رات کو سونے کے متعلق ہدایات اور سنتیں

رات کو سونے کے متعلق ہدایات اور سنتیں

۔(۱) بستر پر سونے سے پہلے ۳۳ بار سبحان اللہ ، ۳۳ بار الحمدللہ اور ۳۴ بار اللہ اکبر پڑھیں۔ (مسلم، کتاب الدعوات) …(۲) سونے سے پہلے آیت الکرسی پڑھیں۔(بخاری)
۔(۳) سونے سے پہلے یہ دُعا پڑھیں: ’’اَللّٰھُمَّ بِاِسْمِکَ اَمُوْتُ وَاَحْیَا‘‘ … اے اللہ! میں تیرا نام لے کر مرتا (یعنی سوتا) ہوں اور جیتا ہوں۔ (بخاری، مسلم)یعنی میرے شب و روز اے اللہ! سب تیرے لیے ہیں۔ میری موت کا تو ہی مالک ہے۔
۔(۴) سونے سے پہلے بسم اللہ پڑھ کر ان اُمور کو انجام دیں، دروازہ بند کریں۔ آگ وغیرہ جس سے آگ لگنے کا اندیشہ ہو بجھا دیں، برتن ڈھانک دیں، ایک روایت میں ہے کہ سال میں ایک رات ایسی ہوتی ہے جس میں وبا نازل ہوتی ہے جس کھلے ہوئے برتن سے گزرتی ہے اس میں وبا کا کچھ حصہ ضرور داخل ہو جاتا ہے۔ (مسلم) اگر پانی کی بالٹی (وغیرہ کہ جس کو پورا بند نہ کرسکے) تو اس کے منہ پر کوئی لکڑی (وغیرہ) بسم اللہ پڑھ کر رکھ دیں۔ (مشکوٰۃ) جن برتنوں میں کھانے پینے کی چیزیں ہوں ان سب کو (بسم اللہ پڑھ کر) ڈھانپ دیں۔ ( مسلم)
سنت- ۸:بستر بچھا ہوا ہو یا لپٹا ہوا ہو تو لیٹنے سے پہلے اس کو جھاڑ لیں ‘ تہمبند کے ایک کنارے ہی سے جھاڑ لیں (مشکوٰۃ)
سنت- ۹:سونے کے لئے پھر مسواک کر لیں (مشکوٰۃ)
سنت- ۱۰:سونے کے قبل دونوں ہاتھوں کی ہتھیلیاں ملا کر ان پر پھونک ماریں ایک مرتبہ بسم اللہ الرحمن الرحیم پڑھ کر سورئہ اخلاص پڑھیں پھر پوری بسم اللہ الرحمن الرحیم پڑھ کر قل اعوذ برب الفلق ۔ پھر بسم اللہ الرحمن الرحیم پڑھ کر قل اعوذ برب الناس پڑھیں اور دونوں ہاتھوں کو سر سے پائوں تک جہاں تک ہاتھ پہنچیں پھیر لیں پہلے سامنے سر سے شروع کر کے پیروں تک اس کے بعد کمر کی طرف کو پھیر لیں اس طرح سے تین بار کریں (ترمذی)
سنت-۱۱ :خود بستر بچھانا (مسلم)
سنت- ۱۲:تکیہ لگانا (مسلم)
(۵) سرمہ دانی رکھیں اور سوتے وقت خود بھی ڈالیں اور بچوں سے بھی اہتمام کروائیں، تین تین سلائیاں دونوں آنکھوں، پہلے تین مرتبہ دائیں میں پھر تین مرتبہ بائیں میں ڈالیں۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا یہی معمول تھا۔ (مشکوٰۃ المصابیح)
۔(۶) جب بچے دس سال کی عمر کے ہو جائیں تو بہن بھائی کے بستر الگ الگ کردیں۔ (ابوداؤد) … (۷) بیوی، بچوں کو نصیحت آمیز واقعات سنائیں اور خوش طبعی کی باتیں کریں۔ (۸) داہنی کروٹ پر قبلہ رو ہوکر سوئیں۔ (مسلم، کتاب الدعوات) … داہنا ہاتھ دائیں رُخسار کے نیچے رکھیں۔ (بخاری) … اُلٹا لیٹنا اس طرح سے کہ سینہ زمین کی طرف اور پیٹھ آسمان کی طرف ہو منع ہے (کیونکہ اس طرح شیطان سوتا ہے )۔ (مشکوٰۃ المصابیح) … (۹) رات کو۔ سونے سے پہلے مسواک کرنا، وضو کرکے سونا مسنون ہے۔ (ابوداؤد)
۔(۱۰) نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے ان تمام چیزوں پر استراحت فرمانا ثابت ہے۔ بوریہ، چٹائی، کپڑے کا فرش، زمین، تخت، چارپائی، چمڑا اور کھال۔ (المسند للامام ابی یعلی الموصلی)
ان میں سے ہر جگہ سنت کی نیت کرنے سے آپ کو ثواب مل سکتا ہے۔
۔(۱۱) تہجد کی نماز کے لیے اُٹھنے کی نیت سے مصلے وغیرہ ساتھ رکھ کر سونا۔ (مشکوٰۃ المصابیح)
۔(۱۲) قرآن مجید میں سے کوئی سورت ضرور پڑھیں۔ …فائدہ:… قرآن مجید کی بعض سورتوں، آیتوں اور دوسری بعض دُعاؤں کے متعلق رات کو پڑھنے کا حکم آیا ہے جس کو جو آسان لگے پڑھ لیا کریں۔ (۱۳) وضو کا پانی اور مسواک پہلے تیار کرکے رکھنا۔ (صحیح مسلم) …(۱۴) آنکھ کھل جانے پر صبح صادق سے پہلے پہلے تہجد کی نماز پڑھنا۔
