مصیبت سے نجات کا قرآنی وظیفہ (37)۔
پریشانیوں، مصیبتوں اور آزمائشوں میں حفاظت کا ایسا وظیفہ جو قرآن مجید کی سورۃ آل عمران میں مذکور ہے۔ مختصر سے چند کلمات جو کہ مجرب ہیں اور سکون دل کے لئے بھی آزمودہ ہیں۔ کئی بزرگان دین اپنے متوسلین کو اور اپنے مجربات میں اس وظیفہ کو شامل فرماتے تھے اور یہ بے پناہ فوائد اور منافع پر مشتمل مختصر سا کلمہ ہے۔ جو آسانی سے یاد بھی ہوجاتا ہے۔
حَسْبُنَا اللہُ وَنِعْمَ الْوَکِیْل
قطب العالم حضرت شاہ عبدالرحیم رائےپوری رحمہ اللہ تعالیٰ اپنے متوسلین کو دشمن سے حفاظت کے لئے اسی وظیفہ کی تلقین فرماتے۔ اس طرح کہ نماز عشاء کے بعد اول آخر درود شریف کے ساتھ ایک تسبیح پڑھ لیں۔
یہ وظیفہ معارف القرآن میں بھی منقول ہے اور شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب دامت برکاتہم العالیہ اپنے متوسلین کو یہ وظیفہ ارشاد فرماتے ہیں۔
نیز مولانا شاہ عبدالغنی پھولپوری رحمہ اللہ تعالیٰ اس طرح تلقین فرماتے کہ تین سو اکتالیس مرتبہ (اول آخر درود شریف طاق عدد)روزانہ بلاناغہ پڑھیں تو یہ اکسیر اعظم ہے۔
معارف القرآن میں ہے کہ مشائخ وعلمائے کرام نے ان کلمات کو پڑھنے کے فوائد میں یہ لکھا ہے کہ انکو ایک ہزار مرتبہ اگر پورے جذبہ ایمان کے ساتھ پڑھا جائے اور پھر دعا مانگی جائے تو اللہ تعالیٰ ایسی دعا کو رد نہیں فرماتے۔ نیز یہ بھی لکھا ہے کہ کثرت افکار کے وقت سکون قلب کے لئے ان کلمات کا پڑھنا مجرب ہے۔ اور ہر قسم کی مصیبتوں میں یہ کلمہ پڑھنا بھی مجرب ہے۔
قطب الارشاد حضرت مولانا رشید احمد گنگوہی رحمہ اللہ تعالیٰ فرمایا کرتے تھے جو لوگ پریشانی میں مبتلاہوں تو وہ ان کلمات کو پانچ سو مرتبہ نماز عشاء کے بعد سوتے وقت پڑھ لیا کریں۔ اگر اس وقت میں ممکن نہ ہو تو متفرق اوقات میں مکمل کرلیں اور پھر دعا مانگیں۔ اگر پانچ سو مرتبہ پڑھنے کی استطاعت نہ ہو تو کم از کم ایک سو مرتبہ ضرور پڑھ لیں۔ نیز اگر سائل بہت زیادہ پریشانی کے عالم میں ہوتا تو فرماتےکہ یہ کلمہ چلتے پھرتے، اٹھتے بیٹھتے اور وضو بے وضوجتنا بھی ہوسکے پڑھتے رہو۔ سینکڑوں لوگوں نے اس پر عمل کیا اور کامیابی حاصل ہوئی۔
نوٹ : یہ ’’آج کی بات‘‘ ایک بہت ہی مفید سلسلہ ہے جس میں حذیفہ محمد اسحاق کی طرف سے مشاھدات،خیالات اور تجربات پر مبنی ایک تحریر ہوتی ہے ۔ یہ تحریر ہماری ویب سائٹ
https://readngrow.online/
پر مستقل شائع ہوتی ہے ۔ ہر تحریر کے عنوان کے آگے ایک نمبر نمایاں ہوتا ہے ۔ جس اسکی قسط کو ظاہر کرتا ہے کہ یہ کون سی قسط ہے ۔ پچھلی قسطیں بھی ہماری ویب سائٹ پر دستیاب ہیں ۔ اگر کوئی پیغام یا نصیحت یا تحریر آپکو پسند آتی ہے تو شئیر ضرور کریں ۔ شکریہ ۔
مزید اپڈیٹس کے لئے ہمارے واٹس ایپ چینل کو ضرور فالو کریں
https://whatsapp.com/channel/0029Vb0Aaif4o7qSPFms4g1M

