حضرت لقمان علیہ السلام کی چھ نصیحتیں
حضرت لقمان علیہ السلام نے وفات کے قریب صاحبزادے سے فرمایا: بیٹا اب تک بہت نصیحتیں تم کو کر چکا ہوں اس وقت چھ نصیحتیں کرتا ہوں جن کے اندر سارے علوم پوشیدہ ہیں۔
1۔ دنیا کے اندر صرف اتنا مشغول ہونا جتنی تمہاری عمر باقی ہے۔ (یہ کوئی بھی نہیں جانتا کہ میری کتنی عمر باقی ہے ہو سکتا ہے اگلے ہی منٹ موت آ جائے‘ جس کا یہ تصور ہوگا وہ دنیا میں کیوں کر مشغول ہوگا)۔
2۔ اللہ کی عبادت اپنی ان ضروریات کے مطابق کرنا جو اللہ سے وابستہ ہیں (وجود‘ موت پھر دوسری زندگی) اس کے بعد حساب کتاب اور داخلہ جنت اور وہاں ہمیشہ کی زندگی کی ساری ضروریات اللہ ہی سے وابستہ ہیں۔ مطلب یہ کہ بندہ کو ہمہ وقت اللہ کی عبادت میں مشغول رہنا چاہئے۔ ’’اللہ کی مرضی کے مطابق دنیا کے ضروری مشاغل بھی عبادت ہی میں شامل ہیں‘‘۔
3۔ عمل اس مقام کے مطابق کرنا جو آخرت میں تم اپنا چاہتے ہو۔ (کون نہیں چاہتا کہ آخرت میں اسے بڑے سے بڑا مقام ملے لہٰذا اس کے لیے جدوجہد اور محنت بھی زیادہ سے زیادہ ہی ہونی چاہئے)۔
4۔ جب تک نجات نہ ہو جائے جہنم کی آگ سے بچنے کی کوشش کرتے رہنا (یہ تو موت کے بعد ہی معلوم ہو سکے گا کہ نجات ہوتی ہے یا نہیں مطلب یہ کہ دنیا میں زندگی بھر وہ اعمال کرتے رہنا چاہئے جن کی بنیاد پر بفضل خدا نجات کی توقع موقوف ہے۔
5۔ گناہوں پر جرأت اس صبر کے مطابق ہو جو تم اللہ کے عذاب پر کر سکو۔ (اللہ کے عذاب پر ایک سیکنڈ بھی صبر کرنا دشوار ہے اس لیے کسی کو ذرا دیر کے لیے بھی معمولی سے معمولی گناہ پر جرات نہیں کرنا چاہئے)۔
6۔ کسی گناہ کا ارادہ کرنے سے پہلے ایسی جگہ تلاش کر لو جہاں اللہ اور اس کے فرشتے موجود نہ ہوں۔ (جس وقت اور جس جگہ بھی گناہ کی طرف میلان ہو یہ تصور کرو کہ اللہ دیکھ رہا ہے کیونکہ اس سے کوئی جگہ اور کوئی چیز پوشیدہ نہیں‘ یہ تصور ہی ان شاء اللہ ہر گناہ کو چھوڑنے کا ذریعہ بن جائے گا)۔(تنبیہ الغافلین ص ۳۹۴)
اگرآپ کو یہ واقعہ پسند آیا ہے تو اسکو شئیر ضرور کریں اور اس طرح کے دیگر اسلامی واقعات اور اولیاء اللہ کے حالات و تذکرے آپ ہمارے ویب سائٹ
https://readngrow.online
پر بالکل مفت میں پڑھ سکتے ہیں ۔
تمام اسلامی مواد اور دیگر کیٹگریز کو دیکھنے کے لئے یہ لنک وزٹ کریں
https://readngrow.online/readngrow-categories/
نیز ہم اس ویب سائٹ کی مفید چیزوں کو اس واٹس ایپ چینل پر بھی شئیر کرتے رہتے ہیں ۔
https://whatsapp.com/channel/0029VaviXiKHFxP7rGt5kU1H
یہ چینل فالو کرلیں ۔

