عجیب و غریب حج
حضرت عبداللہ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیثوں کے ماہرتھے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے مزاج اور دین کی حقیقت کو خوب سمجھتے تھے۔ وہ جانتے تھے کہ صحیح دینداری کیا ہے؟
ایک بار آپ حج کو جارہے تھے۔ سفر میں ایک مقام پر ایک لڑکی کو دیکھا کہ کوڑے پر سے کچھ اُٹھا رہی ہے۔ ذرا اور قریب گئے تو کیا دیکھتے ہیں کہ بے چاری ایک مری ہوئی چڑیا کو جلدی جلدی ایک چیتھڑے میں لپیٹ رہی ہے۔ حضرت وہیں رُک گئے اور حیرت و محبت کے ساتھ اس غریب بچی سے پوچھا ’’بیٹی! تم اس مردار چڑیا کا کیا کرو گی؟‘‘ اور اپنے پھٹے پرانے میلے کپڑوں کو سنبھالتے ہوئے لڑکی کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔ رندھی ہوئی آواز میں بولی ’’چچا میاں! ہمارے ابا کو کچھ ظالموں نے قتل کردیا۔ ہمارا سب مال چھین لیا اور ساری جائیداد ہتھیالی۔ اب میں ہوں اور میرا ایک بھائی ہے۔ خدا کے سوا ہمارا کوئی سہارا نہیں۔ اب ہمارے پاس نہ کھانے کے لیے کچھ ہے اور نہ پہننے کے لیے۔ کئی کئی وقت ہم پر ایسے ہی گزر جاتے ہیں۔ اس وقت بھی ہم چھ وقت کے فاقے سے ہیں۔ بھیا گھر میں بھوک سے نڈھال پڑا ہے‘ میں باہر نکلی کہ شاید کچھ مل جائے۔ یہاں آئی تو یہ مردار چڑیا پڑی ملی۔ ہمارے لیے یہ بھی بڑی نعمت ہے۔‘‘ یہ کہتے ہوئے فاقہ کی ماری بچی پھوٹ پھوٹ کر رونے لگی۔
حضرت کا دل بھر آیا۔ بچی کے سر پر ہاتھ رکھا اور خود بھی رونے لگے۔ اپنے خزانچی سے پوچھا ’’اس وقت تمہارے پاس کتنی رقم ہے؟‘‘’’حضرت ایک ہزار اشرفیاں ہیں۔‘‘ خزانچی نے جواب دیا۔
۔’’میرے خیال میں مرو تک پہنچنے کے لیے بیس اشرفیاں کافی ہوں گی۔‘‘ حضرت نے پوچھا۔
۔’’جی ہاں! بیس اشرفیاں گھر تک پہنچنے کے لیے بالکل کافی ہیں۔‘‘ خزانچی نے جواب دیا۔
۔’’تو پھر تم بیس اشرفیاں روک لو اور باقی ساری رقم اس لڑکی کے حوالے کردو۔ ہم اس سال حج کو نہیں جائیں گے۔ یہ حج کعبہ کے حج سے بھی زیادہ بڑا ہے۔‘‘ حضرت نے فیصلہ کن انداز میں کہا۔۔۔
خزانچی نے ساری رقم لڑکی کے حوالے کردی‘ غم اور فاقہ سے کملایا ہوا چہرہ ایک دم کھل اُٹھا اور لڑکی کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو تیرنے لگے اور تیز تیز قدم اُٹھاتی ہوئی خوشی خوشی اپنے گھر کو لوٹ گئی۔ حضرت نے خدا کا شکر ادا کیا اور خزانچی سے فرمایا ’’چلو اب یہیں سے گھر کو واپس چلیں‘ خدا نے یہیں ہمارا حج قبول فرمالیا۔‘۔‘
اگرآپ کو یہ واقعہ پسند آیا ہے تو اسکو شئیر ضرور کریں اور اس طرح کے دیگر اسلامی واقعات اور اولیاء اللہ کے حالات و تذکرے آپ ہمارے ویب سائٹ
https://readngrow.online
پر بالکل مفت میں پڑھ سکتے ہیں ۔
تمام اسلامی مواد اور دیگر کیٹگریز کو دیکھنے کے لئے یہ لنک وزٹ کریں
https://readngrow.online/readngrow-categories/
نیز ہم اس ویب سائٹ کی مفید چیزوں کو اس واٹس ایپ چینل پر بھی شئیر کرتے رہتے ہیں ۔
https://whatsapp.com/channel/0029VaviXiKHFxP7rGt5kU1H
یہ چینل فالو کرلیں ۔

