ذکر کی سب سے زیادہ نفع بخش صورت(ملفوظات شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی مدظلہ العالی)۔
ارشاد فرمایا کہ ہر وقت چلتے پھرتے ، اٹھتے بیٹھتے انسان اللہ تعالیٰ کی طرف متوجہ رہے ۔ کبھی اللہ تعالیٰ سے دعا مانگ لے ، کبھی اس کی نعمتوں پر دل میں شکر ادا کرے ، کبھی جہنم سے پناہ مانگ لے ، کبھی اپنی کوئی حاجت اللہ تعالیٰ سے مانگ لے ، غرض یہ کہ اس کے سامنے جو بھی حاجت آتی ہے وہ دل ہی دل میں اللہ تعالیٰ کے سامنے رکھ دیتا ہے۔ مثلاََ گھر سے نکلیں تو دل میں دعا کرلیں کہ یا اللہ ! سواری آسانی سے مل جائے، سواری میں بیٹھ جائیں تو دل میں دعا کرلیں کہ یا اللہ ! آسانی کے ساتھ منزل پر پہنچ جاؤں، یا اللہ ! مجھے سفر میں اچھا ہم سفر ملے ، یا اللہ ! ان کو بھی دین و دنیا کی بھلائی عطا فرمادے ۔ ہسپتال کے قریب سے گزریں تو دل میں تمام مریضوں کی صحت یابی کے لئے دعا کرلیں۔ کسی غریب آدمی کو دیکھیں تو اس کے لئے دعا کرلیں کہ یا اللہ ! اس کی حاجات پوری فرمادے۔ گرمی لگ رہی ہے تو دل میں اللہ تعالیٰ سے دعا مانگ لیں کہ یا اللہ ! گرمی کی تکلیف سے نجات عطا فرمادے ، سردی لگے تو دل میں اسی طرح دعا مانگ لیں ۔ اچھی ہوا چلے تو دل میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کریں ۔ بارش آئے تو اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کریں کہ آپ نے بارش عطا فرمائی ، ہمیں اس کی تباہ کاریوں سے بچائے رکھنا ۔ الغرض ہر وقت کوئی نہ کوئی حاجت اللہ تعالیٰ سے مانگتے رہیں۔
۔(خطباتِ رمضان، صفحہ ۲۴۵)۔
یہ ملفوظات حضرت ڈاکٹر فیصل صاحب نے انتخاب فرمائے ہیں ۔
شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب کے ملفوظات اور تعلیمات پڑھنے کے لئے یہ لنک وزٹ کریں:۔
https://readngrow.online/category/mufti-taqi-usmani-words/

