حضرت حاجی صاحب کا اتباع سنت میں پتھر باندھنا
حضرت حاجی صاحب کا اتباع سنت میں پتھر باندھنا
حضرت حاجی امداد اللہ مہاجر مکی رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ مجھ پر کئی فاقے گزرے کوئی ذریعہ نہیں تھا ایک دوست متمول تھے ان سے میں نے کہا مجھے پانچ روپے قرض دے دیجئے انہوں نے انکار کر دیا۔
ع دیکھتا تھا میں‘ کہ تمہی نے اشارہ کر دیا
اس پر میں نے اﷲ کی رضا پر راضی ہوتے ہوئے صبر کیا‘ میں نے سوچا اﷲ تعالیٰ کو یونہی منظور ہے‘ آخرکار جب بھوک نے بہت ستایا تو میں نے ۲ پتھر اٹھائے پیٹ پر باندھ لئے‘ فرماتے ہیں کہ پتھر کا پیٹ پر باندھنا تھا کہ آنکھیں روشن ہو گئیں دل روشن ہوگیا۔ایسے معلوم ہوا کہ جیسے دل پر سکینہ نازل ہو رہی ہے‘ یہ سب اتباع سنت کی وجہ سے تھا اس حالت میں مجھے بشارت ہوئی میں نے دیکھا کہ دو نوجوان حسین و جمیل ایک ہاتھ دوسرے ہاتھ میں لئے ہوئے میری طرف سامنے سے مسکراتے ہوئے چلے گئے‘ حضرت کے خادموں نے کسی وقت پوچھا حضرت آپ نے کیا دیکھا ہے؟ فرمایا دونوں حضرت جبرائیل اور حضرت میکائیل تھے ان کی زیارت سے مجھے یہ بتلایا گیا کہ اﷲ تعالیٰ مجھے الہامی مضامین القاء کریں گے‘ کیونکہ حضرت جبرائیل تمام انبیاء پر وحی لاتے تھے۔ حضرت میکائیل کی زیارت سے معلوم ہوا کہ مجھ پرفاقہ نہیں آئے گا‘ حضرت حاجی صاحب فرماتے ہیں کہ اس بشارت کے بعد مجھ پر کبھی فاقہ نہیں آیا نیز فرمایا کہ میں اﷲ پر بھروسہ کرتے ہوئے کہتا ہوں کہ مجھ سے تعلق رکھنے والے اور میرے سلسلے میں داخل ہونے والوں کے رزق میں برکت ہو گی اور فاقہ کبھی نہیں آئے گا۔ نیز میرے سلسلے کے لوگوں کو اﷲ تبارک و تعالیٰ علوم عطا فرمائیں گے اور تیسری بات یہ ہے کہ ا ن شاء اﷲ سب کا خاتمہ ایمان پر ہو گا۔ الحمدللہ اب تک تو یہی دیکھا ہے ایسا ہی ہو رہا ہے۔ خدا کرے ہمارے اور آپ سب کا معاملہ بھی ایسا ہی ہو‘ اﷲ تعالیٰ نے ہمیں اس سلسلے سے جوڑ کر یہ دولت بے بہا عطا فرمائی اس لحاظ سے ہم بڑے خوش نصیب ہیں اپنے مقدر پر ہمیں ناز کرنا چاہئے یہ سب کچھ مقبول بندوں سے وابستگی کی وجہ سے ہے۔ باقی ہم میں صلاحیتیں وغیرہ کچھ نہیں۔ (خطبات عارفی)
سنت والی زندگی اپنانے کے لئے ہماری ویب سائٹ
https://readngrow.online
پر مطلوبہ کیٹگری میں دیکھئے ۔ اور مختلف اسلامی مواد سے باخبر رہنے کے لئے ویب سائٹ کا آفیشل واٹس ایپ چینل بھی فالو کریں ۔ جس کا لنک یہ ہے :۔
https://whatsapp.com/channel/0029Vb0Aaif4o7qSPFms4g1M
