حکمت کے ساتھ اصلاح کا عجیب واقعہ
حضرت مولانا رشید احمد گنگوہی رحمۃ اللہ علیہ نوجوانی کے زمانے میں ایک مرتبہ کسی شادی کے سلسلے میں تھانہ بھون تشریف لے گئے تو خیال ہوا کہ حضرت حاجی امداد اللہ مہاجر مکی صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی زیارت بھی کرلوں۔
وہاں حاضر ہوئے تو حضرت حاجی صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے آپ سے پوچھا کہ آپ کسی سے بیعت بھی ہوئے یا نہیں؟ آپ نے کہا: نہیں۔ حضرت حاجی صاحب ؒ نے فرمایا کہ پھر مجھ سے بیعت ہوجاؤ۔ حضرت گنگوہی رحمۃ اللہ علیہ نے کہا کہ میں اس شرط پر بیعت ہوں گا کہ آپ مجھے ذکر وشغل کا حکم نہیں فرمائیںگے۔ حاجی صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا کہ میں نے تو بیعت ہونے کو کہا ہے، شغل کا تو میں نے کہا ہی نہیں اور وعدہ بھی فرمایا کہ آئندہ بھی نہیں کہوں گا۔
حضرت حاجی صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے بیعت فرمایا اور یہ بھی فرمایا کہ دو تین دن یہاں ٹھہر جاؤ۔ آپ وہاں تھانہ بھون میں تین دن ٹھہرے ۔ رات کے وقت ڈھائی، تین بجے دیکھا کہ سب لوگ اٹھ کر تہجد ادا کررہے ہیں۔ حضرت گنگوہی رحمۃ اللہ علیہ کو شرم آئی، انہوں نے بھی اٹھ کر تہجد پڑھی۔ پھر جب لوگوں کو ذکر وشغل میں دیکھا تو خود بھی مشغول ہوگئے۔ دوسرے دن بھی یہی حالت ہوئی۔ تیسرے دن خود بخود خوشی سے تہجد پڑھی، اور ذکر وشغل میں مشغول ہوگئے۔
تیسرے دن حضرت کے پاس گئے اور کہنے لگے کہ حضرت آپ نے سب کچھ ہی کرا دیا۔ حضرت حاجی صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا کہ میں نے تھوڑا ہی کہا تھا۔ میں نے وعدہ خلافی نہیں کی۔ اب آپ جاسکتے ہیں۔حضرت گنگوہی رحمۃ اللہ علیہ نے عرض کیا، اب تو میں نہیں جاتا۔
چالیس دن وہاں ٹھہرے اور اس تھوڑے سے عرصے کے بعد خلافت لے کر واپس ہوئے۔
بس پہلے یہ عبادت ریا تھی، پھر عادت ہوئی، پھر عبادت ہوگئی، اور ساتھ ہی خلافت بھی مل گئی۔ (از خطبات حکیم الاسلام )
اگرآپ کو یہ واقعہ پسند آیا ہے تو اسکو شئیر ضرور کریں اور اس طرح کے دیگر اسلامی واقعات اور اولیاء اللہ کے حالات و تذکرے آپ ہمارے ویب سائٹ
https://readngrow.online
پر بالکل مفت میں پڑھ سکتے ہیں ۔
تمام اسلامی مواد اور دیگر کیٹگریز کو دیکھنے کے لئے یہ لنک وزٹ کریں
https://readngrow.online/readngrow-categories/
نیز ہم اس ویب سائٹ کی مفید چیزوں کو اس واٹس ایپ چینل پر بھی شئیر کرتے رہتے ہیں ۔
https://whatsapp.com/channel/0029VaviXiKHFxP7rGt5kU1H
یہ چینل فالو کرلیں ۔