فائدہ:…نماز تہجد کی کم از کم دو رکعت اور زیادہ سے زیادہ بارہ رکعت سنت ہیں۔ اگر نماز عشاء کے بعد وتر کی نماز نہ پڑھی تو نماز تہجد کے بعد پڑھیں۔ اس کے بعد چاہیں تو قرآن مجید کی تلاوت یا ذکر الٰہی کرتے رہیں یا درُود شریف و دیگر وظائف وغیرہ پڑھتے رہیں یا تہجد پڑھ کر پھر سو جائیں تب بھی درست ہے مگر فجر کی نماز باجماعت ادا کریں کیونکہ اس کی زیادہ فضیلت ہے۔
نماز تہجد شروع کرنے سے پہلے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم یہ دُعا پڑھا کرتے تھے: ’’اَللّٰھُمَّ رَبَّ جِبْرِیْلَ وَمِیْکَائِیْلَ وَاِسْرَافِیْلَ عَالِمُ الْغَیْبِ وَالشَّھَادَۃِ اَنْت تَحْکُمُ بَیْنَ عِبَادِکَ فِیْمَا کَانُوْا فِیْہِ یَخْتَلِفُوْنَ اِھْدِنِیْ لِمَا اخْتُلِفَ فِیْہِ مِنَ الْحَقِّ بِاِذْنِکَ اِنَّکَ تَھْدِیْ مَنْ تَشَآئُ اِلٰی صِرَاطٍ مُّسْتَقِیْمِ‘‘ (صحیح مسلم)
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نمازِ تہجد میں کبھی تو بلند آواز سے قرأت فرماتے تھے اور کبھی پست آواز سے۔ (ابوداؤد) لہٰذا جیسا وقت اور موقع دیکھے اس کے مطابق عمل کرلے، دونوں طرح سے قرأت مسنون ہے۔
۔(۱۵) جب خواب میں اچھی چیز دیکھے تو اس پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرے اور اس کو بیان کردے۔ لیکن دوست کے علاوہ کسی سے بیان نہ کرے۔ (مشکوٰۃ المصابیح) کیونکہ جب دوست اور خیرخواہ اسے سنے گا تو اچھی تعبیر دے گا لیکن جب دشمن و مخالف سنے گا تو بری تعبیر دے گا عموماً پہلی تعبیر کے موافق خواب کی تعبیر ہو جاتی ہے۔
۔(۱۶) جب خواب میں ناپسندیدہ بات دیکھے تو بائیں طرف تھتکار دے یا تھوک دے۔ (مسلم) … اس طرح تھتکارے کہ منہ کی ہوا کے ساتھ تھوک کے کچھ ذرات بھی نکل جائیں۔ (الصحیح للامام مسلم) شیطان اور اس خواب کی برائی سے اللہ تعالیٰ کی پناہ تین مرتبہ مانگے۔ (الصحیح للامام مسلم) پناہ مانگنے کے لیے مثلاً یہ الفاظ کہے: ’’اَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیْطَانِ الرَّجِیْمِ وَمِنْ شَرِّ ھٰذِہِ الرُّوْیَا‘‘ اس کو تین بار کہے اور کسی سے اس خواب کا تذکرہ نہ کرے ، جس کروٹ پر ہے اس کو بدل دے یا اُٹھ کر نماز پڑھنے لگے۔ ایسا کرنے سے ان شاء اللہ وہ خواب نقصان نہ دے گا۔ (مسلم)
۔(۱۷) حضرت عبادہ بن صامت رضی اللہ تعالیٰ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص رات کو جاگ جائے اور جاگتے وقت یہ کلمات کہے: ’’لَا اِلٰہَ اِلاَّ اللّٰہُ وَحْدَہٗ لَا شَرِیْکَ لَہٗ لَہُ الْمُلْکُ وَلَہُ الْحَمْدُ وَھُوَ عَلٰی کُلِّ شَیْئٍ قَدِیْرٌ۔ سُبْحَانَ اللّٰہِ وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ وَلَا اِلٰہَ اِلاَّ اللّٰہُ وَاللّٰہُ اَکْبَرُ وَلَا حَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ اِلاَّ بِاللّٰہِ‘‘ پھر ’’رب غفرلی‘‘ کہہ کر اپنے رب سے دُعا کرے تو اس کی دُعا قبول کی جاتی ہے۔ اگر وہ کھڑا ہوا، وضو کیا، پھر نماز پڑھی تو اس کی نماز قبول کی جائے گی۔ (بخاری)
۔(۱۸) ایک روایت میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب بیدار ہوتے تو دس بار اللہ اکبر، دس بار الحمدللہ، دس بار سبحان اللہ وبحمدہ ، دس بار ’’سُبْحَانَ الْملِکِ الْقُدُّوْسِ‘‘ دس بار استغفراللہ اور دس بار لا الٰہ الا اللہ پڑھتے تھے، پھر دس بار ہی یہ دُعا پڑھتے: ’’اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَعُوْذُبِکَ مِنْ ضَیْقِ الدُّنْیَا وَضَیْقِ یَوْمَ الْقِیَامَۃُ‘‘ (مسلم شریف)
۔(۱۹) جاگنے کے بعد جب اُٹھنے کا ارادہ ہو تو یہ دُعا پڑھے: ’’اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِیْ اَحْیَانَا بَعْدَ مَا اَمَاتنَا وَاِلَیْہِ النُّشُوْر‘‘ (بخاری، کتاب الدعوات)

