حالات کی قلابازیاں
ہمارے ایک دوست نے واقعہ سنایا کہ ایک آدمی انڈیا سے ہجرت کرکے پاکستان آیا۔ اس کے کئی رشتے دار تھے مگر ادھر ادھر بکھر گئے۔ اس کا ماموں بھی آیا تھا۔ و ہ بھی پریشانی کے عالم میں کہیں گم ہو گیا۔ ایک دوسرے کو نہ مل سکے۔ اس آدمی نے محنت کی اللہ نے اس کو خوب مال پیسے والا بنا دیا۔ کئی سال گزر چکے تھے اس نے سوچا میں اپنی کوٹھی بنالوں، اپنی کوٹھی بنانے لگ گیا۔ اسی دوران ایک بوڑھا آدمی اس کے پاس آیا کہنے لگا بیٹا میں قسمت کا مارا ہوں کوئی میرا رشتے دار عزیز نہیں ہے تیرے یہاں چوکیداری کروں گا تو مجھے کچھ کھانے پینے کیلئے دے دینا۔ غریب پروری بھی ہوگی اس نے سوچا چلو ٹھیک ہے دن رات یہیں پڑا رہے گا میرا فائدہ ہے۔ اس نے کہا بوڑھے میاں آپ ادھر بیٹھ جایا کرو۔ میں آپ کو اتنے پیسے دوں گا، وہ بوڑھا آدمی کام کرنے لگ گیا۔ اب وہ بوڑھا آدمی کبھی صحت، کبھی بیماری، کبھی تھکاوٹ، کبھی کچھ، کبھی کچھ، جب اسے کسی کام میں دیر ہو جائے تو نوجوان اس پر برسنے لگ جائے، کوسنے لگ جائے کہ ایسا ہے، تو ویسا ہے۔ وہ بوڑھا آدمی بیچارہ رو پڑے۔ یہ آدمی پھر کسی غلطی پر اس کوڈانٹے تو وہ بوڑھا آدمی پھر رو پڑے۔ ایک دن اس نوجوان نے اتنی گالیاں دیں کہ وہ بوڑھا آدمی کہنے لگا کہ بیٹارزق دینے والا تو اللہ ہے تیرا دل خوش نہیں تو میں کہیں اور چلا جاتا ہوں، قسمت نے مجھے ایسا بنا دیا ورنہ پیچھے سے تو میں اپنے رشتے داروں کے ساتھ آیا تھا معلوم نہیں وہ کہاں چلے گئے۔ جب اس نے یہ بات کی تواس نوجوان نے پوچھا۔ بابا آپ کے رشتے دار تھے؟ بوڑھے نے کہانی سنادی۔ اس کہانی کے سننے کے بعد اس آدمی کو پتہ چلا کہ یہ میرے وہی گمشدہ ماموں ہیں جن کی یاد میں میری امی تڑپتی رہی۔ اب پائوں پکڑ لئے اور کہنے لگا کہ مجھے معاف کردینا ماموں مجھے معاف کردینا… معاف کردینا… مجھ سے غلطی ہوئی۔ مجھ سے کوتاہی ہوئی۔ یہ ساری کوٹھی آپ کی ہے جہاں چاہیں تشریف لے جائیں۔ اس نے کہا ناں ناں بیٹا مجھے اوقات کا پتہ چل گیا نوجوان کو ایک چیز سے واقفیت نہیں تھی برتائو کچھ اور تھا جب اس کا احساس ہو گیا اب برتائو کچھ اور ہے، اب قدموں میں پڑ رہا ہے جسے پہلے ٹھوکریں لگا رہا تھا۔ یہی انسان کا حال ہے کہ جب تک اسے اللہ رب العزت کی معرفت نصیب نہیں ہوتی جانوروں کی سی زندگی گزارتا ہے اور جب کسی اللہ والے کا ہاتھ لگ جاتا ہے اور دل دھل جاتا ہے پھر احساس ہوتا ہے پھر آنکھ کھلتی ہے کہ میں اب تک کیسی زندگی بسر کرتا رہا۔ (ج 1ص217)
اگرآپ کو یہ واقعہ پسند آیا ہے تو اسکو شئیر ضرور کریں اور اس طرح کے دیگر اسلامی واقعات اور اولیاء اللہ کے حالات و تذکرے آپ ہمارے ویب سائٹ
https://readngrow.online
پر بالکل مفت میں پڑھ سکتے ہیں ۔
تمام اسلامی مواد اور دیگر کیٹگریز کو دیکھنے کے لئے یہ لنک وزٹ کریں
https://readngrow.online/readngrow-categories/
نیز ہم اس ویب سائٹ کی مفید چیزوں کو اس واٹس ایپ چینل پر بھی شئیر کرتے رہتے ہیں ۔
https://whatsapp.com/channel/0029VaviXiKHFxP7rGt5kU1H
یہ چینل فالو کرلیں ۔

