خواب دیکھنے والا کیا کرے ؟ (ملفوظات شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی مدظلہ العالی)۔
حضرت ابو قتادہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ اچھا خواب اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہوتا ہےاور برا خواب شیطان کی طرف سے ہوتا ہے۔ لہٰذا جو شخص خواب میں کوئی ایسی چیز دیکھے جو نا گوار ہوتو بائیں جانب تین مرتبہ تھتکاردے، اور’’ اعوذ بالّٰله من الشيطان الرجیم ‘‘پڑھ لے۔جس کروٹ پر خواب دیکھا تھا، اس کی جگہ دوسری کروٹ بدل لے ، پھر یہ خواب ان شاء اللہ اس کو کوئی نقصان نہیں پہنچائے گا ،مثلاً بعض اوقات انسان کچھ ڈراؤنے خواب دیکھ لیتا ہے ، یاکوئی برا واقعہ دیکھ لیتا ہے تو ایسے موقع کے لئے حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے تلقین فرما دی کہ جیسے ہی آنکھ کھلے فورا ًیہ عمل کرے، اور اگر کوئی اچھا خواب دیکھے مثلاً اپنے بارے میں کوئی دینی یا دنیوی ترقی دیکھی تو اس صورت میں اپنے جاننے والے اور اپنے محبت کرنے والوں کے سامنے اس خواب کا تذکرہ کرے ، دوسروں کو نہ بتائے کیونکہ بعض اوقات ایک آدمی وہ خواب سن کر اس کی الٹی سیدھی تعبیر بیان کر دیتا ہے، جس کی وجہ سے اس اچھے خواب کی تعبیر اس کے مطابق ہو جاتی ہے ، اس لئے اپنے محبت کرنےوالوں کو وہ خواب بتائے، اور اس پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرے۔ (صحیح بخاری، کتاب التعبير، باب الرؤيا الصالحة، حدیث نمبر ۶۹۸۶)۔
۔(خواب کی حیثیت، اصلاحی خطبات، جلد پنجم، صفحہ ۱۰۱)۔
یہ ملفوظات حضرت ڈاکٹر فیصل صاحب نے انتخاب فرمائے ہیں ۔
شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب کے ملفوظات اور تعلیمات پڑھنے کے لئے یہ لنک وزٹ کریں:۔
https://readngrow.online/category/mufti-taqi-usmani-words/

