فاروق اعظم رضی اﷲ عنہ کا آخری لمحات میں بھی اتباعِ سنت
آپ نے سیدنا عمر فاروق رضی اﷲ عنہ کا یہ واقعہ سنا ہوگا کہ ان کے آخری لمحات حیات میں ایک نوجوان ان کی عیادت کے لئے آیا ، واپس جانے لگا تو حضرت نے فرمایا برخوردار تمہاری چادر ٹخنوں سے نیچی ہے، اور یہ آنحضرت صلی اﷲ علیہ وسلم کی سنت کے خلاف ہے۔۔۔۔۔ان کے صاحبزادے سیدنا عبداﷲ بن عمر رضی اﷲ عنہ کو آنحضرت صلی اﷲ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ کے اپنانے کا اس قدر شوق تھا کہ جب حج پر تشریف لے جاتے تو جہاں آنحضرت صلی اﷲ علیہ وسلم نے اپنے سفر حج میں پڑائو کیا تھا وہاں اترتے جس درخت کے نیچے آرام فرمایا تھا اس درخت کے نیچے آرام کرتے، اور جہاں آنحضرت صلی اﷲ علیہ وسلم فطری ضرورت کے لئے اُترے تھے، خواہ تقاضا نہ ہوتا تب بھی وہاں اُترتے، اور جس طرح آنحضرت صلی اﷲ علیہ وسلم بیٹھے تھے اس کی نقل اتارتے۔۔۔۔ رضی اﷲ عنہ یہی عاشقانِ رسول تھے (صلی اﷲ علیہ وسلم) جن کے قدم قدم سے آنحضرت صلی اﷲ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ صرف اوراق کتب کی زینت نہیں رہی بلکہ جیتی جاگتی زندگی میں جلوہ گر ہوئی، اور اس کو بوئے عنبرین نے مشام عالم کو معطر کیا، صحابہ کرام ؓ اور تابعین عظامؒ بہت سے ایسے ممالک میں پہنچے جن کی زبان نہیں جانتے تھے۔۔۔۔ نہ وہ ان کی لغت سے آشنا تھے مگر ان کی شکل و صورت، اخلاق و کردار اور اعمال و معاملات کو دیکھ کر علاقوں کے علاقے اسلام کے حلقہ بگوش اور جمال محمدی صلی اﷲ علیہ وسلم کے غلام بے دام بن گئے یہ سیرت نبوی کی کشش تھی جس کا پیغام ہر مسلمان اپنے عمل سے دیتا تھا۔۔۔۔ رضی اللہ عنہم ۔۔۔۔(راہ جنت)
سنت والی زندگی اپنانے کے لئے ہماری ویب سائٹ
https://readngrow.online
پر مطلوبہ کیٹگری میں دیکھئے ۔ اور مختلف اسلامی مواد سے باخبر رہنے کے لئے ویب سائٹ کا آفیشل واٹس ایپ چینل بھی فالو کریں ۔ جس کا لنک یہ ہے :۔
https://whatsapp.com/channel/0029Vb0Aaif4o7qSPFms4g1M
