صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا جذبۂ اتباعِ سنت
صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو ہر آن اس بات کا دھیان تھا کہ حضور اقدس صلی اﷲ علیہ وسلم کی اتباع کس طرح ہو؟ صحابہ کرام ویسے ہی صحابہ کرام نہیں بن گئے۔۔۔۔ سنئے۔۔۔۔ ایک مرتبہ حضور اقدس صلی اﷲ علیہ وسلم مسجد نبوی میں خطبہ دے رہے تھے، خطبہ کے دوران آپ نے دیکھا کہ کچھ لوگ مسجد کے کناروں پرکھڑے ہوئے ہیں۔۔۔۔ جیسا کہ آج کل بھی آپ نے دیکھا ہوگا کہ جب کوئی تقریر یا جلسہ ہوتا ہے تو کچھ لوگ کناروں پرکھڑے ہوجاتے ہیں، وہ لوگ نہ تو بیٹھتے ہیں، اور نہ جاتے ہیں، اس طرح کناروں پر کھڑا ہونا مجلس کے ادب کے خلاف ہے، اگر تمہیں سننا ہے تو بیٹھ جائو، اور اگر نہیں سننا ہے تو جائو، اپنا راستہ دیکھو، اس لئے کہ اس طرح کھڑے ہونے سے بولنے والے کاذہن بھی تشویش میں مبتلا ہوتا ہے، اور سننے والوں کا ذہن بھی انتشار کا شکار رہتا ہے۔۔۔۔
آنحضرت صلی اﷲ علیہ وسلم نے کناروں پرکھڑے ہوئے لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے ایک مرتبہ فرمایا کہ ’’بیٹھ جائو‘‘ جس وقت آپ نے یہ حکم دیا اس وقت حضرت عبداﷲ بن مسعود رضی اﷲ عنہ باہر سڑک پر تھے اور مسجد نبوی کی طرف آرہے تھے، اور ابھی مسجد میں داخل نہیں ہوئے تھے۔۔۔۔ کہ اس وقت ان کے کان میں حضور اقدس صلی اﷲ علیہ وسلم کی یہ آواز آئی کہ ’’بیٹھ جائو‘‘ آپ وہیں سڑک پر بیٹھ گئے، خطبہ کے بعد جب حضور اقدس صلی اﷲ علیہ وسلم سے ملاقات ہوئی تو آپ نے فرمایا کہ میں نے تو بیٹھنے کا حکم ان لوگوں کودی تھا جویہاں مسجدکے کناروں پرکھڑے ہوئے تھے، لیکن تم تو سڑک پر تھے، اور سڑک پر بیٹھنے کو تو میں نے نہیں کہا تھا، تم وہاں کیوں بیٹھ گئے؟… حضرت عبداﷲ بن مسعود رضی اﷲ عنہ نے جواب دیا کہ جب حضور (اقدس صلی اﷲ علیہ وسلم) کا یہ ارشاد کان میں پڑگیا کہ ’’بیٹھ جائو‘‘ تو پھر عبداﷲ بن مسعود کی مجال نہیں تھی کہ وہ ایک قدم آگے بڑھائے …
اور یہ بات نہیں تھی کہ حضرت عبداﷲ بن مسعود رضی اﷲ عنہ اس بات کو جانتے نہیں تھے کہ حضور اقدس صلی اﷲ علیہ وسلم مجھے سڑک پر بیٹھنے کا حکم نہیں دے رہے تھے، بلکہ اصل بات یہ تھی کہ جب حضور صلی اﷲ علیہ وسلم کا یہ ارشاد کان میں پڑگیا کہ ’’بیٹھ جائو‘‘ تواب اس کے بعد قدم نہیں اٹھ سکتا، صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی اتباع کا یہ حال تھا، ویسے ہی صحابہ کرام نہیں بن گئے تھے، عشق و محبت کے دعوے دار تو بہت ہیں لیکن ان صحابہ کرام جیسا عشق کوئی لے کر تو آئے۔۔۔۔
سنت والی زندگی اپنانے کے لئے ہماری ویب سائٹ
https://readngrow.online
پر مطلوبہ کیٹگری میں دیکھئے ۔ اور مختلف اسلامی مواد سے باخبر رہنے کے لئے ویب سائٹ کا آفیشل واٹس ایپ چینل بھی فالو کریں ۔ جس کا لنک یہ ہے :۔
https://whatsapp.com/channel/0029Vb0Aaif4o7qSPFms4g1M
