رمضان المبارک میں اپنا جائزہ لیں (ملفوظات شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی مدظلہ العالی)۔
ارشاد فرمایا کہ اس مہینہ کو اللہ تعالیٰ کی نعمت سمجھیں اور اس کے لمحے لمحے سے فائدہ اٹھائیں اور سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ سے اپنے گناہوں کی مغفرت طلب کریں اور اس بات کا جائزہ لیں کہ اس مہینہ میں ہمارے اندر تقویٰ اور اللہ تعالیٰ سے جواب دہی کا احساس پیدا ہورہا ہے یا نہیں ؟ اگر پہلے سے یہ احساس تھا تو اس میں ترقی ہوئی ہے یا نہیں؟ کیونکہ اللہ تعالیٰ نے یہ مقدس مہینہ اس لئے ہمیں عطا فرمایا تھا کہ ہمارے اندر تقویٰ پیدا ہو۔ اگر یہ جائزہ لینے کے بعد آپ کو محسوس ہو کہ تقویٰ اور اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں جواب دہی کا احساس پیدا ہوا ہے اور اللہ تعالیٰ کی خشیت دل میں پیدا ہوئی ہے تو یہ مہینہ آپ کے لئے مبارک ہے۔ لیکن خدا نہ کرے کہ رمضان المبارک کا مہینہ بھی ہمیں نصیب ہوا اور ہم نے نہ تو حرام خوری چھوڑی اور نہ ہی ہمارے دل میں اللہ تعالیٰ کے حضور جواب دہی کا احساس پیدا ہوا تو اس کا مطلب یہ ہے کہ اس مہینہ میں ہم اپنی زندگی میں کوئی تبدیلی نہیں لاسکے ، جیسے اس مہینہ سے پہلے گناہوں کی نجاست میں لت پت تھے اسی طرح اب بھی ہیں ، اللہ تعالیٰ ہمیں اس سے محفوظ فرمائیں۔ خلاصہ یہ کہ اس مبارک مہینے میں نماز کے ذریعہ ، راتوں کی عبادت کے ذریعہ اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کریں اور توبہ و استغفار کا اہتمام کریں اور اپنا جائزہ لے کر اپنے آپ کو بہتر بنانے کی کوشش کریں۔
۔(خطباتِ رمضان، صفحہ ۱۰۲)۔
یہ ملفوظات حضرت ڈاکٹر فیصل صاحب نے انتخاب فرمائے ہیں ۔
شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب کے ملفوظات اور تعلیمات پڑھنے کے لئے یہ لنک وزٹ کریں:۔
https://readngrow.online/category/mufti-taqi-usmani-words/