ناشکری کا عبرت انگیز واقعہ
ہمارے ایک دوست تھے پرسنل آفیسر تھے ایک جگہ پر۔ وہ اپنی بیٹی کا واقعہ خود سنانے لگے۔ کہنے لگے کہ حضرت! اللہ نے مجھے بیٹی دی جو حور پری سے شاید حسن میں بڑھی ہوئی ہو، اتنی خوبصورت تھی دودھ کی طرح اس کا سفید رنگ تھا اور عقل مند اتنی کہ جب سکول میں گئی تو ہر کلاس میں ٹاپ کرتی تھی۔ وہ لڑکی سرجن ڈاکٹر بنی۔ جب چوبیس سال کی عمر ہو گئی تو اس کے رشتے آنے شروع ہو گئے۔ مگر اس میں کمپلیکس آ گیا تھا، احساس ِ برتری پیدا ہو گیا تھا، وہ اپنے آپ کو کوئی انوکھی شے سمجھتی تھی۔ کہنے لگے کہ حضرت! ہمارے ہاں درجنوں رشتے آئے، جو رشتہ آتا وہ اس میں کوئی نہ کوئی نقص نکال دیتی۔ یہ ایسا ہے، یہ ایسا ہے۔ ہم سمجھاتے کہ بیٹی! یہ تو بہت اچھا رشتہ ہے ، نیک بھی ہے، دیندار بھی ہے، عزت والا گھرانہ بھی ہے، فلاں بھی ہے، مگر وہ ایسے پائوں کی نوک سے اڑا دیتی۔ درجنوں رشتے آئے اور وہ بڑے تکبر کے ساتھ نہ کرتی رہی۔ ہم اس کو بار بار سمجھاتے تھے وہ سمجھتی ہی نہیںتھی۔
پھر اس پر اللہ کی پکڑ آئی۔ ایک دن کسی مریض کا سرجن کے ساتھ مل کر آپریشن کر رہی تھی، اس کے ہاتھ کی جو اوپر کی جو جلد ہوتی ہے نا ہتھیلی کی پشت کی جلد اس پر کوئی انفیکشن ہو گئی۔ ایسی انفیکشن ہوئی کہ دونوں ہاتھوں کی اوپر کی جو چمڑی تھی وہ بالکل بوڑھوں کی طرح بن گئی۔ جیسے سو سال کے بوڑھے کے ہاتھ کے اوپر کی جلد ہوتی ہے بالکل اسی طرح اس کی جلد ہو گئی۔ اب وہ ہاتھ کسی کو دکھا نہیں سکتی، بڑے علاج کروائے، ڈاکٹروں نے کہا کہ اس کا تو علاج اب ممکن نہیں۔ اب کیا ہوا؟ رشتے آنے بند ہو گئے۔ اب وہ چاہتی ہے کہ رشتہ ہو لیکن رشتہ ملتا نہیں۔ جو آتا شکل دیکھ کر خوش ہوتے اور جب ہاتھوں کو دیکھتے تو ریجیکٹ کرکے چلے جاتے۔ اب وہ ہر وقت ہاتھوں پہ دستانے پہنتی ہے، کہیں آنا جانا ہو تو ہاتھوں کو چھپاتی ہے۔ کہنے لگے کہ پچیس سال کی عمر میں اس نے درجنوں رشتوں کو ٹھوکریں ماری تھیں، آج دس سال اس کو روتے ہوئے گزر گئے، دس سال میں ایک رشتہ بھی نہیں آیا۔ اب بیٹھ کر کہتی ہے کہ میں نے اللہ کی نعمتوں کی ناشکری کی اور مجھے میرے تکبرکی سزا اللہ نے دی ہے۔ اب موت مانگتی ہے کہ جینے سے مر جانا بہتر ہے، جس بچی کی عمر پینتیس سال ہو جائے اور رشتہ نہ آئے تو اس کی زندگی تو تاریک ہو گئی۔ تو پروردگار نعمتیں دیتا بھی ہے اور اگر بندہ ناشکری کرے تو نعمتیں واپس بھی لے لیتا ہے۔(ج 35ص231)
اگرآپ کو یہ واقعہ پسند آیا ہے تو اسکو شئیر ضرور کریں اور اس طرح کے دیگر اسلامی واقعات اور اولیاء اللہ کے حالات و تذکرے آپ ہمارے ویب سائٹ
https://readngrow.online
پر بالکل مفت میں پڑھا سکتے ہیں ۔
تمام اسلامی مواد اور دیگر کیٹگریز کو دیکھنے کے لئے یہ لنک وزٹ کریں
https://readngrow.online/readngrow-categories/
نیز ہم اس ویب سائٹ کی مفید چیزوں کو اس واٹس ایپ چینل پر بھی شئیر کرتے رہتے ہیں ۔
https://whatsapp.com/channel/0029VaviXiKHFxP7rGt5kU1H
یہ چینل فالو کرلیں ۔