حقیقی کتابوں کا لمس اور خوشبو ….زندہ رکھیں (171)۔
آج کے دور میں پی ڈی ایف کتابوں کا رجحان جس تیزی سے بڑھتا جا رہا ہے، وہ حقیقتاً ایک قابلِ غور موضوع ہے۔ لوگ آسانی اور مفت دستیابی کی وجہ سے آن لائن کتابوں کی طرف مائل ہو رہے ہیں، اور اصل کتب کی اہمیت پسِ پشت جا رہی ہے۔
حالانکہ انٹرنیٹ کی دنیا ایک مصنوعی دنیا ہے، جو ظاہری طور پر معلوماتتو فراہم کرتی ہے، مگر یہ اصل کتاب کامتبادل نہیں۔ اصل کتابوں کا لمس، ان کی خوشبو، اور صفحہ پلٹنے کا لطف ایسی نعمتیں ہیں جنہیں کوئی ڈیجیٹل فائل پورا نہیں کر سکتی۔
ہمیں ہمیشہ یہ بات ذہن نشین رکھنی چاہیے کہ حقیقی دنیا، کتابوں اور علم کے حصول کی وہ دنیا ہے جس میں کتابوں کی خریداری، ان کی حفاظت اور مطالعہ کا شوق ہمیں سیراب کرتا ہے۔ پی ڈی ایف سے فائدہ اٹھانا کسی صورت غلط نہیں، مگر یہ تب ہی ہونا چاہیے جب اصل کتاب دستیاب نہ ہو۔ یہ حقیقی کتابوں کے ساتھ سچا تعلق قائم رکھنے کا ایک اہم پہلو ہے۔
میری ویب سائٹ، کتاب فروش، کا نام میں نے بہت سوچ سمجھ کر رکھا تھا تاکہ لوگوں کو یہ بات واضح ہو جائے کہ یہاں کتابیں فروخت کی جاتی ہیں، تقسیم نہیں کی جاتیں۔
اگرچہ کئی دوسرے دلچسپ نام بھی زیرِ غور تھے، جیسے “کتابوں کا عاشق”، “کتابوں کا خادم” یا “کتابوں کا بینک”، مگر ان ناموں کے ذریعے یہ تاثر پیدا ہو سکتا تھا کہ یہاں مفت کتابیں بانٹی جاتی ہیں۔ چنانچہ میں نے ایک سیدھا اور واضح نام، کتاب فروش، منتخب کیا تاکہ کسی قسم کا شبہ نہ رہے۔اس کے باوجود، ویب سائٹ پر آنے والے ستر فیصد لوگ مفت پی ڈی ایف کتابیں ڈاؤن لوڈ کرنے کی نیت سے آتے ہیں اور اکثر واٹس ایپ پر میسجز کے ذریعے پی ڈی ایف کی فراہمی کا اصرار کرتے ہیں۔
جب ان کو انکار کیا جاتا ہے، تو بعض اوقات ہمیں سخت الفاظ بھی سننے کو ملتے ہیں، جیسے کہ “آپ لوگ علم کو چھپا رہے ہیں” یا “آپ علم بانٹنے میں کنجوسی کر رہے ہیں”۔میری نظر میں یہ روش نہایت غیر منصفانہ ہے۔دوستو! علم اور کتابوں کی عزت کریں۔
کتابوں کی قدر کرنے کا طریقہ یہی ہے کہ ان لوگوں کی قدر کی جائے جو علم کو پھیلانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، جیسے ناشرین اور کتب فروش۔ ان کی خدمات کو تسلیم کریں اور ان کا احترام کریں۔
الحمدللہ! آج بھی ایسے لوگ موجود ہیں جو کتابیں خریدتے ہیں اور رعایت کا مطالبہ کیے بغیر کہتے ہیں کہ آپ نے ایک عظیم فریضہ سرانجام دیا ہے، ہم اس علم کو حاصل کرنے کے لیے مکمل قیمت ادا کرنے کو تیار ہیں۔ بلکہ بعض افراد پی ڈی ایف کتاب پڑھنے کے بعد ہم سے اصل کتاب کا مطالبہ کرتے ہیں، اور نایاب کتابوں کو دوبارہ شائع کرنے کا کہتے ہیں، کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ حقیقی کتاب کی کوئی قیمت نہیں۔آئیے، ہم سب مل کر کتابوں کی اہمیت کو دوبارہ زندہ کریں اور ان کی عزت و احترام کو فروغ دیں۔
نوٹ : یہ ’’آج کی بات‘‘ ایک بہت ہی مفید سلسلہ ہے جس میں حذیفہ محمد اسحاق کی طرف سے مشاھدات،خیالات اور تجربات پر مبنی ایک تحریر ہوتی ہے ۔ یہ تحریر ہماری ویب سائٹ
Visit https://readngrow.online/ for FREE Knowledge and Islamic spiritual development.
پر مستقل شائع ہوتی ہے ۔ ہر تحریر کے عنوان کے آگے ایک نمبر نمایاں ہوتا ہے ۔ جس اسکی قسط کو ظاہر کرتا ہے کہ یہ کون سی قسط ہے ۔ پچھلی قسطیں بھی ہماری ویب سائٹ پر دستیاب ہیں ۔ اگر کوئی پیغام یا نصیحت یا تحریر آپکو پسند آتی ہے تو شئیر ضرور کریں ۔ شکریہ ۔
مزید اپڈیٹس کے لئے ہمارے واٹس ایپ چینل کو ضرور فالو کریں
https://whatsapp.com/channel/0029Vb0Aaif4o7qSPFms4g1M

