دھوکہ دے کر ناپسندیدہ یا ناکارہ لڑکی کا نکاح کرنا
بسلسلہ ملفوظات حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانوی نور اللہ مرقدہ
ارشاد فرمایا کہ منکوحہ کسی وجہ سے ایسی ہو کہ مرد اس کو پسند نہ کرے گا اور لڑکی کے اولیاء نے دھوکہ دے کر کسی سے نکاح کردیا مثلاً ایسا کوئی مرض ہے جو ہم بستری سے مانع ہے ۔ ایک جگہ پاگل لڑکی کا نکاح ایک اندھے سے کردیا تھا، اس نے شوہر کے کاٹ لیا ۔ وہ بھاگا اور بے حد رسوائی ہوئی ، آخر میں طلاق ہوئی اور مہر کا جھگڑا پڑا۔ایک جگہ عورت بالکل بھوری تھی یعنی جلد ایسی سفید تھی جیسے برص کے مرض میں ہو جاتی ہے ۔ سومرد کہیں تو صابر شاکر بے نفس ہوتا ہے اور برداشت کرتا ہے مگر اس کی پوری زندگی بے مزہ ہوتی ہے۔ گو چھٹکارا ممکن ہے مگر طبیعتیں مختلف ہوتی ہیں، بعض لوگ اس کو بے مروتی سمجھتے ہیں ، بعض لوگ وسعت کم رکھتے ہیں اس لیے وہ اس کا اہتمام نہیں کرتے تو جن لوگوں نے اس کو دھوکہ دیا ہے ان پر تو دھوکہ دینے اور ایذاء رسانی کا وبال ضرور ہی ہوگا۔ بعض جگہ دیکھا گیا ہے کہ آسیب زدہ لڑکی کو کسی کے سر مڑھ دیا اور جب وہ متوجہ ہوا تو جن صاحب اس کی طرف متوجہ ہوئے ، غرض یوں ہی صبر کر کے رہ گیا اور خدمت اس کی جدا اس کے ذمہ رہی تو یہ لوگ لڑکی کے لیے شوہر تجویز نہیں کرتے بلکہ اس کے لیے ایک مزدور تلاش کرتے ہیں ۔

خاص طور سے اگر بی بی صاحبہ بد زبان و بد مزاج ہوں تب تو اچھی خاصی شوہر کے لیے دوزخ ہے ۔ اسی طرح اگر وہ اندھی ہو ، کانی ہو، برص کے مرض میں مبتلا ہو ، جذام کے مرض میں مبتلا ہو تو ان سب کا نتیجہ برا ہوتا ہے ۔اگر مرد بے نفس ہوا تو اس کی زندگی برباد ہوئی اور اگر اس سے صبر نہ ہوسکا تو اس نے عورت کو تکلیف پہنچانا شروع کیا جس سے اس پر ایک مصیبت مرض وغیرہ کی تو پہلے ہی سے تھی،دوسری اور بڑھ گئی اور یہ ناچاقی ان دونوں سے آگے بڑھ کر دونوں خاندانوں میں مؤثر ہوتی ہے ۔ ان میں آپس میں دشمنی ہو جاتی ہے ، مقدمہ بازی ہوتی ہے ، کبھی علیحدگی کی کوشش کی جاتی ہے اور مرد انکار کرتا ہے ، کبھی مہر کا دعویٰ ہوتا ہے ، کبھی جھوٹے گواہ مہر کی معافی کے بنائے جاتے ہیں ، اور کبھی باوجود معاف کر دینے کے جھوٹا حلف معاف نہ کرنے کا گوارہ کر لیا جاتا ہے، غرض ہزاروں خلجان کھڑے ہوجاتے ہیں ۔ ان سب کی جڑ مرد عورت کاناموافق ہونا ہے۔(صفحہ ۱۶۶،اسلامی شادی)

حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانوی رحمہ اللہ تعالیٰ کے یہ ملفوظات نکاح یعنی اسلامی شادی سے متعلق ہیں ۔ ۔ خود بھی پڑھیں اور دوستوں سے بھی شئیر کریں ۔
مزید ملفوظات پڑھنے کے لئے ہماری ویب سائٹ
https://readngrow.online
اپنے پاس محفوظ کرلیں ۔
اس طرح کے ملفوظات روزانہ اس واٹس ایپ چینل پر بھی بھیجے جاتے ہیں
https://whatsapp.com/channel/0029VaJtUph4yltKCrpkkV0r
چینل جوائن کریں
