عہدہ کے طلبگار نہ بنو (77)۔
حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہما ۔ اسلامی تاریخ کے ان جلیل القدر علمائے کرام، اور فقہاء صحابہ میں سے ہیں جن کی سیرت اور اقوال و افعال کو حجت سمجھا جاتا ہے ۔
پندرہ سال کی عمر سے ہی غزوات میں شرکت شروع کردی ۔ غزوہ خندق میں شریک تھے ۔ اور اسکے بعد ہر غزوے میں شامل رہے ۔ فتح مکہ کے وقت بیس سال کے بھرپور نوجوان تھے ۔ اسلئے مکمل اسلحہ زیب تن کرکے صف اول میں شامل ہوئے اور حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ کعبہ میں داخل ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
نوجوانی میں گھڑ دوڑ کے بہت شوقین تھے۔ مدینہ منورہ میں جب گھڑدوڑ کے مقابلے ہوتے تو آپ کی شرکت بھی ثابت ہے۔
آپ کا ایک خاص مزاج یہ تھا کہ عہدوں سے دور رہا کرتے تھے۔ حالانکہ آپ حضرت عمر خلیفہ دوم کے فرزند تھے لیکن از خود کنارہ کش رہا کرتےتھے۔ حتیٰ کہ حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے دور میں آپکو خلیفہ بنانے کی پیشکش کی گئی لیکن آپ نے معذرت فرمالی۔ حالانکہ آپ ایک محبوب و مقبول ترین خلیفہ کے بیٹے تھے اس لحاظ سیاست میں بہت ہی اہم کردار ادا کرسکتے تھے اور مسلمانوں کی خاصی تعداد بھی آپکو خلیفہ بنانے پر متفق ہوجاتی مگر آپ نے کبھی بھی ایسا نہ سوچا ۔ اکثر فتنہ باز لوگ یہی چاہتے تھے کہ آپ بھی سیاست کے اکھاڑے میں آجائیں۔
عبداللہ ابن زبیر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے دور میں کسی نے اِن سے کہا : ’’سب لوگ ختم ہوچکےہیں، آپ صحابی رسول ہیںاور عمر بن خطاب کے بیٹے ہیں۔ میدان میں کیوں نہیں آتے؟
تو آپ نے جواب دیا:۔
۔’’اللہ تعالیٰ نے بھائی کا خون حرام کردیا ہے۔ اس لئے میں میدان میں نہیں آتا‘‘۔۔
ایک مرتبہ خلیفہ بننے کی ترغیب دی گئی تو فرمایا:۔
میں اپنے لئے ایک مچھر کا خون بھی نہیں بہنے دوںگا۔ (ماخوذ از کتاب تاریخ امت مسلمہ)
فائدہ:یہ ہمارے دین کے رہنما تھے جو ہمیشہ سیاست، عہدوں اور دنیوی شہرت سے خود کو دُور رکھتے تھے۔ چہ جائیکہ آج کا مسلمان عہدے کی تلاش میں مارا مارا پھرتا ہےاور ہر غلط کام کرنے کو تیار رہتا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو فتنوں کے دور میں محفوظ و مامون فرمائے اور دین اسلام پر صحابہ کی اقتداء میں عمل کرنے کی توفیق عطافرمائے۔
کیونکہ صحابہ کرام کی اقتداء ہی ایسا راستہ ہے
جس کی منزل جنت ہے۔
نوٹ : یہ ’’آج کی بات‘‘ ایک بہت ہی مفید سلسلہ ہے جس میں حذیفہ محمد اسحاق کی طرف سے مشاھدات،خیالات اور تجربات پر مبنی ایک تحریر ہوتی ہے ۔ یہ تحریر ہماری ویب سائٹ
Visit https://readngrow.online/ for FREE Knowledge and Islamic spiritual development.
پر مستقل شائع ہوتی ہے ۔ ہر تحریر کے عنوان کے آگے ایک نمبر نمایاں ہوتا ہے ۔ جس اسکی قسط کو ظاہر کرتا ہے کہ یہ کون سی قسط ہے ۔ پچھلی قسطیں بھی ہماری ویب سائٹ پر دستیاب ہیں ۔ اگر کوئی پیغام یا نصیحت یا تحریر آپکو پسند آتی ہے تو شئیر ضرور کریں ۔ شکریہ ۔
مزید اپڈیٹس کے لئے ہمارے واٹس ایپ چینل کو ضرور فالو کریں
https://whatsapp.com/channel/0029Vb0Aaif4o7qSPFms4g1M