قیلولہ سنت ہے

حضرت مولانا قاری محمد طیب صاحب رحمہ اللہ اپنی سورۃ الملک کی تفسیر میں فرماتے ہیں کہ دن میں پانچ چھ گھنٹے کام کرکے طبعاً آدمی تھک جاتا ہے تو دن کے بیج کا حصہ قیلولہ کیلئے رکھا اور اسے سنت قرار دیا گیا۔
بعض روایات سے ثابت ہوتا ہے کہ بیچ دن کے مختصر آرام یعنی دس بیس منٹ‘ آدھا گھنٹہ قیلولہ کرنے سے عقل میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔
صبح سویرے اٹھتے ہی اس طرح سنتوں پر عمل کرنا شروع کر دیجئے اور اسے شب وروز کا معمول بنا لیجئے۔

نیند سے جاگتے وقت کی سنتیں

سنت-۱: نیند سے اٹھتے ہی دونوں ہاتھوں سے چہرے اور آنکھوں کو ملنا تاکہ نیند کا خمار دور ہو جائے۔ (شمائل ترمذی)
سنت-۲: جاگنے کے بعد یہ دعا پڑھنا
اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِی اَحْیَانَا بَعْدَ مَا اَمَاتَنَا وَاِلِیْہِ النُّشُوْرُ (شمائل ترمذی)
سنت-۳: جب بھی آپ سو کر اٹھیں تو مسواک کرنا (ابودائود)
فائدہ: وضو میں دوبارہ مسواک کی جائے گی وہ علیحدہ مسنون ہے۔ سو کر اٹھتے ہی مسواک کر لینا علیحدہ سنت ہے۔ پھر دیکھو نیند سے جاگنے کے بعد کپڑے پہننے ہوتے ہی ہیں لہذا کپڑے پہنتے وقت ان سنتوں کا آپ خیال رکھیں۔
سنت-۴: پاجامہ یا شلوار پہنیں تو اول دائیں پائوں میں پھر بائیں پائوں میں پہنئے! کرتا یا قمیص پہنیں تو پہلے داہنی آستین دائیں ہاتھ میں پہنئے پھر بائیں ہاتھ میں بائیں آستین پہنئے۔ اسی طرح صدری ‘ اچکن‘ شیروانی وغیرہ داہنی طرف سے پہننا شروع کیجئے۔ ایسے یہ جوتا پہلے دائیں پائوں میں پھر بائیں پائوں میں پہنئے اور جب اتاریں تو پہلے بائیں طرف کا اتارئیے پھر دائیں طرف کا اتارئیے (ترمذی) اور بدن کی پہنی ہوئی ہر چیز کا یہی مسنون طریقہ ہے۔
اس کے بعد عام طورپر صبح اٹھنے کے بعد پیشاب پاخانے کی حاجت ہوتی ہے لہٰذا جس وقت بھی یہ ضرورت پیش آئے مندرجہ ذیل سنتوں کا خیال رکھیں۔
سنت-۵: پانی لینے کے وقت پانی کے برتن میں ہاتھ نہ ڈبوئیں بلکہ پہلے دونوں ہاتھوں کو پہنچوں تک تین مرتبہ دھو لیں تب پانی کے اندر ہاتھ ڈالیں (ترمذی)
سنت-۶: استنجے کے لئے پانی اور ڈھیلے دونوں لے جائیں ‘ تین ڈھیلے یا پتھر ہوں تو مستحب ہے اگر پہلے سے بیت الخلاء میں انتظام کیا ہوا ہے تو کافی ہے۔ (ترمذی بخاری‘ مسلم)
سنت-۷: جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جب بیت الخلاء میں تشریف لے جاتے تو جوتا پہن کر جاتے اور سرڈھک کر جاتے تھے۔ (ابن سعد)
سنت- ۸:بیت الخلاء میں داخل ہونے سے پہلے یہ دعا پڑھیں۔
بِسْمِ اللّٰہِ اَللّٰھُمَّ اِنِّی اَعُوْذُبِکَ مِنْ الْخُبُثِ وَالْخَبَآئِثِ (ترمذی)
سنت- ۹:بیت الخلاء میں داخل ہوتے وقت اندر پہلے بایاں قدم رکھیں (ابن ماجہ)
