مرد کو دیندار بنانا بھی عورتوں کی ذمہ داری ہے
ملفوظاتِ حکیم الامت مجددالملت حضرت مولانا محمد اشرف علی تھانوی رحمۃ اللہ علیہ
ارشاد فرمایا کہ عورتیں دینی حقوق میں ایک کوتاہی یہ کرتی ہیں کہ مرد کو جہنم کی آگ سے بچانے کا اہتمام نہیں کرتیں یعنی اس کی کچھ پرواہ نہیں کرتیں کہ مرد ہمارے واسطے حلال و حرام میں مبتلا ہے اور کمانے میں رشوت وغیرہ سے احتراز نہیں کرتا۔ اس کو سمجھائیں کہ تم حرام آمدنی مت لیا کرو۔ ہم حلال ہی میں اپنا گزارا کرلیں گے علی ہذا (اسی طرح) اگر مرد نماز نہ پڑھتا ہو تو اس کو بالکل نصیحت نہیں کرتیں حالانکہ اپنی غرض کے لئے اس سے سب کچھ کرا لیتی ہیں۔ اگر عورت مرد کو دیندار بنانا چاہے تو اس کو کچھ مشکل نہیں مگر اس کے لئے ضرورت اس کی ہے کہ پہلے تم دیندار بنو، نماز اور روزہ کی پابندی کرو، پھر مرد کو نصیحت کرو تو ان شاءاللہ اثر ہوگا۔ اگر عورت ذرا بھی مضبوطی ( اور ہمت) اختیار کرے تو مرد کو مجبوری متقی بننا پڑے۔ بہت سی مثالیں ایسی موجود ہیں کہ عورتوں نے مردوں پر زور دیا کہ اگر تم رشوت نہ چھوڑو گے تو ہم تمہاری کمائی نہیں کھائیں پئیں گے۔ ادھر مرد عورت کا عشق و محبت کا تعلق ادھر اس خلوص کی برکت ، اس مجموعہ کا اثر یہ ہوا کہ مردوں کو رشوت سے توبہ کرنا پڑی۔
نوٹ:- یہ ملفوظات ڈاکٹر فیصل صاحب (خلیفہ عبدالمتین شاہ صاحب دامت برکاتہم العالیہ) نے انتخاب فرمائے ہیں۔ اور انکو حضرت مولانا محمد زبیر صاحب (فاضل جامعہ دارالعلوم الاسلام لاہور 2023) نے تحریر فرمایا ہے ۔
یہ ملفوظات آپ ہماری ویب سائٹ
https://readngrow.online
پر بالکل مفت میں پڑھ سکتے ہیں ۔
براہ مہربانی یہ پوسٹ اپنے واٹس ایپ اور دیگر سوشل میڈیا پر شئیر کریں ۔

