دنیاوی خزانہ کی حقیقت
ایک شخص رات کو چارپائی پر پیشاب کرتا تھا۔ بیوی نے کہا کہ تو بوڑھا خرانٹ ہوکر چارپائی پر موتتا ہے اس نے کہا کہ شیطان خواب میں لے جاتا ہے اور کسی جگہ بٹھلاکر کہتا ہے کہ پیشاب کرلے، سو شیطان ایسا کراتا ہے۔ میاں بیوی مفلس بھی تھے بیوی نے کہا کہ جب شیطان سے تیری دوستی ہے وہ تو جنوں کا بادشاہ ہے اس سے مال کیوں نہیں مانگتا۔ اس نے کہا کہ آج کہوں گا۔ غرض رات کو بدستور شیطان خواب میں آیا، اس نے کہا خالی پھیکے لے جاتے ہو تم کو یہ خبر نہیں کہ ہم غریب ہیں تو کہیں سے مال دلواؤ تم کو تمام خزانوں کی خبر ہے۔ شیطان نے کہا کہ پہلے تم نے کہا کیوں نہیں، چلو میرے ساتھ جس قدر روپیہ کی ضرورت ہے لے لو یہ ساتھ ہولیا، ایک خزانہ پر لے جاکر کھڑا کیا اور وہاں سے ایک بڑا بھاری روپیہ کا توڑا کندھے پر رکھوادیا۔ اس میں وزن تھا، زیادہ بوجھ کی وجہ سے پیشاب تو کیا پاخانہ بھی نکل گیا۔ آنکھ کھلی تو دیکھا کہ نہ خزانہ ہے نہ روپیہ صرف پاخانہ ہے خواب میں خزانہ تھا بیداری میں پاخانہ ہوگیا۔
حضرت تھانوی رحمہ اللہ یہ واقعہ بیان کر کے اس کی تشریح میں یوں فرماتے ہیں:۔
اسی طرح جب اس عالم دنیا سے عالم آخرت کی طرف جائو گے اور وہاں آنکھ کھلے گی تب معلوم ہوگا کہ وہاں جو خزانہ تھا یہاں پاخانہ ہے۔ پھر اس کے ساتھ ہی یہ حالت کہ بیک بینی دوگوش۔ تن تنہا نہ کوئی یار نہ مددگار یہ تو یہاں کے متاع کی حقیقت نظر آئے گی اور جب وہاں کے درجات اور نعمتیں دیکھو گے تو وہی کہو گے جو حدیث شریف میں آیا ہے کہ اگر دنیا میں ہماری کھال قینچیوں سے کاٹی جاتی اور ہم کو یہ درجہ ملتا تو کیا خوب ہوتا۔ مگر اللہ کی رحمت ہے کہ وہ اپنے اکثر بندوں کو دونوں جگہ راحت دیتے ہیں۔ اگر کسی کو تکلیف بھی ہوتی ہے تو وہ محض جسمانی تکلیف ہوتی ہے اور ان کی یاد کرنے والوں کو اس میں روحانی پریشانی نہیں ہوتی۔ (الافاضات الیومیہ ص۱۳)
اگرآپ کو یہ واقعہ پسند آیا ہے تو اسکو شئیر ضرور کریں اور اس طرح کے دیگر اسلامی واقعات اور اولیاء اللہ کے حالات و تذکرے آپ ہمارے ویب سائٹ
https://readngrow.online
پر بالکل مفت میں پڑھ سکتے ہیں ۔
تمام اسلامی مواد اور دیگر کیٹگریز کو دیکھنے کے لئے یہ لنک وزٹ کریں
https://readngrow.online/readngrow-categories/
نیز ہم اس ویب سائٹ کی مفید چیزوں کو اس واٹس ایپ چینل پر بھی شئیر کرتے رہتے ہیں ۔
https://whatsapp.com/channel/0029VaviXiKHFxP7rGt5kU1H
یہ چینل فالو کرلیں ۔