سنت- ۱۰: جب بدن ننگا کریں تو آسانی کے ساتھ جتنا نیچا ہو کر کھول سکیں اتنا ہی بہتر ہے (ترمذی‘ ابودائود)
سنت- ۱۱: انگوٹھی یا کسی چیز پر قرآن شریف کی آیت یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا نام اقدس لکھا ہوا ہو (اور وہ دکھائی دیتا ہو) اس کو اتار کر باہر ہی چھوڑ جانا چاہئے (نسائی)
فائدہ: فراغت کے بعد باہر آ کر پھر پہن لیں ‘ تعویذ جس کو موم جامہ کر لیا گیا ہو یا کپڑے میں سی لیا گیا ہو اس کو پہن کر جانا جائز ہے۔
سنت- ۱۲:رفع حاجت کے وقت قبلہ کی طرف نہ چہرہ کریں نہ اس طرف کو پیٹھ کریں‘ جنوباً شمالاً یا ٹیڑھا ہو کر قبلہ سے پھر کر بیٹھیں۔ (ترمذی)
سنت-۱۳ :رفع حاجت کرتے ہوئے (بلاضرورت شدید) کلام نہ کریں‘ اسی طرح زبان سے اللہ کا ذکر بھی نہ کریں۔ (مشکوٰۃ)
سنت- ۱۴:پیشاب کرتے وقت یا استنجا کرتے وقت عضو خاص کو دایاں ہاتھ نہ لگائیں بلکہ بایاں ہاتھ لگائیں (بخاری و مسلم)
سنت- ۱۵: پیشاب پاخانے کی چھینٹوں سے بہت بچیں کیونکہ اکثر عذاب قبر پیشاب کی چھینٹوں سے پرہیز نہ کرنے سے ہوتا ہے (ترمذی)
سنت- ۱۶:بعض مرتبہ بیت الخلاء نہیں ہوتا تو اس وقت ایسی آڑ کی جگہ میں رفع حاجت کرنا چاہئے جہاں دوسرے آدمی کی نگاہ نہ پڑے (ترمذی)
سنت- ۱۷: جنگل یا شہر کے باہر میدان میں قضا حاجت کی ضرورت پیش آئے تو اتنی دور جانا چاہئے کہ لوگوں کی نگاہ نہ پڑے (ترمذی)
سنت- ۱۸:یا کسی نشیبی زمین میں چلا جائے جہاں کوئی دیکھ نہ سکے (قرآن کریم)
سنت- ۱۹:پیشاب کرنے کے لئے نرم زمین کی تلاش کریں تاکہ پیشاب کی چھینٹیں نہ اچھٹیں بلکہ زمین جذب کرتی چلی جائے (ترمذی)
سنت- ۲۰:بیٹھ کر پیشاب کریں کھڑے ہو کر پیشاب نہ کریں (ترمذی)
سنت- ۲۱:استنجا پہلے ڈھیلوں سے کریں اس کے بعد پانی سے کریں (ترمذی ‘ رزین)
سنت- ۲۲: بیت الخلاء سے نکلتے وقت پہلے دایاں پائوں باہر نکالیں (ترمذی)
سنت- ۲۳:بیت الخلاء سے باہر آنے کے بعد یہ دعا پڑھیں۔
غُفْرَانَکَ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِی اَذْھَبَ عَنِّی الْاَذٰی وَعَافَانِی (ترمذی)
سنت-۲۴ :پیشاب کرنے کے بعد استنجا وغیرہ سکھانا ہو تو دیوار وغیرہ کی آڑ میں کھڑے ہونا چاہئے (ترمذی‘ طحاوی)
اسی طرح بعض اوقات غسلِ جنابت جو فرض ہے کرنا ہوتا ہے کیونکہ ایسی حالت میں بغیر غسل کئے نماز ہی نہ ہوگی اس لئے غسل کی سنتیں لکھی جاتی ہیں۔
سنت-۲۵ : صبح صادق ہوجانے کے بعد جب آنکھ کھلے تو غسل کرنے میں دیر نہ کرنی چاہئے‘ جہاں تک ممکن ہو جلدی کر لینا چاہئے (ترمذی) تاکہ نماز فجر جماعت کے ساتھ ادا ہو ‘ فجر ہو جانے کے بعد بھی آدمی فرضی غسل نہ کرے جنابت کی حالت ہی میں پڑا رہے تو اس کے گھر میں رحمت کے فرشتے داخل نہیں ہوتے۔ (مشکوٰۃ)

