عملیات کو مؤثر سمجھنے میں عقیدہ کا فساد
ملفوظاتِ حکیم الامت مجددالملت حضرت مولانا محمد اشرف علی تھانوی رحمۃ اللہ علیہ
ارشاد فرمایا کہ اگر عملیات پر جازم (یعنی ایسا پختہ ) اعتقاد ہو کہ اس میں ضرور فلاں تاثیر ہے اور اسی پر پوری نظر اور کامل اعتماد ہوجائے تو ( یہ ) بھی نا جائز ہے۔ اور یہ یقینی بات ہے کہ آج کل اکثر عوام عملیات کو ایسا مؤثر سمجھتے ہیں کہ حق تعالیٰ سے بھی غافل اور بے فکر ہو جاتے ہیں اور اسی پر بھروسہ کر کے بیٹھ جاتے ہیں حتیٰ کہ عامل ان آثار کو قریب قریب اپنے اختیار وقدرت میں سمجھنے لگتا ہے بلکہ کبھی زبان سے بھی دعویٰ کرنے لگتا ہے کہ میں یوں کردوں گا ۔ اور اگر عامل کا ایسا اعتقاد نہ ہوا لیکن ( عوام الناس) جاہلوں کا یہ اعتقادتو ضرور ہوتا ہے (کہ عامل صاحب چاہیں تو سب کچھ کر سکتے ہیں ) ۔ چونکہ عامل تعویذ دے کر اس فساد کا زیادہ سبب بنتا ہے (سو) ایسے شخص کو (جس کا عقیدہ فاسد ہے ) تعویذ دینا بھی درست نہیں معلوم ہوتا کیونکہ معصیت کا سبب بننا بھی معصیت ہے۔
نوٹ:- یہ ملفوظات ڈاکٹر فیصل صاحب (خلیفہ شیخ الحدیث حضرت مولانا عبدالمتین بن حسین شاہ صاحب دامت برکاتہم العالیہ) نے انتخاب فرمائے ہیں۔ اور انکو حضرت مولانا محمد زبیر صاحب (فاضل جامعہ دارالعلوم الاسلام لاہور 2023) نے تحریر فرمایا ہے ۔
یہ ملفوظات آپ ہماری ویب سائٹ
https://readngrow.online
پر بالکل مفت میں پڑھ سکتے ہیں ۔
براہ مہربانی یہ پوسٹ اپنے واٹس ایپ اور دیگر سوشل میڈیا پر شئیر کریں ۔

