سب سے بڑا درود شریف کون سا ہے؟ (20)۔
اکثر لوگوں کو یہ خواہش ہوتی ہے کہ ہمیں وہ درود شریف مل جائے جوسب سے بڑا اور سب سے افضل ہو ۔ اس سلسلہ میں وہ بزرگوں کے منقولکلمات کو بڑی خوشی سے پڑھتے ہیں کہ فلاں بزرگ اس طرح درود شریف پڑھتے تھےاور فلاں بزرگ نے اس طرح درود پڑھا تھا۔ اسی لالچ میں بعض اوقات لوگ انتہائی غلط اور غیر مستند کلمات بھی پڑھنے لگ جاتے ہیں۔حالانکہ درود شریف پڑھنے کا سب سے افضل طریقہ وہ ہے جو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے خود ارشاد فرمایاہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے بہتر کسی کا بتایا ہوا نہیں ہوسکتا۔
پڑھئے !!! حدیث کا مفہوم اور عمل کریں۔
عبدالرحمن بن ابی لیلیٰ کہتے ہیں کہ مجھے ایک مرتبہ صحابی رسول حضرت کعب بن عجرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ ملے اور فرمایا: میں تمہیں ایک بہت ہی بہترین تحفہ پیش کرتا ہوں۔ اور وہ بہترین تحفہ یہ حدیث ہے ۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ایک مرتبہ ہم لوگوں میں تشریف لائے تو ہم نے عرض کیا: یار سول اللہ! یہ بات تو آپ نے ہمیں سکھلا دی کہ سلام کا طریقہ کیا ہے۔ البتہ یہ بھی ہمیں سکھا دیں کہ آپ پر درود کس طرح پڑھیں؟ (یعنی آپ پر درود پڑھنے کا سب سے افضل طریقہ کیا ہوگا)۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ۔
ان کلمات کے ساتھ طرح مجھ پر درود پڑھنا۔
اللّٰھمَّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدٍ وَّعَلیٰ آل مُحَمَّدٍ، کَما صَلَّیْتَ عَلٰی آلِ اِبراھیمَ اِنَّکَ حَمِیْدٌ مَّجِیدٌ۔
اللّٰھُمَّ بَارِکْ عَلیٰ مُحَمَّدٍ وَّعَلیٰ آلِ مُحَمَّدٍ کَمَابَارَکْتَ عَلٰی آلِ اِبراھیمَ اِنَّک حَمِیْدٌ مَّجِیْدٌ۔
یہ درود ابراہیمی کے نام سے بھی مشہور ہے۔ جو کہ صحیح البخاری ودیگر کافی ساری احادیث کی کتابوں میں موجود ہے۔ پس جس شخص کو یہ بات پسند ہو کہ وہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم پر سب سے افضل طریقہ سے درود بھیجے تو چاہئے کہ صاحبِ درود کے بتائے ہوئے الفاظ سے صلوٰۃ و سلام بھیجے۔ اسکے علاوہ جتنے بھی درود کے صیغے ہیں وہ بھی مقبول و منظور ہیں بشرطیکہاُن میں شرکیہ کلمات نہ ہوں۔ بہت سارے بزرگوں نے اپنے مکشوفات اور معلومات کے مطابق اور مختلف احوال کے مطابق خاص درود بھی ارشاد فرمائے ہیں ۔مگر یاد رکھیں کہ سب سے افضل یہی درود ہے جو خود صاحبِ درود نے ہم کو سکھایا ہے۔
۔6357 – سَمِعْتُ عَبْدَ الرَّحْمَنِ بْنَ أَبِي لَيْلَى قَالَ: «لَقِيَنِي كَعْبُ بْنُ عُجْرَةَ، فَقَالَ: أَلَا أُهْدِي لَكَ هَدِيَّةً؟ إِنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ خَرَجَ عَلَيْنَا …………..حَمِيدٌ مَجِيدٌ۔
۔(صحيح البخاري(8/77 ط السلطانية))۔
نوٹ : یہ ’’آج کی بات‘‘ ایک بہت ہی مفید سلسلہ ہے جس میں حذیفہ محمد اسحاق کی طرف سے مشاھدات،خیالات اور تجربات پر مبنی ایک تحریر ہوتی ہے ۔ یہ تحریر ہماری ویب سائٹ
https://readngrow.online/
پر مستقل شائع ہوتی ہے ۔ ہر تحریر کے عنوان کے آگے ایک نمبر نمایاں ہوتا ہے ۔ جس اسکی قسط کو ظاہر کرتا ہے کہ یہ کون سی قسط ہے ۔ پچھلی قسطیں بھی ہماری ویب سائٹ پر دستیاب ہیں ۔ اگر کوئی پیغام یا نصیحت یا تحریر آپکو پسند آتی ہے تو شئیر ضرور کریں ۔ شکریہ ۔
مزید اپڈیٹس کے لئے ہمارے واٹس ایپ چینل کو ضرور فالو کریں
https://whatsapp.com/channel/0029Vb0Aaif4o7qSPFms4g1M