حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کی کمال احتیاط
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ میرے باپ حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ نے پانچ سو(۵۰۰) احادیث کا ایک ذخیرہ جمع کیا تھا۔۔۔ ایک رات میں نے دیکھا کہ وہ نہایت بے چین ہیں۔۔۔ کروٹیں بدل رہے ہیں۔۔۔ مجھے یہ حالت دیکھ کر بے چینی ہوئی۔۔۔ دریافت کیا کہ کوئی تکلیف یا کوئی فکر کی بات سننے میں آئی ہے۔۔۔ غرض تمام رات اسی بے چینی میں گذری اور صبح کو فرمایا کہ وہ احادیث جو میں نے تیرے پاس رکھوا رکھی ہیں۔۔۔ اُٹھالا۔۔۔ میں لے کر آئی۔۔۔ آپ نے ان کو جلا دیا۔۔۔ میں نے پوچھا کہ کیوں جلا دیا۔۔۔ ارشاد فرمایا کہ مجھے اندیشہ ہوا کہیں ایسا نہ ہو کہ میں مر جائوں اور یہ میرے پاس ہوں ان میں دوسروں کی سنی ہوئی روایتیں بھی ہیں کہ میں نے معتبر سمجھا ہو اور واقع میں وہ معتبر نہ ہوں اور اس کی روایت میں کوئی گڑبڑ ہو جس کا وبال مجھ پر ہو (تذکرۃ الحفاظ)
فائدہ: حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کا یہ علمی کمال اور شغف تھا کہ انہوں نے پانچ سو (۵۰۰) احادیث کا ایک رسالہ جمع کیا اور اس کے بعد اس کو جلا دینا یہ کمال احتیاط تھا۔۔۔ اکابر صحابہ رضی اللہ عنہم کا حدیث کے بارے میں احتیاط کا یہی حال تھا۔۔۔ اسی وجہ سے اکثر صحابہ رضی اللہ عنہم سے بہت کم روایتیں نقل کی جاتی ہیں۔۔۔ ہم لوگوں کو اس واقعہ سے سبق لینے کی ضرورت ہے جو ممبروں پر بیٹھ کر بے دھڑک احادیث نقل کر دیتے ہیں حالانکہ حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ ہر وقت کے حاضررہنے والے ۔۔۔ سفر حضر کے ساتھی۔۔۔ ہجرت کے رفیق۔۔۔ صحابہ رضی اللہ عنہم کہتے ہیں کہ ہم میں بڑے عالم حضرت ابو بکر رضی اللہ عنہ تھے حضرت عمر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ حضور کے وصال کے بعد جب بیعت کا قصہ پیش آیا اور حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ نے تقریر فرمائی تو کوئی آیت اور کوئی حدیث ایسی نہیں چھوڑی جس میں انصار کی فضیلت آئی ہو اور حضرت ابو بکر رضی اللہ عنہ نے اپنی تقریر میں نہ فرمادی ہو۔۔۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ قرآن پاک پر کتنا عبور تھا اور احادیث کس قدر یاد تھیں۔۔۔ مگر پھر بھی بہت کم روایتیں حدیث کی آپ سے منقول ہیں۔۔۔ یہی راز ہے کہ حضرت امام اعظم رحمۃ اللہ علیہ سے بھی حدیث کی روایتیں بہت کم نقل کی گئی ہیں۔۔۔ (فضائل اعمال)
اگرآپ کو یہ واقعہ پسند آیا ہے تو اسکو شئیر ضرور کریں اور اس طرح کے دیگر اسلامی واقعات اور اولیاء اللہ کے حالات و تذکرے آپ ہمارے ویب سائٹ
https://readngrow.online
پر بالکل مفت میں پڑھ سکتے ہیں ۔
تمام اسلامی مواد اور دیگر کیٹگریز کو دیکھنے کے لئے یہ لنک وزٹ کریں
https://readngrow.online/readngrow-categories/
نیز ہم اس ویب سائٹ کی مفید چیزوں کو اس واٹس ایپ چینل پر بھی شئیر کرتے رہتے ہیں ۔
https://whatsapp.com/channel/0029VaviXiKHFxP7rGt5kU1H
یہ چینل فالو کرلیں ۔

