حضرت زید رضی اللہ عنہ کا بچپن میں حفظ قرآن
حضرت زید بن ثابت رضی اللہ عنہ ان جلیل القدر صحابہ میں ہیں جو اپنے زمانہ میں بڑے عالم اور بڑے مفتی شمار ہوتے تھے۔ بالخصوص فرائض (یعنی علم میراث )کے ماہر تھے۔ کہا جاتا ہے کہ مدینہ منورہ میں فتویٰ، قضاء ،قراء ت میں ان کا شمار چوٹی کے لوگوں میں تھا جب حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم ہجرت فرما کر مدینہ منورہ تشریف لائے تو اس وقت کم عمر بچے تھے۔ گیارہ برس کی عمر تھی اسی وجہ سے باوجود خواہش کے ابتدائی لڑائیوں یعنی بدر وغیرہ میں شرکت کی اجازت نہیں ہوئی۔ ہجرت سے پانچ برس پہلے چھ سال کی عمر میں یتیم بھی ہو گئے تھے حضور صلی اللہ علیہ وسلم جب ہجرت کے بعد مدینہ منورہ پہنچے تو جیسے اور لوگ حاضر خدمت ہو رہے تھے اور حصول برکت کے واسطے بچوں کو بھی ساتھ لا رہے تھے۔ زید رضی اللہ عنہ بھی خدمت میں حاضر کیے گئے۔ زید رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں جب پیش کیا گیا تو عرض کیا گیا ۔ یہ قبیلہ نجا ر کا ایک لڑکا ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تشریف آوری سے قبل ہی اس نے سترہ سورتیں قرآن پاک کی حفظ کر لیں ۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے امتحان کے طورپر مجھے پڑھنے کو ارشاد فرمایا۔ میں نے سورئہ قٓ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو سنائی۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو میرا پڑھنا پسند آیا ۔ حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کو جو خطوط یہود کے پاس بھیجنا ہوتے تھے وہ یہود ہی لکھتے تھے۔ ایک مرتبہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ یہود کی جو خط و کتابت ہوتی ہے اس پر مجھے اطمینان نہیں کہ گڑبڑ نہ کر دیتے ہوں۔ تو یہود کی زبان سیکھ لے۔ زید کہتے ہیں کہ میں پندرہ دن میں ان کی زبان عبرانی میں کامل ہو گیا تھا۔ اس کے بعد سے جو تحریر ان کو جاتی وہ میں ہی لکھتا اور جو تحریر یہود کے پاس سے آتی وہ میں ہی پڑھتا۔ ایک دوسری حدیث میںآیا ہے کہ حضوراقدس صلی اﷲ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا۔ کہ مجھے بعض لوگوںکو سریانی زبان میں خطوط لکھنا پڑتے ہیں اس لیے مجھ کو سریانی زبان سیکھنے کے لیے ارشاد فرمایا۔ میں نے سترہ دن میں سریانی زبان سیکھ لی۔ (فتح الباری ، اصابہ)
اگرآپ کو یہ واقعہ پسند آیا ہے تو اسکو شئیر ضرور کریں اور اس طرح کے دیگر اسلامی واقعات اور اولیاء اللہ کے حالات و تذکرے آپ ہمارے ویب سائٹ
https://readngrow.online
پر بالکل مفت میں پڑھ سکتے ہیں ۔
تمام اسلامی مواد اور دیگر کیٹگریز کو دیکھنے کے لئے یہ لنک وزٹ کریں
https://readngrow.online/readngrow-categories/
نیز ہم اس ویب سائٹ کی مفید چیزوں کو اس واٹس ایپ چینل پر بھی شئیر کرتے رہتے ہیں ۔
https://whatsapp.com/channel/0029VaviXiKHFxP7rGt5kU1H
یہ چینل فالو کرلیں ۔

