہ تعالیٰ کے یہ ملفوظات احکام پردہ کے متعلق ہیں ۔ ۔ خود بھی پڑھیں اور دوستوں سے بھی شئیر کریں ۔
مزید ملفوظات پڑھنے کے لئے ہماری ویب سائٹ
https://readngrow.online
اپنے پاس محفوظ کرلیں ۔
اس طرح کے ملفوظات روزانہ اس واٹس ایپ چینل پر بھی بھیجے جاتے ہیں
https://whatsapp.com/channel/0029VaJtUph4yltKCrpkkV0r
چینل جوائن کریں
