مناسب رشتہ نہ ملنے کا فضول عذر
بسلسلہ ملفوظات حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانوی نور اللہ مرقدہ
ارشاد فرمایا کہ بعض لوگ یہ عذر کرتے ہیں کہ کہیں موقع کا رشتہ ہی نہیں آتا تو کیا کسی کے ہاتھ پکڑا دیں؟ یہ عذر اگر واقعی ہوتا تو صحیح تھا یعنی سچ مچ اگر موقع کا رشتہ نہ آتا تو واقعی یہ شخص معذور تھا لیکن خود اسی میں کلام ہے کہ جو رشتے آتے ہیں کیا وہ سب ہی بے موقع ہیں؟ بات یہ ہے کہ بے موقع کا مفہوم خود انہوں نے اپنے ذہن میں تصنیف کر رکھا ہے جس کے اجزاء یہ ہیں:
(۱) حسب نسب حضراتِ حسنین رضی اللہ عنہما جیسا ہو۔ (۲) ور اخلاق میں جنیدؒ جیسا ہو۔ (۳) اور علم میں اگر وہ دینی علم ہے تو ابوحنیفہؒ کے برابر ہو ، اگر دنیوی علم ہے تو بوعلی سینا کا مثل ہو ۔ (۴) حسن میں حضرت یوسف علیہ السلام کا ثانی ہو۔ (۵) اور ثروت و ریاست میں قارون و فرعون کے ہم پلہ ہو۔
غلو ہر امر میں مذموم ہے ۔ ایک ہی شخص میں تمام صفات کا مجتمع ہونا شاذ و نادر ہے ۔ جن صفات کو جس درجہ میں تم دوسروں میں ڈھونڈ رہے ہو ، تم کو جس شخص نے لڑکی دی تھی جس کی بدولت آج اپنی لڑکی کے باپ بن کر یہ جولانیاں دکھا رہے ہو ، کیا اس شخص نے تمہارے لیے ایسی ہی تفتیش و تحقیق کی تھی؟ اگر وہ ایسا کرتا تو تم کو عورت ہی میسر نہ ہوتی ۔ اس نے ایسا نہیں کیا تو جب اس نے ایسا نہ کیا تو تم نے یا تمہارے باپ نے دوسرے مسلمان بھائی کی بد خواہی کیوں کی؟ کہ باوجود تمہارے اندر ان اوصاف کے پورے طور سے مجتمع نہ ہونے کے اس کی لڑکی پر نکاح کے ذریعہ قبضہ کیا۔ جو چیز تم اپنے لیے پسند کرتے ہو وہ دوسروں کے لیے کیوں نہیں پسند کرتے ، اس پر عمل کیوں نہیں کیا؟ دوسرے یہ کہ جب تم اپنی لڑکی کے لیے ان صفات کا شوہر تلاش کرتے ہو تو انصاف کرو، تم نے جب اپنے لڑکے کے لیے کسی کی لڑکی کی درخواست کی تھی یا کرنے کا خیال ہے ، کیا اپنے صاحب زاد ہ میں بھی یہ صفات اسی درجہ کی دیکھ لیں یا دیکھنے کا ارادہ ہے؟؟ تیسرے یہ کہ جس طرح لڑکوں میں بے شمار خوبیاں ڈھونڈی جاتی ہیں ، اگر دوسرا شخص تمہاری لڑکیوں میں اس سے دسواں حصہ خوبیاں اور ہنر دیکھنے لگے تو میں یقین کرتا ہوں کہ تمام عمر ایک لڑکی بھی بیاہی نہ جائے گی۔ غرض یہ عذر کہ رشتہ موقع (مناسب) کا نہیں آتا اکثر حالتوں میں بے موقع ہوتا ہے۔(صفحہ ۱۷۳،اسلامی شادی)
حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانوی رحمہ اللہ تعالیٰ کے یہ ملفوظات نکاح یعنی اسلامی شادی سے متعلق ہیں ۔ ۔ خود بھی پڑھیں اور دوستوں سے بھی شئیر کریں ۔
مزید ملفوظات پڑھنے کے لئے ہماری ویب سائٹ
https://readngrow.online
اپنے پاس محفوظ کرلیں ۔
اس طرح کے ملفوظات روزانہ اس واٹس ایپ چینل پر بھی بھیجے جاتے ہیں
https://whatsapp.com/channel/0029VaJtUph4yltKCrpkkV0r
چینل جوائن کریں