سنت والی زندگی اپنانے کے لئے ہماری ویب سائٹ
https://readngrow.online
پر مطلوبہ کیٹگری میں دیکھئے ۔ اور مختلف اسلامی مواد سے باخبر رہنے کے لئے ویب سائٹ کا آفیشل واٹس ایپ چینل بھی فالو کریں ۔ جس کا لنک یہ ہے :۔
https://whatsapp.com/channel/0029Vb0Aaif4o7qSPFms4g1M

Most Viewed Posts

Latest Posts

مختلف سنتیں

مختلف سنتیں سنت-۱ :بیمار کی دوا دارو کرنا (ترمذی)سنت- ۲:مضرات سے پرہیز کرنا (ترمذی)سنت- ۳:بیمار کو کھانے پینے پر زیادہ زبردستی مت کرو (مشکوٰۃ)سنت- ۴:خلاف شرع تعویذ‘ گنڈے‘ ٹونے ٹوٹکے مت کرو (مشکوٰۃ) بچہ پیدا ہونے کے وقت سنت-۱: جب بچہ پیدا ہو تو اس کے دائیں کان میں اذان...

read more

حقوق العباد کے متعلق سنتیں

حقوق العباد کے متعلق ہدایات اور سنتیں اولاد کے حقوق حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشادات ہیں کہ: ٭ مسلمانو! خدا چاہتا ہے کہ تم اپنی اولاد کے ساتھ برتائو کرنے میں انصاف کو ہاتھ سے نہ جانے دو۔۔۔۔ ٭ جو مسلمان اپنی لڑکی کی عمدہ تربیت کرے اور اس کو عمدہ تعلیم دے اور...

read more

عادات برگزیدہ خوشبو کے بارے میں

عادات برگزیدہ خوشبو کے بارے میں آپ خوشبو کی چیز اور خوشبو کو بہت پسند فرماتے تھے اور کثرت سے اس کا استعمال فرماتے اور دوسروں کو بھی اس کی ترغیب دیتے تھے۔۔۔۔ (نشرالطیب)آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم آخر شب میں بھی خوشبو لگایا کرتے تھے۔۔۔۔ سونے سے بیدار ہوتے تو قضائے حاجت سے...

read more