دُنیا میں سب سے پسندیدہ چیز کون سی ہے؟ (8)۔
تفسیر روح البیان میں ایک بہت دلچسپ اور ایمان افروز روایت نقل کی گئی ہے جسکاتشریحی مفہوم کچھ اس طرح ہے ۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: مجھے اس دنیا میں تین چیز یں بہت پسند ہیں : خوشبو، نیک بیوی اور میری آنکھوں کی ٹھنڈک نماز۔
حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے یہ بات سنی تو اُنہوں نے عرض کیا: یارسول اللہ! مجھے اس دنیا میں تین چیزیں پسند ہیں: آپکے چہرہ انور کی طرف دیکھتے رہنا، آپ پر اپنے مال کو خرچ کرتے رہنا اور آپکی صحبت میں بیٹھے رہنا۔
حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے کہا: مجھے یہ والی تین چیزیں پسند ہیں: اولیاء اللہ کی زیارت کرنا، اللہ کے دشمنوں پر بجلی بن کر گرنا، اور اللہ کی حدود کی حفاظت میں لگے رہنا ۔
حضرت عثمان غنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے کہا: مجھے دنیا میں تین چیزیں پسند ہیں: سلام کو پھیلانا، مستحقین کو کھانا کھلانا اور رات کے وقت نماز پڑھنا جب کہ لوگ سوئے ہوئے ہوں۔
حضرت علی کرم اللہ تعالیٰ وجہہ نے عرض کیا کہ مجھے بھی اس دنیا میں تین چیزیں پسند ہیں۔ سیف، صیف اور ضیف یعنی تلوار چلانا، گرمیوں کے روزے رکھنا اور مہمان کا اکرام کرنا۔
پس اسی دوران جبرئیل علیہ السلام تشریف لائے اور کہنے لگے: مجھے اس دنیا میں تین چیزیں پسند ہیں:بھٹکے ہوئے لوگوں کو راستہ دکھانا، مساکین کی مدد کرنا اور اللہ تعالیٰ کے کلام سے محبت کرنا۔
پھر جبرئیل علیہ السلام واپس چلے گئے اور کچھ دیر کے بعد حاضر ہوئے اور کہا: یا رسول اللہ ! اللہ تعالیٰ نے آپ کو سلام کہا ہے اور فرمایا ہے کہ مجھے اس دنیا میں تین چیزیں محبوب ہیں: گنہگاروں کے آنسو، نافرمانوں کو سزا دینا(ایسے نافرمان لوگ جن کو لمبی مہلت ملی ہو اور پھر بھی انہوں نے توبہ نہ کی ہو)اور تیسری چیز جو مجھے اس دنیا میں محبوب ہے وہ مجبوراور پریشان لوگوں کی دعاؤں کو قبول کرنا ہے ۔
جاء فى الحديث (حبب الىّ من دنياكم ثلاث الطيب والنساء۔۔۔۔ الخ
۔روح البيان» (6/ 362)۔
نوٹ : یہ ’’آج کی بات‘‘ ایک بہت ہی مفید سلسلہ ہے جس میں حذیفہ محمد اسحاق کی طرف سے مشاھدات،خیالات اور تجربات پر مبنی ایک تحریر ہوتی ہے ۔ یہ تحریر ہماری ویب سائٹ
https://readngrow.online/
پر مستقل شائع ہوتی ہے ۔ ہر تحریر کے عنوان کے آگے ایک نمبر نمایاں ہوتا ہے ۔ جس اسکی قسط کو ظاہر کرتا ہے کہ یہ کون سی قسط ہے ۔ پچھلی قسطیں بھی ہماری ویب سائٹ پر دستیاب ہیں ۔ اگر کوئی پیغام یا نصیحت یا تحریر آپکو پسند آتی ہے تو شئیر ضرور کریں ۔ شکریہ ۔
مزید اپڈیٹس کے لئے ہمارے واٹس ایپ چینل کو ضرور فالو کریں
https://whatsapp.com/channel/0029Vb0Aaif4o7qSPFms4g1M

